وراٹ، جڈیجہ کی سنچریوں کے بعد گیند بازوں نے اكھاڑے انڈيز کے پیر

ہندستانی اننگز کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلے بازی کے لیے اتری لیکن 29 اوور میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اس نے صرف 94 رن جوڑ کر اپنے چھ اہم وکٹ گنوا دیئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

راجکوٹ: کپتان وراٹ كوهلی اور آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ کی بہترین سنچری کی بدولت پہلی اننگز نو وکٹ پر 649 رن کے ہمالیائی اسکور پر ڈکلئیر کرنے کے بعد ہندستانی کرکٹ ٹیم کے محمد سمیع کی قیادت میں گیند بازوں نے بھی مہمان ویسٹ انڈیز پر کسی طرح کی صلہ رحمی نہیں کی اور پہلے ٹیسٹ کے دوسرے دن جمعہ کا کھیل ختم ہونے تک اس کے 94 رن پر چھ وکٹ اکھاڑ دیئے۔

ویسٹ انڈیز کے بولر ہندستانی بلے بازوں کے سامنے کمزور ثابت ہوئے اور میزبان ٹیم نے دوسرے دن چائے کے وقفہ سے ٹھیک پہلے 149.5 اوور میں نو وکٹ پر 649 رن بنا کر اپنی پہلی اننگز کا اعلان کر دیا۔ وراٹ نے 139 رن بنائے اور 24 سب سے تیز سنچری بنانے کے معاملے میں سر ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے بلے باز بن گئے جبکہ جڈیجہ نے ناٹ آؤٹ 100 رنز بنا کر کیریئر کی پہلی ٹسٹ سنچری اپنے نام کی۔

ہندستانی اننگز کے بعد ویسٹ انڈیز کی ٹیم بلے بازی کے لیے اتری لیکن 29 اوور میں دن کا کھیل ختم ہونے تک اس نے صرف 94 رن جوڑ کر اپنے چھ اہم وکٹ گنوا دیئے۔ اسٹمپ تک روسٹن چیز 27 رن اور كيمو پال 13 رنز بنا کر ناٹ آؤٹ ہیں اور مہمان ٹیم ہندستان کے اسکور سے 555 رنز پیچھے ہے جبکہ اس کے پاس اب صرف چار وکٹ باقی ہیں۔

ہندستانی گیند بازوں نے میچ میں یکطرفہ مظاہرہ کیا اور فاسٹ بولر محمد سمیع نے ویسٹ انڈیز کے دونوں اوپنر كارلوس بریتھویٹ (2) اور کیرن پاول (1) کے وکٹ دلائے۔ باقی وکٹ بھی سستے میں گرتے رہے اور شائے ہوپ (10) کو روی چندرن اشون نے بولڈ کر تیسری وکٹ نکالی۔

اپنی پہلی ٹیسٹ سنچری بنانے والے آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ نے شمرون هتمائر (10) کو اور سنیل ایمبرس (12) کو آؤٹ کیا جبکہ وکٹ کیپر شین ڈارچ (10) کو چائنامین بولر کلدیپ یادو نے آؤٹ کیا۔

ہندستانی ٹیم نے ٹیسٹ کے پہلے دن ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا تھا جو ویسٹ انڈیز پر کافی بھاری پڑا اور دوسرے دن میزبان ٹیم نے 149.5 اوور میں جڈیجہ کی پہلی ٹسٹ سنچری مکمل ہونے کے ساتھ ہی 649 کے اسکور پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ ہندوستانی اننگز میں ڈیبو بلے باز اور اوپنر پرتھوی شا ہ کے 134 رنز سمیت تین سنچری اور دو نصف سنچری شامل ہیں۔ رشبھ پنت (92) اپنی سنچری سے صرف آٹھ رن دور رہ گئے۔ ہندستان نے دوسرے دن اپنے اسکور میں 285 رنز اور شامل کئے۔

29 سال کے جڈیجہ نے اپنے 38 ویں ٹیسٹ میں 132 گیندوں پر پانچ چوکے اور پانچ چھکے لگا کر ناٹ آؤٹ 100 رنز بنائے جبکہ لنچ سے پہلے کپتان وراٹ نے اپنی 24 ویں ٹیسٹ سنچری مکمل کی۔ انہوں نے 123 ویں اننگز میں یہ کامیابی حاصل کی اور عظیم بلے باز آسٹریلیا کے سر ڈان بریڈمین کے بعد دوسرے سب سے تیز 24 سنچری بنانے والے بلے باز بھی بن گئے۔

ہندستانی ٹیم نے لنچ تک پانچ وکٹ پر 506 رن کا مضبوط اسکور بنایا۔ صبح میزبان ٹیم نے اپنی اننگز کا آغاز چار وکٹ پر 364 رن سے آگے بڑھاتے ہوئے کیا تھا۔ کل کے ناٹ آؤٹ بلے باز وراٹ (72) رن اور رشبھ (17) نے اننگز کو آگے بڑھاتے ہوئے پانچویں وکٹ کے لئے 133 رن کی ساجھیداری کی۔

وراٹ نے 230 گیندوں میں 10 چوکوں کی مدد سے 139 رن بنائے، انہیں لنچ کے بعد ہرمن لیوس نے انہیں دیویندر بشو کے ہاتھوں کیچ کرایا۔ وراٹ نے جڈیجہ کے ساتھ 64 رن جوڑے جبکہ اپنی پہلی ٹسٹ سنچری لگانے والے جڈیجہ نے امیش یادو (22) کے ساتھ نویں وکٹ کے لیے مفید 55 رن جوڑے۔

ہندستان نے لنچ تک وکٹ کیپر رشبھ پنت (92) کے طور پر واحد وکٹ گنوایا تھا لیکن بعد میں اس نے اپنے چار وکٹ وراٹ، روی چندرن اشون (7)، کلدیپ یادو (12) اور امیش (22) کے طور پر گنوائے۔ دوسرے دن صبح لنچ تک ہندستان نے اپنا ایک وکٹ وکٹ کیپر رشبھ پنت کے طور پر گنوایا جو اپنی سنچری سے آٹھ رن دور رہ کر دیویندر بشو کی گیند پر كيمو پال کو کیچ دے بیٹھے۔

رشبھ نے 84 گیندوں میں آٹھ چوکے اور چار چھکے لگا کر 92 رن بنائے، چوتھے ٹیسٹ میں دوسری سنچری سے تو چوک گئے لیکن پہلی ٹیسٹ نصف سنچری ضرور بنائی۔

وراٹ نے 184 گیندوں میں سات چوکوں کی مدد سے اپنے 100 رن پورے کئے اور اپنے کیریئر کے 72 ویں ٹیسٹ کی 123 ویں اننگز میں 24 ویں سنچری مکمل کر لی۔ انہوں نے ساتھ ہی کیلنڈر سال میں اپنے 1000 رنز بھی پورے کر لیے۔

29 سالہ ہندوستانی کپتان چھٹے بلے باز کے طور پر 534 کے اسكور پر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد اشون بلے بازی کے لیے اترے لیکن وہ 15 گیندوں میں ایک چوکا لگا کر سات رن ہی بنا سکے اور بشو نے انہیں ڈارچ کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ کلدیپ بھی جلد پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے 32 گیندوں میں دو چوکے لگا کر 12 رن بنائے۔ بشو نے انہیں ایل بی ڈبلیو کر میچ میں اپنا چوتھا وکٹ حاصل کیا۔

لیکن جڈیجہ ایک اینڈ سنبھال كر اپنی سنچری کی تکمیل تک ٹکے رہے۔ انہوں نے امیش کے ساتھ نصف سنچری شراکت بھی کی جنہوں نے 24 گیندوں میں 22 رن جوڑے۔ امیش کو كارلوس بریتھویٹ نے لیوس کے ہاتھوں کیچ کرا کر ہندستان کا نواں وکٹ نکالا۔ جڈیجہ نے بریتھویٹ کی گیند پر ایک رن لے کر اپنے ناقابل شکست 100 رن پورے کئے جبکہ محمد سمیع دو رنز بنا کر ناٹ آؤٹ لوٹے۔

ویسٹ انڈیز کی جانب سے بشو نے 54 اوور تک گیند بازی کی اور 217 رن پر ہندستان کے چار وکٹ نکالے جبکہ شیرمین لیوس کو 93 رن پر دو وکٹ ملے۔ شینن گیریل، روسٹن چیز اور بریتھویٹ کو ایک ایک وکٹ ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 06 Oct 2018, 10:04 AM