دوسرا ون ڈے: ہندوستان اپنا 950 واں میچ جیتنے کے ارادے سے اترے گا

ہندوستان نے اپنے 949 ون ڈے میں 490 ون ڈے جیتے اور 411 ہارے ہیں جبکہ ویسٹ انڈیز کے خلاف 122 ون ڈے میں ہندوستان کو 57 میں جیت ملی اور 61 میں اسے ہار کا سامنا کرنا پڑا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

وشاکھا پٹنم: کپتان وراٹ کوہلی اور اوپنر روہت شرما کی بہترین سنچریوں کی بدولت پہلا ون ڈے آٹھ وکٹ سے جیتنے والی ٹیم انڈیا بدھ کے روز ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں ہونے والے دوسرے ون ڈے میں جیت کا سلسلہ برقرار رکھتے ہوئے 2۔0 کی برتری بنانے کے ارادے سے میدان میں اترے گی۔ یہ ہندوستان کا 950 واں ون ڈے ہوگا اور وہ اسے یادگار بنانا چاہے گا۔

ہندوستان اور ویسٹ انڈیز کے درمیان ون ڈے سریز کا دوسرا مقابلہ وشاکھا پٹنم کے وائی ایس راج شیکھر ریڈی اسٹیڈیم میں بدھ کے روز 24 اکتوبر کو کھیلا جائے گا۔ مقابلہ ہندوستانی وقت کے مطابق دوپہر 1.30 بجے شروع ہوگا۔

ہندوستان نے ویسٹ انڈیز سے پہلے دونوں ٹسٹ تین دنوں کے دوران جیت لئے تھے اور پہلے ون ڈے میں ونڈیز کے 322 رن کے اسکور کے باوجود 42.1 اوور میں ہی جیت حاصل کرلی تھی۔ ہندوستان کے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں نے مقابلے کو اس طرح نمٹا دیا تھا کہ مڈل آرڈر کو آزمانے کی ضرورت ہی نہیں پڑی۔

ویسٹ انڈیز کو اگر پانچ میچوں کی سیریز، مقابلہ کے لحاظ سے دلچسپ بنانی ہے تو اسے ہندوستان کے دو بہترین بلے بازو وراٹ اور روہت کو روکنے کے لئے اپنے ترکش کے تیروں کی صلاحیت میں اضافہ کرنا ہوگا۔ وراٹ نے پہلے مقابلے میں 140 اور روہت نے ناٹ آؤٹ 152 رن بناکر ویسٹ انڈیز کی کمر توڑ دی تھی۔

کپتان وراٹ 950 ویں ون ڈے میچ کو بہترین جیت کے ساتھ یادگار بنانا چاہیں گے۔ یک روزہ رینکنگ میں دنیا کی دوسرے نمبر کی ٹیم ہندوستان 950 ون ڈے کھیلنے والی پہلی ٹیم بن جائے گی۔ یک روزہ کرکٹ میں اب تک کسی بھی ملک نے 950 ون ڈے نہیں کھیلے ہیں۔ ہندوستان یہ کامیابی حاصل کرنے والا پہلا ملک بنے گا۔

ہندوستان نے اپنے 949 ون ڈے میں 490 ون ڈے جیتے، 411 ہارے، 8 ٹائی رہے اور 40 میں کوئی نتیجہ برآمد نہیں ہوا ہے۔ ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کے خلاف 122 ون ڈے میں 57 جیتے ، 61 ہارے ، ایک ٹائی رہا اور تین میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

پہلا ون ڈے آسانی سے جیتنے کے بعد یہ دیکھنا دلچسپ ہوگا کہ کپتان وراٹ آخری گیارہ میں کوئی تبدیلی کرتے ہیں یا نہیں۔ گزشتہ میچ میں چائنا مین گیند باز کلدیپ یادو کو بینچ پر رکھا گیا تھا اور ہندوستانی گیند بازی نے 50 اوور میں 322 رن دیئے تھے۔ ہندوستان کے آسانی سے میچ جیت جانے کے سبب گیند بازوں کی کارکردگی پر کوئی بحث نہیں ہوئی تھی ورنہ الٹ پھیر کی حالت میں کلدیپ کو باہر رکھنے کے فیصلے پر ہی بحث چھڑ جاتی۔

ویسے وراٹ نے اپنے گیندبازوں کا دفاع کرتے ہوئے کہا تھا کہ گواہاٹی کی پچ پر گیند بازوں سے زیادہ امید نہیں کی جاسکتی۔ ویسٹ انڈیز کے کپتان جیسن ہولڈر اپنے بلے بازوں کی کارکردگی سے مطمئن نظر آئے تھے لیکن ان کا ماننا ہے کہ ان کے گیند بازوں کو مڈل اووروں میں بہتر کارکردگی کا مظاہرہ کرنا ہوگا۔

شمرون ہیٹمائر کی پہلے ون ڈے میں دھماکہ خیز سنچری ویسٹ انڈیز کے لئے امید افزا ہے جس سے وہ دوسرے ون ڈے میں واپسی کرسکتے ہیں لیکن کریبیائی گیند بازوں کو ہندوستان کے ٹاپ آرڈر کے بلے بازوں پر شروع سے ہی دباؤ بنانا ہوگا تبھی وہ سیریز دلچسپ بنا پائیں گے۔

وشاکھا پٹنم کے اس میدان پر ہندوستان نے آٹھ میچ کھیلے ہیں جن میں سے اس نے چھ جیتے، ایک میں شکست اور ایک منسوخ رہا ہے۔ ہندوستان کو اس میدان پر جو واحد شکست ملی ہے وہ ویسٹ انڈیز کے ہاتھوں حاصل ہوئی ہے۔ ویسٹ انڈیز نے 24 نومبر 2013 کو یہاں کھیلا جانے والا میچ دو وکٹ سے جیتا تھا۔ ہندوستان نے کریبیائی ٹیم کو دو دسمبر 2011 کو پانچ وکٹ سے ہرایا تھا جبکہ 14 اکتوبر 2014 کا میچ منسوخ رہا تھا۔

ہندوستان نے 2016 اور 2017 میں نیوزی لینڈ اور سری لنکا سے اس میدان پر گزشتہ دو میچ بڑی آسانی سے 190 رن اور آٹھ وکٹ سے جیتے تھے۔ امید ہے کہ جیت کا یہ سلسلہ اس میچ میں بھی جاری رہے گا اور ہندوستان 2۔0 سے برتری بنالے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 23 Oct 2018, 4:09 PM
/* */