آخر ہند-انگلینڈ پانچواں ٹیسٹ میچ رَد ہو ہی گیا، سیریز کے نتیجہ پر تذبذب کی حالت

ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میدان پر کھیلے جانے والے پانچویں ٹیسٹ میچ کو رد کر دیا گیا ہے، ہندوستانی ٹیم کے کئی سپورٹ اسٹاف کے کورونا پازیٹو ہونے کے بعد یہ قدم اٹھایا گیا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

کورونا نے ایک بار پھر انتہائی اہم کرکٹ میچ کو اپنی قہر کا نشانہ بنا لیا۔ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان آج (جمعہ) سے مانچسٹر کے اولڈ ٹریفرڈ میدان پر کھیلے جانے والے پانچویں ٹیسٹ کو رد کر دیا گیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے کئی سپورٹ اسٹاف کے کورونا پازیٹو پائے جانے کے بعد یہ فیصلہ لیا گیا ہے۔ بی سی سی آئی اور انگلش کرکٹ بورڈ نے مل کر اس تعلق سے فیصلہ کیا ہے۔

انگلینڈ اینڈ ویلس کرکٹ بورڈ (ای سی بی) نے بیان جاری کر کہا کہ ’’ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) سے بات چیت کرنے کے بعد ای سی بی اس بات کی تصدیق کرتا ہے کہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان آج سے یہاں اولڈ ٹریفرڈ میں ہونے والا پانچواں ٹیسٹ مقابلہ رد کیا جاتا ہے۔‘‘


بیان میں کہا گیا ہے کہ ’’کیمپ میں کورونا کے معاملے بڑھنے کے سبب ہندوستان میدان میں ٹیم اتارنے میں اہل نہیں ہے۔ ہم شیدائیوں اور شراکت داروں سے معافی مانگتے ہیں، جو ہمیں پتہ ہے کہ اس فیصلے سے انھیں کتنی تکلیف ہوگی۔ آگے کی جانکاری آنے والے وقت میں دی جائے گی۔‘‘

ایسے میں اب سب سے بڑا سوال یہ کھڑا ہوتا ہے کہ کیا پانچواں ٹیسٹ بعد میں کھیلا جائے گا، ہندوستان اس سیریز کو 1-2 سے جیتے گا یا پھر سیریز کو 2-2 پر ڈرا مانا جائے گا۔ قیاس یہ بھی ہیں کہ اس ٹیسٹ کو اگلے سال بھی کھیلا جا سکتا ہے۔


واضح رہے کہ جمعرات کو ہندوستانی ٹیم کے ایک جونیئر فیزیو کا کورنا ٹیسٹ رپورٹ پازیٹو آیا تھا، جس کے بعد پانچویں ٹیسٹ میچ کے رد ہونے کی بات سامنے آنے لگی تھی۔ حالانکہ ہندوستانی کھلاڑیوں کا کورونا ٹیسٹ میں رپورٹ نگیٹو آئی تھی، جس کے بعد ٹیسٹ میچ کے کھیلے جانے کی بات ہوئی تھی، لیکن اب میچ کو رد ہونے کا اعلان کر دیا گیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔