آسٹریلیا کے خلاف چوتھے ٹی-20 میچ میں شاندار فتح کے ساتھ ہندوستان کو سیریز میں 1-2 کی ملی سبقت
ہندوستان نے آج 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 167 رن بنائے تھے۔ 168 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری آسٹریلیائی ٹیم 18.2 اوورس میں محض 119 رن بنا سکی اور اسے 48 رنوں سے شکست حاصل ہوئی۔

ہندوستانی ٹیم نے آسٹریلیا کو چوتھے ٹی-20 میچ میں 48 رنوں سے شکست دے کر 5 میچوں کی اس سیریز میں 1-2 کی سبقت حاصل کر لی ہے۔ گولڈ کوسٹ میں کھیلے گئے آج کے مقابلہ میں ہندوستانی ٹیم نے اپنے 3 آل راؤنڈرس کی بہترین کارکردگی کے سبب آسٹریلیا کو بہ آسانی شکست دے دی۔ آج ملی جیت کے بعد ہندوستانی ٹیم کے لیے سیریز ہارنے کا خطرہ بھی ٹل گیا ہے، کیونکہ پانچواں اور آخری مقابلہ اگر آسٹریلیا جیت بھی گئی تو اسکور لائن 2-2 ہوگا۔
ہندوستانی ٹیم کے کپتان سوریہ کمار یادو آج پھر ٹاس ہار گئے تھے اور آسٹریلیائی کپتان مشیل مارش نے پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 20 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 167 رن بنائے۔ جواب میں آسٹریلیائی ٹیم 18.2 اوورس میں محض 119 رن بنا سکی۔ ہندوستان کی اس جیت میں آل راؤنڈر اکشر پٹیل، شیوم دوبے اور واشنگٹن سندر کا اہم کردار رہا۔ انھوں نے پہلے اہم رن بنائے، اور پھر آسٹریلیائی بلے بازوں کو سستے میں سمیٹ بھی دیا۔
ہندوستان کی طرف سے بلے بازی میں سب سے زیادہ 46 رن نائب کپتان شبھمن گل نے بنائے، جبکہ ابھشیک شرما نے 28 رنوں کی اننگ کھیلی۔ شیوم دوبے نے 18 گیندوں پر 22 رن، اکشر پٹیل نے 11 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 21 رن اور واشنگٹن سندر نے 7 گیندوں پر 12 رنوں کا تعاون کیا۔ کپتان سوریہ کمار یادو نے بھی 10 گیندوں پر طوفانی انداز میں 20 رن بنائے۔ آسٹریلیا کی جانب سے ناتھن ایلس نے قابل ذکر گیندبازی کی، جنھوں نے 4 اوورس میں محض 21 رن دے کر 3 اہم کھلاڑیوں کو آؤٹ کیا۔ ایڈم زیمپا کو بھی 3 وکٹ حاصل ہوئے، لیکن انھوں نے 4 اوورس میں 45 رن خرچ کیے۔ 1-1 وکٹ زیویئر بارٹلیٹ اور مارکس اسٹوئنس کو حاصل ہوئے۔
آسٹریلیا کی بلے بازی کا آغاز بہت اچھا ہوا تھا، کیونکہ پہلا وکٹ پانچویں اوور میں 37 رن کے اسکور پر گرا تھا۔ پھر دوسرے وکٹ کے لیے 30 رنوں کی شراکت داری۔ اس کے بعد جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پھر پوری ٹیم ہی سمٹ گئی۔ سب سے زیادہ 30 رن کپتان اور سلامی بلے باز مشیل مارش نے بنائے۔ دوسرے سلامی بلے باز میتھیو شارٹ نے 25 رنوں کا تعاون کیا۔ ٹیم کی طرف سے تیسرا بڑا اسکور مارکس اسٹوئنس نے بنایا جو 19 گیندوں پر 17 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ ٹم ڈیوڈ نے 14 اور جوش فلپی نے محض 10 رن بنائے۔ باقی بلے باز دوہرے ہندسے تک بھی نہیں پہنچ پائے۔ ہندوستان کی جانب سے گیندبازی میں سب سے زیادہ 3 وکٹ واشنگٹن سندر نے لیے، جنھوں نے 1.2 اوورس میں محض 3 رن ہی خرچ کیے۔ 2-2 وکٹ اکشر پٹیل اور شیوم دوبے کے حصے میں گئے۔ 1-1 وکٹ عرشدیپ سنگھ، جسپریت بمراہ اور ورون چکرورتی کے حصہ میں آیا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔