آسٹریلیا کے خلاف مسلسل چوتھی مرتبہ بارڈر-گواسکر ٹرافی جیتنے کے مقصد کے ساتھ اترے گا ہندوستان

یہ میچ ہندوستانی ٹیم کے لئے اہم ہے اور اس کا مقصد تیسرا ٹیسٹ جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا۔

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @BCCI</p></div>

ٹیم انڈیا / ٹوئٹر / @BCCI

user

یو این آئی

اندور: چار میچوں کی ٹیسٹ سیریز میں دو۔صفر سے آگے چل رہی ٹیم انڈیا آسٹریلیا کے خلاف یکم مارچ سے اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں تیسرا ٹیسٹ میچ جیتنے کے ہدف کے ساتھ ہی مسلسل چوتھی بار بارڈر-گاوسکر ٹرافی پر قبضہ کرنے اترے گی، جبکہ آسٹریلیا یہ میچ جیت کر 19 سال میں ہندوستان کی سرزمین میں دوسری جیت درج کرنا چاہے گا۔

یہ میچ ہندوستانی ٹیم کے لئے اہم ہے اور اس کا مقصد تیسرا ٹیسٹ جیت کر ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں داخلہ حاصل کرنا ہوگا۔ ہندوستان اس مقابلے کے لئے اپنی بہترین ٹیم کے ساتھ اترے گا جبکہ آسٹریلیا کے کپتان پیٹ کمنز خاندانی وجوہات کی وجہ سے آسٹریلیا چلے گئے ہیں۔ ان کی جگہ نائب کپتان اسٹیو اسمتھ ٹیم کی کمان سنبھالیں گے۔ کمنز تیسرا ٹیسٹ نہیں کھیلیں گے۔ ٹیم مینجمنٹ کمنز کی جگہ مچل اسٹارک کو ٹیم میں شامل کر سکتی ہے۔ اسٹارک کا ہندوستان میں گیند بازی کا ریکارڈ کچھ خاص نہیں ہے لیکن انہوں نے یہاں 4 ٹیسٹ میں بلے سے 263 رنز بنائے ہیں، اس دوران بولنگ میں انہیں صرف 7 وکٹیں حاصل ہوئیں۔


ٹیم انڈیا ہمیشہ ہی اپنے گھر پر ٹیسٹ میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتی رہی ہے۔ آسٹریلیا کے خلاف بھی دونوں کے درمیان ہوم گراؤنڈ پر 52 میچ کھیلے گئے۔ ہندوستان نے 23 جیتے اور آسٹریلیا نے 13 جیتے۔ ایک میچ ٹائی اور 15 ڈرا ہوئے۔ اندور میں دونوں کے درمیان کوئی ٹیسٹ میچ نہیں ہوا، لیکن ہندوستان نے یہاں 2 میچ کھیلے اور دونوں میں فتح حاصل کی ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان مجموعی طور پر 104 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں۔ ہندوستان نے 32 اور آسٹریلیا نے 43 میں کامیابی حاصل کی۔ ایک میچ ٹائی اور 28 ڈرا ہوئے ہیں۔ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم کی پچ کو بیٹنگ فرینڈلی تصور کیا جاتی ہے۔ یہاں اب تک 2 ٹیسٹ کھیلے جا چکے ہیں، دونوں میں ہندوستان نے پہلی اننگز میں کافی رنز بنائے۔ ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کے خلاف 557 اور بنگلہ دیش کے خلاف 493 رنز بنائے۔ یہاں وراٹ کوہلی نے نیوزی لینڈ کے خلاف اور میانک اگروال نے بنگلہ دیش کے خلاف ڈبل سنچری بنائی تھی۔


سیریز کے ٹاپ پرفارمرز کی بات کریں تو گیندباز سرفہرست ہیں۔ لیکن، سب سے زیادہ رنز بنانے کے معاملے میں ہندوستان کے کپتان روہت شرما نے شاندار بلے بازی کی۔ انہوں نے سیریز کے 2 میچوں میں سب سے زیادہ 183 رنز بنائے ہیں۔ ان میں ایک سنچری بھی شامل ہے۔ اکشر پٹیل 158 رنز کے ساتھ دوسرے نمبر پر ہیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے مارنس لابوشین نے سب سے زیادہ 119 رنز بنائے۔

پہلے 2 ٹیسٹ میں ہندوستان کے رویندر جڈیجہ اور روی چندرن اشون نے آسٹریلیائی بلے بازوں کو کھل کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ جڈیجہ نے سیریز کے 2 میچوں میں 17 وکٹیں حاصل کیں جبکہ اشون نے 14 وکٹیں حاصل کیں۔ آسٹریلیا کی جانب سے اس سیریز میں ڈیبیو کرنے والے ٹاڈ مرفی 10 وکٹیں لے کر ٹیم کے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز ہیں۔ نیتھن لیون نے 8 وکٹیں حاصل کیں ہیں۔ ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلا جانے والا تیسرا ٹیسٹ ہندوستانی وقت کے مطابق صبح 9.30 بجے شروع ہوگا۔ ٹاس میچ سے آدھا گھنٹہ پہلے یعنی صبح 9.00 بجے ہوگا۔


دونوں ٹیمیں اس طرح ہیں :

ہندوستان: روہت شرما (کپتان)، کے ایل راہل، چیتشور پجارا، وراٹ کوہلی، شریس ائیر، کے ایس بھرت (وکٹ کیپر)، رویندر جڈیجہ، روی چندرن اشون، اکشر پٹیل، محمد شامی اور محمد سراج۔

آسٹریلیا: اسٹیو اسمتھ (کپتان)، ٹریوس ہیڈ، عثمان خواجہ، مارنس لیبوشین، اسٹیو اسمتھ، پیٹر ہینڈزکومب، ایلکس کیری (وکٹ کیپر)، کیمرون گرین، مچل اسٹارک، نیتھن لیون، ٹاڈ مرفی اور میتھیو کوہنیمن۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */