حیدرآباد ٹسٹ: پرتھوی، پنت اور رہانے کی نصف سنچریوں سے ہندستان کی گرفت مضبوط

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

حیدرآباد: ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن ہفتہ کو ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز 311 پر سمیٹنے کے بعد اپنے تین بلے بازوں پرتھوی شا، رشبھ پنت اور اجنکیا رہانے کی نصف سنچریوں کی بدولت دن کے کھیل کے اختتام تک چھ وکٹ محفوظ رکھتے ہوئے 308 رن بنا لئے۔ وہ اب مہمان ٹیم سے صرف 3 رنز ہی پیچھے ہیں۔

فاسٹ بولر امیش یادو کی ٹیسٹ اننگز میں بہترین کارکردگی (88 رن پر 6 وکٹ) کی بدولت ہندوستان نے صبح کے سیشن میں ویسٹ انڈیز کی پہلی اننگز کو 101.4 اوور میں 311 پر سمیٹ دیا۔ ہندستانی ٹیم نے پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک پھر 81 اوور میں چار وکٹوں کے نقصان پر 308 رن بنا لئے۔ ہندستان کے ابھی 6 وکٹ محفوظ ہیں اور وہ ویسٹ انڈیز کے اسکور سے صرف 3 رنز ہی پیچھے ہیں، اب اس کی کوشش تیسرے دن مضبوط برتری حاصل کرنے کی رہے گی۔

ہندستان کی پہلی اننگز میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اجنکیا رہانے 75 رنز اور نوجوان وکٹ کیپر اور بلے باز رشبھ 85 رنز بنا کر کریز پر ڈٹے ہوئے ہیں۔ اس سے پہلے راجکوٹ ٹیسٹ میں ڈیبو کرنے والے پرتھوی نے 70 رنز اور وراٹ کوہلی نے 45 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ اگرچہ خراب فارم سے برسرپیکار اوپنر لوکیش راہل اس بار بھی سستے میں آؤٹ ہوئے اور صرف 4 رن بنا سکے جبکہ مڈل آرڈر میں ماہر بلے باز چتیشور پجارا نے محض 10 رنز ہی بنائے۔

ویسٹ انڈیز کے لیے شینن گیبرل نے 73 رن پر ایک وکٹ، جیسن ہولڈر نے 45 رن پر دو وکٹ اور جومیل واركن نے 76 رن پر ہندستان کی ایک وکٹ نکالی۔ راجکوٹ میں پہلے ٹیسٹ میں اننگز اور 272 رنز سے ہندستان کے ہاتھوں اپنی سب سے بڑی شکست کا سامنا کرنے والی ویسٹ انڈیز کی ٹیم اس بار کافی اعتماد سے کھیلتی نظر آئی اور نمبر ایک ٹیسٹ ٹیم کو دوسرے دن کے کھیل میں بہترین چیلنج اور بلےباز روسٹن چیز (106) اور جیسن ہولڈر (52) کی اچھی اننگز سے پہلی اننگز میں 300 کے پار تک ا سکور پہنچایا۔

ہندستان نے پہلی اننگز کا تسلی بخش آغاز کیا اور پہلے ٹیسٹ سے ڈیبو کرنے والے بلے باز پرتھوی نے لنچ سے پہلے اپنی نصف سنچری مکمل کر لی۔ ہندستان نے لنچ تک ایک وکٹ پر 80 رن بنائے۔ صبح کے سیشن میں واحد وکٹ اوپنر لوکیش راہل کے طور پر گرا جن کی خراب فارم کا سلسلہ دوسرے میچ میں بھی جاری رہا اور وہ صرف چار رنز بنا کر جیسن ہولڈر کی گیند پر بولڈ ہو گئے۔

اس کے بعد پرتھوی اور پجارا نے ہندستان کو کوئی اور نقصان نہیں ہونے دیا۔ پرتھوی نے پہلے وکٹ کے لئے راہل کے ساتھ 61 رن جوڑے جبکہ پجارا کے ساتھ دوسرے وکٹ کے لئے 37 رن کی ساجھیداری کی۔گزشتہ میچ کے سنچری میکر پرتھوی نے دوسرے ٹیسٹ میں بھی کمال کی بلے بازی کی اور لنچ سے پہلے 39 گیندوں میں اپنے 50 رن پورے کئے۔ لیکن وہ اس بار سنچری تک نہیں پہنچ سکے اور واركن نے شمرون هتمائر کے ہاتھوں انہیں کیچ کراکر دوسرے بلے باز کے طور پر آؤٹ کیا۔

پرتھوی نے 53 گیندوں میں 11 چوکے اور ایک چھکا لگا کر 70 رن بنائے۔ پجارا بھی اس کے بعد جلد پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 41 گیندوں میں دو چوکے لگا کر صرف 10 رن بنائے۔ انہیں گیبرل نے متبادل کھلاڑی ہیملٹن کے ہاتھوں کیچ کرا کر 102 کے اسکور پر ہندستان کے تین وکٹ نکال لیے۔

پجارا کے آؤٹ ہونے کے بعد کپتان وراٹ نے اننگز کو سنبھالتے ہوئے نائب کپتان رہانے کے ساتھ چوتھے وکٹ کے لئے 60 رن کی مفید شراکت کی۔ پہلے میچ میں سنچری بنانے والے وراٹ نے 78 گیندوں میں پانچ چوکے لگا کر 45 رن بنائے لیکن وہ اپنی نصف سنچری سے پانچ رن ہی دور تھے کہ ہولڈر نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر چوتھے بلے باز کے طور پر پویلین بھیج دیا۔

وراٹ کے آؤٹ ہونے کے بعد رہانے نے پھر پنت کے ساتھ 146 رن کی ناٹ آؤٹ ساجھیداری کی اور دن کے اختتام تک ہندستان کی پوزیشن سنبھال لی۔ رہانے نے 174 گیندوں میں 6 چوکوں کی مدد سے ناقابل شکست 75 رنز اور پنت نے 120 گیندوں میں 10 چوکوں اور دو چھکوں کی مدد سے ناقابل شکست 85 رنز کی اہم اننگز کھیلی۔

اس سے قبل روسٹر چیز (106) کی بہترین اننگز کے بعد ویسٹ انڈیز کی پوری ٹیم ہندوستان کے خلاف دوسرے کرکٹ ٹسٹ کے دوسرے دن سنیچر کی صبح کے سیشن میں 311 رن آل آؤٹ ہوگئی۔

آج صبح ویسٹ انڈیز نے اننگز کا آغاز کل کے 295 رن پر سات وکٹ سے آگے کیا۔ بلے باز چیز (ناٹ آؤٹ 98) اور دیویندر بشو (2) نے اننگز کو آگے بڑھایا۔ بشو کل کے ہی اسکور پر امیش کا شکار بنے جبکہ ونڈیز کے لئے دوسرے میچ سے واپسی کرنے والے چیز نے اپنی سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 189 گیندوں میں 8 چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے 106 رن بنائے۔

چیز، امیش یادو کی گیند پر بولڈ ہوئے اور نویں بلے کے طور پر آؤٹ ہوئے جبکہ شینن گیبریل (صفر) کو بھی امیش نے ہی اپنا نشانہ بنایا اور 102 ویں اوور کی تیسری اور چوتھی گیند پر لگاتار دو وکٹ لیکر ویسٹ انڈیز کی اننگز 101.4 اورر میں 311 رن پر سمیٹ دی۔ امیش نے میچ میں 88 رن پر بہترین 6 وکٹ لئے جو ان کی ٹسٹ کی دوسری اننگز میں 5 وکٹ کی بہترین کارکردگی ہے۔

کلائی کے اسپنر کلدیپ یادو نے 85 رن پر تین وکٹ اور روی چندرن اشون نے 49رن پر ایک وکٹ لیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 14 Oct 2018, 9:09 AM
/* */