ایشیا کپ: ہندوستان اور افغانستان کا سنسنی خیز مقابلہ، میچ ٹائی

ہندوستان اور افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا، شاندار سنچری بنانے والے افغان اوپنر محمد شہزاد مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

دبئی: ایشیا کپ کرکٹ ٹورنامنٹ کے سپر۔4 مقابلے میں منگل کے روز ہندوستان اور افغانستان کا میچ سنسنی خیز مقابلے کے بعد ٹائی ہوگیا۔ ہندوستان آخری اوور میں7 رنز بنانے میں ناکام رہا اور پوری ٹیم آؤٹ ہوگئی۔ شاندار سنچری بنانے والے افغان اوپنر محمد شہزاد مین آف دی میچ قرار دیئے گئے۔

افغانستان کی جانب سے دیئے گئے 253 رنز کے ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی کھلاڑی ہدف حاصل کرنے میں ناکام رہے۔ آخری اوور راشد خان کی جانب سے پھینکا گیا، ہندوستان کو محض 7 رنز بنانے تھے لیکن پوری ٹیم 252 رنز پر پویلین لوٹ گئی اور دونوں ٹیموں کے اسکور برابر ہونے کی وجہ سے میچ ٹائی ہوگیا۔

ہندوستانی ٹیم کے دونوں اوپنرز لوکیش راہل 60 اور امباتی رائیوڈو 57 کےساتھ نمایاں رہے تاہم افغان بولرز کی جانب سے محمد نبی، آفتاب عالم، راشد خان نے 2، 2 وکٹ لئے جبکہ جاوید احمدی نے ایک وکٹ حاصل کیا۔

قبل ازیں، اوپنر محمد شہزاد (124) کی جارحانہ سنچری کی بدولت افغانستان نے ہندستان کے خلاف 50 اوور میں آٹھ وکٹ پر 252 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا۔

ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے اترے افغانستان کے لئے شہزاد نے شاندار بلے بازی کا نظارہ پیش کرتے ہوئے محض 116 گیندوں پر 124رن میں 11چوکے اور سات چھکے لگائے۔ شہزاد چھٹے بلے باز کی شکل میں 180 کے اسکور پر آؤٹ ہوئے اور اس میں انکا ذاتی اسکور 124رن کا تھا۔ شہزاد کی یہ پانچویں ون ڈے سنچری تھی۔

اس میچ میں ہندستان نے کپتان روہت شرما سمیت پانچ کھلاڑیوں کو آرام دیا ہے جس سے سابق کپتان مہیندر سنگھ دھونی کو کپتانی سنبھالنے کا موقع ملا اور انھوں نے اپنی کپتانی میں 200 میچ پورے کیے۔ شہزاد نے پہلے وکٹ کے لئے جاوید احمدی کے ساتھ 65 رن کی شراکت داری کی جس میں احمدی نے پانچ رن کا تعاون دیا تھا۔

افغانستان نے 82 رن تک اپنے چار وکٹ کھودیے لیکن شہزاد نے تنہا ہندستانی گیند بازوں کی جم کر خبر لی۔ ان کے آؤٹ ہونے کے بعد محمد نبی نے 56 گیندوں میں تین چوکوں اور چارچھکوں کی مدد سے 64 اور نجیب اللہ زادران نے 20 رن بنا کر افغانستان کو 252 تک پہنچایا۔

ہندستان کی طرف سے رویندر جڈیجہ نے 46 رن پر تین وکٹ اور کلدیپ یادو نے 38رن پر دو وکٹ لئے جبکہ خلیل احمد، دیپک چاہر اور کیدارجادھو نے ایک ایک وکٹ لیا۔

(یو این آئی ان پٹ کے ساتھ)

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 26 Sep 2018, 9:01 AM