ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو 90 رنوں سے ہرا کر ملک کو دیا یوم جمہوریہ کا تحفہ

ہندوستان کی طرف سے دیئے گئے 325 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی بھی وقت مضبوط صورت حال میں نظر نہیں آئی۔

تصویر / <a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a>
تصویر / @BCCI
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ون ڈے سیریز کا دوسرا مقابلہ ٹیم انڈیا نے جیت لیا ہے۔ ماؤنٹ ماؤنگ نوئی میں کھیلے گئے دوسرے ون ڈے میچ میں کوہلی کی سربراہی والی ہندوستانی ٹیم نے 90 رنوں سے جیت حاصل کی۔ ہندوستان کی طرف سے حاصل ہوئے 325 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم 40.2 اووروں میں 234 رنوں پر سمٹ گئی۔ اسی کے ساتھ ٹیم انڈیا نے سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل کرلی۔

ٹیم انڈیا کی طرف سے اس مقابلہ میں کلدیپ یادو نے سب سے زیادہ 4 وکٹ حاصل کیے۔ ان کے علاوہ بھونیشور کو 2-2 جبکہ سمیع اور جادھو کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔

ہندوستان کی طرف سے دیئے گئے 325 رنوں کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے نیوزی لینڈ کی ٹیم کسی بھی وقت مضبوط صورت حال میں نظر نہیں آئی۔ 100 کے اسکور تک نیوزی لینڈ کے چوٹی کے بلے باز مارٹن گپثل (15)، کالن منرو (31)، کین ولیمسن (20) اور روس ٹیلر (22) پر پویلین لوٹ چکے تھے۔ ٹیم انڈیا کے گیندبازوں نے لگاتار وقفہ وقفہ پر وکٹ حاصل کیے اور ہندوستان کی جیت کو آسان بنا دیا۔ بعد کے بلے بازوں میں سے ڈگ بریسویل (45 گیند میں 57 رن) نے ضرور کچھ ہاتھ دکھائے لیکن ان کی یہ کارکردگی اپنی ٹیم کو جیت دلانے میں ناکافی ثابت ہوئی۔

قبل ازیں، ہندوستانی ٹیم نے ٹاس جیتا اور پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ ٹیم انڈیا کی طرف سے اننگ کا آغاز روہت شرما (87) نے کیا اور شکھر دھون (66) نے پہلے وکٹ کے لئے 154 رن جوڑ کر ٹیم کو مضبوط شروعات دی تھی۔ مہمان ٹیم کو پہلا جھٹکا 26ویں اوور میں شکھر دھون کے طور پر لگا۔ شکھر کے آؤٹ ہونے کے بعد سنبھل کر بلے بازی کر رہے روہت بھی جلد ہی پویلین لوٹ گئے۔ ان کا وکٹ 30 ویں اوور میں 172 کے کل اسکور پر گرا۔ اس کے بعد میدان پر آئے کپتان وراٹ کوہلی نے 47 رن کی اننگ کھیلی۔ انہوں نے امباتی رائیڈو (47) کے ساتھ تیسرے وکٹ کے لئے 64 رن کی شراکت داری کر کے ٹیم کو 200 کے پار پہنچایا۔ کوہلی حالانکہ اپنی نصف سنچری مکمل نہیں کر پائے اور 236 کے مجموعی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔

اس کے بعد ہندوستان کو چوتھا جھٹکا رائیڈو کے طور پر کل 271 رن کے اسکور پر لگا۔ یہاں سے مہندر سنگھ دھونی (48) اور کیدار جادھو (22) نے محاذ سنبھالا۔ دونوں پانچویں وکٹ کے لئے تیز بلے بازی کر کے 53 رنوں کی شراکت داری کرتے ہوئے ٹیم کو وسیع تر اسکور کی طرف لے گئے۔ نیوزی لینڈ کے لئے کوکی فرگیوسن اور ٹرینٹ بولٹ نے دو دو وکٹ حاصل کیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔