ہندوستان ناگپور میں جیت کی ہیٹ ٹرک کے لئے اترے گا

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ناگپور: ہندوستان ناگپور کے ودربھ کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم میں 2017 میں جیت کی ہیٹ ٹرک مکمل کرنے اور سری لنکا کے خلاف تین میچوں کی سیریز میں سبقت حاصل کرنے کے مقصد سے اترے گا۔

ہندوستان نے ناگپور کے اس میدان میں اس سال ٹی 20 میچ او رایک روزہ میچ میں جیت حاصل کی ہے جس کے بعد اب ٹسٹ کا نمبر ہے۔ اس میدان پر ہندوستان کا ٹسٹ میچوں میں شاندار ریکارڈ ہے۔ اس نے یہاں پانچ ٹسٹ کھیلے ہیں جن میں سے تین میں جیت، ایک ڈرا اور ایک میں شکست کا سامنا کیا ہے۔ سری لنکا کی ٹیم پہلی مرتبہ اس میدان میں کوئی ٹسٹ میچ کھیلے گی۔

عالمی نمبر ایک ٹیم انڈیا اس میدان پر نومبر 2008 میں آسٹریلیا کو 172 رن سے، نومبر 2010 میں نیوزی لینڈ کو اننگز اور 198 رن سے اور نومبر 2015 میں جنوبی افریقہ کو 124 رن سے شکست دے چکی ہے۔ سری لنکا کے خلاف میچ بھی نومبر مہینے میں ہورہا ہے جو 24 تاریخ سے شروع ہوگا۔

ہندوستان نے کولکتہ کے ایڈن گارڈن میں پہلے ٹسٹ میں ساڑھے تین دن تک پیچھے رہنے کے بعد شاندار واپسی کی اور سری لنکا کو پانچویں دن کے اختتام تک تقریباً شکست کی دہلیز تک پہنچا دیا تھا۔ پہلا ٹسٹ ڈرا رہا اور ہندوستان جیت سے صرف تین وکٹ دور رہ گیا تھا۔

اس سال 29 جنوری کو ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف اس میدان پر کھیلے گئے ٹی 20 میچ میں پانچ رن سے جیت حاصل کی۔ ہندوستان نے آٹھ وکٹ پر 144 رن بنانے کے بعد انگلینڈ کو چھ وکٹ پر 139 رن پر روک دیا تھا۔

ہندوستان کو ودربھ میدان پر 2017 کی دوسری جیت گزشتہ یکم اکتوبر کو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے میں ملی تھی۔ آسٹریلیا نے نو وکٹ پر 242 رن بنائے تھے جبکہ ہندوستان نے روہت شرما کے 125 رن سے 42.5 اوور میں ہی تین وکٹ پر 243 رن بناکر میچ جیت لیا تھا۔

ٹی 20 اور ون ڈے جیتنے کے بعد اب ٹسٹ کا نمبر ہے ۔ اس میدان پر حالانکہ ہندوستان کی گزشتہ ٹسٹ جیت میں اسپنروں کا اہم کردار رہا تھا لیکن کولکتہ میں تیز پچ ملنے کے بعد اب اس بات کا امکان ہے کہ ناگپور کی پچ پر بھی گیندبازوں کو مدد ملے گی۔

جنوبی افریقہ کے خلاف یہاں 2015 میں ٹسٹ جیت میں مین آف دی میچ آف اسپنر روی چندرن اشون رہے تھے جنہوں نے دوسری اننگز میں 66 رن پر سات وکٹ حاصل کرکے ہندوستان کو جیت دلائی تھی۔ اشون کو پہلے ٹسٹ میں گیندبازی کا زیادہ موقع نہیں مل سکا تھا اور سبھی وکٹ تیزگیندبازوں نے حاصل کیے تھے۔

اپنی خبریں ارسال کرنے کے لیے ہمارے ای میل پتہ contact@qaumiawaz.com کا استعمالکریں۔ ساتھ ہی ہمیں اپنے نیک مشوروں سے بھی نوازیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Nov 2017, 8:52 AM