پہلا ٹی-20: وراٹ-دھونی کے بغیر اترے گی ٹیم انڈیا، نوجوانوں کا امتحان

کپتان وراٹ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی -20 سیریز کے لئے آرام دیا گیا ہے جبکہ ہندستانی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی دھونی کو سلیکٹرز نے ٹوئنٹی -20 کی ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔

تصویر بشکریہ ٹوئٹر / <a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر بشکریہ ٹوئٹر / @BCCI
user

یو این آئی

کولکاتہ مستقل کپتان وراٹ کوہلی اور تجربہ کار وکٹ کیپر مہندر سنگھ دھونی کے بغیر اترنے جا رہی ہندوستانی ٹیم کے نوجوان کھلاڑیوں کو ویسٹ انڈیز کے خلاف یہاں ایڈن گارڈن میں ہونے والے پہلے ٹوئنٹي- 20 مقابلے میں سخت امتحان کا سامنا ہوگا۔

کپتان وراٹ کو ویسٹ انڈیز کے خلاف تین میچوں کی ٹوئنٹی -20 سیریز کے لئے آرام دیا گیا ہے جبکہ ہندستانی ٹیم کے سب سے تجربہ کار کھلاڑی دھونی کو سلیکٹرز نے ٹوئنٹی -20 کی ٹیم سے باہر کر دیا ہے۔ اگرچہ وراٹ کا کہنا ہے کہ دھونی نے نوجوان کھلاڑیوں کو ٹوئنٹی -20 میں موقع دینے کے لئے خود اس فارمیٹ سے فی الحال الگ ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔

وراٹ کو آرام دیے جانے کے بعد ٹیم کی کپتانی روہت شرما کو دی گئی ہے جن کی قیادت میں ہندستان نے اس سال ایشیا کپ جیتا تھا۔ وراٹ کو ایشیا کپ میں بھی آرام دیا گیا تھا۔ ہندستان کی ٹوئنٹی -20 ٹیم میں کئی نوجوان کھلاڑی شامل ہیں جنہیں 2020 کے ٹوئنٹی -20 ورلڈ کپ کے لئے تیار کیا جا رہا ہے۔

اس مقابلے میں تمام نگاہیں خاص طور پر نوجوان وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت پر رہیں گی جو اس وقت ان منتخب ہندوستانی کھلاڑیوں میں شامل ہیں جو تینوں فارمیٹ میں کھیل رہے ہیں۔ پنت نے اب تک پانچ ٹیسٹ، تین ون ڈے اور چار ٹوئنٹی -20 میچ کھیلے ہیں۔ ون ڈے میں دھونی کے پاس وكٹ كيپنگ کی ذمہ داری رہتی ہے جبکہ پنت کو اب ٹوئنٹی -20 میں یہ ذمہ داری اٹھانی ہوگی۔
پنت کو یہ بھی خیال رکھنا ہوگا کہ ٹیم میں دوسرے وکٹ کیپر بلے باز دنیش کارتک بھی موجود ہیں جو خالصتا بلے باز کے طور پر کھیلیں گے۔ ٹیم میں اس وقت وکٹ کیپر کے لئے سخت مقابلہ ہے اور کوئی بھی کھلاڑی اپنی جگہ کو ہلکے میں نہیں لے سکتا۔

پنت کے علاوہ جن نوجوان کھلاڑیوں پر نظریں رہیں گی ان میں 23 سال کے شريس ایر اور 19 سال کے واشنگٹن سندر شامل ہیں۔ ان کے علاوہ بائیں ہاتھ کے اسپنر شہباز ندیم کو حتمی الیون میں موقع ملتا ہے یا نہیں، اس پر بھی نظریں رہیں گی۔ ندیم نے گھریلو کرکٹ میں مسلسل اچھی کارکردگی کی ہے اور حال میں وجے ہزارے ٹرافی میچ میں انہوں نے آٹھ وکٹ لے کر نیا عالمی ریکارڈ قائم کیا تھا۔
29 سال کے ندیم کی گھریلو کرکٹ میں مسلسل شاندار کارکردگی رہی ہے لیکن ٹیم میں لیفٹ آرم اسپنر کے طور پر ایک آل راؤنڈر كرنال پانڈیا اور دو کلائی کے اسپنر يجویندر چہل اور کلدیپ یادو موجود ہیں، ایسے میں ندیم کو آخری الیون میں موقع مل پائے گا یہ ایک بڑا سوال رہے گا۔


تجربہ کار کھلاڑیوں کے لحاظ سے ٹاپ آرڈر میں قائم مقام کپتان روہت کے ساتھ ان کے جوڑی دار شکھر دھون موجود ہیں اور شکھر کے پاس اپنی فارم حاصل کرنے کا یہ ایک اچھا موقع ہے کیونکہ ون ڈے سیریز کے پانچ میچوں میں ان کا سب سے زیادہ اسکور 38 رنز تھا۔
ٹیم میں لوکیش راہل اور منیش پانڈے کے طور پر دو دیگر تجربہ کار بلے باز ہیں۔ منیش کے پاس ٹیم میں اپنی جگہ پختہ کرنے کا یہ اچھا موقع رہے گا۔ تیز گیند بازی میں ہندوستان کو جسپريت بمراه، بھونیشور کمار، امیش یادو اور بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز خلیل احمد کے رہتے فکر کرنے کی زیادہ ضرورت نہیں ہے۔
ٹیسٹ سیریز 0-2 اور ون ڈے سیریز 1-3 سے گنوا چکے ویسٹ انڈیز کے پاس اپنی ساکھ کو بہتر بنانے کے لئے ٹوئنٹی -20 سیریز ایک عظیم موقع ہے کیونکہ اس کے کھلاڑی اس فارمیٹ میں خود کو بہتر محسوس کرتے ہیں۔ ڈیرن براوو اور کیرون پولارڈ کی موجودگی کیریبین ٹیم کو نئی مضبوطی دے گی۔
ایڈن گارڈن وہی میدان ہے جہاں ویسٹ انڈیز نے 2016 میں ٹوئنٹی -20 ورلڈ کپ جیتا تھا۔ ویسٹ انڈیز کی ٹوئنٹی -20 ٹیم کے کپتان کارلوس بریتھویٹ نے ورلڈ کپ فائنل میں مسلسل چار چھکے مار کر اپنی ٹیم کو ورلڈ کپ دلایا تھابریتھویٹ چاہیں گے کہ ٹیم ٹوئنٹی -20 سیریز میں شاندار شروعات کرے تاکہ ان کی ٹیم میزبان کو چیلنج دے سکے۔
ہندستان کا ویسٹ انڈیز کے خلاف ٹوئنٹی -20 میں کوئی بہت اچھا ریکارڈ نہیں ہے اور اپنی زمین پر اس کے اس ریکارڈ کو بہتر بنانا ہے۔ ہندستان نے ویسٹ انڈیز سے آٹھ ٹوئنٹی -20 میچوں میں صرف دو جیتے ہیں، پانچ ہارے ہیں اور ایک میں کوئی نتیجہ نہیں نکلا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔