آج انگلینڈ کے خلاف دوسرے وَنڈے میں سیریز پر قبضہ کرنے کے ارادہ سے اترے گا ہندوستان

انگلینڈ کے خلاف ہندوستان ونڈے سیریز کا پہلا میچ جیت چکا ہے اور وہ تین میچوں کی سیریز کے دوسرے میچ میں جیت حاصل کر کے ٹیسٹ اور ٹی-20 کی طرح ہی سیریز پر قابض ہونا چاہے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پنے: ہندوستانی کرکٹ ٹیم انگلینڈ کے خلاف آج (26 مارچ) یہاں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں جیت حاصل کرنے اور سیریز پر قبضہ کرنے کے ارادے سے اترے گی۔ ہندوستان نے پہلا ون ڈے ٹاپ آرڈر کی عمدہ کارکردگی کی بدولت پانچ وکٹوں سے جیتا تھا۔ ون ڈے سیریز سے پہلے پہلی دو سیریز میں انگلینڈ نے ٹیسٹ میں اور پھر ٹی ٹوئنٹی میں فاتح آغاز کیا تھا لیکن آخر میں مقابلہ ہندوستان کے حق میں رہا۔ ہندوستان نے ٹیسٹ سیریز تین ۔ایک اور ٹی 20 سیریز تین-دو سے اپنے نام کی۔

ہندوستان نے ون ڈے سیریز کا پہلا میچ جیت لیا ہے اور وہ تین میچوں کی سیریز کےدوسرے میچ میں ہی قبضہ کرنا چاہے گا۔ ہندوستان کے کپتان وراٹ کوہلی انگلینڈ کی ٹیم کو دوسرے مقابلے میں کوئی موقع نہیں دینا چاہیں گے حالانکہ ہندوستان کے مڈل آرڈر کے بلے باز شریس ایر بائیں کندھے کی چوٹ کی وجہ سے سیزن کے باقی دو میچوں سے باہر ہوچکے ہیں، لیکن ہندوستان کے پاس بینچ پر کئی ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو ان کی جگہ لے سکتے ہیں۔


ہندوستانی ٹیم فی الحال وکٹ کیپر بلے باز لوکیش راہل کی مکمل حمایت کر رہی ہے۔ پہلے میچ میں راہل نے نصف سنچری بنائی تھی۔ اگرچہ پہلے میچ میں ٹیم انڈیا کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت باہر تھے لیکن ایر کی انجری کے بعد پنت کے الیون میں شامل ہونے کا قوی امکان ہے۔

انگلینڈ کے پاس بھی زخمی کھلاڑیوں کی ایک بڑی فہرست ہے۔ انگلینڈ کے کپتان ایون مورگن اور سیم بلنگ فی الحال زخمی ہیں اور ہوسکتا ہے کہ دوسرے میچ سے وہ باہر رہیں۔ ان کی جگہ لیام لیونگ اسٹون کو الیون میں جگہ مل سکتی ہے۔ اگر انگلینڈ اپنی گیند بازی حملہ میں بہتری لانا چاہتا ہے تو وہ بائیں ہاتھ کے تیزگیند باز ریس ٹاپلے کو ٹیم میں شامل کرسکتا ہے۔


ہندوستان کو اپنے کپتان وراٹ سے سنچری کی امید ہے۔ ون ڈے کرکٹ میں، وراٹ نے اگست 2019 سے اب تک کوئی بین الاقوامی سنچری اسکور نہیں کی۔ وراٹ نے پہلے ون ڈے میں 56 رنز کی شاندار اننگز کھیلی اور ان سے دوسرے میچ میں بھی اسی طرح کی ایک بڑی اننگز کی توقع ہے۔ 32 سالہ وراٹ نے اپنے 252 ون ڈے میچوں میں 43 سنچریاں اسکور کی ہیں اور وہ کرکٹ لیجنڈ سچن تیندولکر کے 49 سنچریوں کے عالمی ریکارڈ سے چھ سنچری دور ہیں۔ وراٹ نے اپنی آخری ون ڈے سنچری 14 اگست 2019 کو پورٹ آف اسپین میں ویسٹ انڈیز کے خلاف ناٹ آوٹ 114 رن بناکر کی تھی، لیکن اس کے بعد سے ان کے بلے سے کوئی سنچری نہیں بنی ہے، حالانکہ اس دوران وہ تین مرتبہ 80 سے زیادہ رن بنا چکے ہیں۔

ہندوستانی ٹیم نے ون ڈے سیریز میں راہل پر مکمل اعتماد ظاہر کیا ہے، جبکہ ٹیسٹ اور ٹی ٹونٹی میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے رشبھ پنت کو باہر بیٹھنا پڑا ہے۔ دوسرے مقابلے میں پنت الیون میں جگہ بنائیں یا نہیں یہ ایک دلچسپ سوال ہوگا۔ ہندوستان کے پاس ایر کی جگہ لینے کے لئے پنت کے علاوہ سوریہ کمار یادو اور شبھمن گل کے طور پر متبادل ہیں۔ دوسرے ون ڈے کے لئے ممکنہ ٹیمیں اس طرح ہیں:۔


ہندوستان: روہت شرما، شیکھر دھون، وراٹ کوہلی (کپتان)، رشبھ پنت، لوکیش راہل (وکٹ کیپر)، ہاردک پانڈیا، کرنال پانڈیا، بھونیشور کمار، شاردل ٹھاکر، یوزویندر چہل اور پرسدھ کرشنا۔

انگلینڈ: جیسن رائے، جانی بیئرسٹو، بین اسٹوکس، ایون مورگن (کپتان)، جوس بٹلر (وکٹ کیپر)، سیم بلنگز، معین علی، سیم کیرن، ٹام کیرن، عادل راشد اور مارک ووڈ / ریز ٹاپلے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔