ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف فتح کے ساتھ کی یک روزہ سیریز کی شروعات، روہت شرما کی ناکامی کا سلسلہ جاری

ہندوستان نے انگلینڈ کو 4 وکٹوں سے شکست دی، جس میں شبھمن گل اور شریئس ایئر کے ساتھ ساتھ بہترین بلے بازی کرنے والے اکشر پٹیل نے بھی اہم کردار ادا کیا۔

<div class="paragraphs"><p>شبھمن گل اور شریئس ایئر، تصویر&nbsp;<a href="https://x.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان نے انگلینڈ کے خلاف ٹی-20 سیریز جیتنے کے بعد اب یک روزہ سیریز کی شروعات بھی فتح کے ساتھ کی ہے۔ 3 یک روزہ میچوں کی اس سیریز کے پہلے میچ میں آج ہندوستان نے انگلینڈ کو 68 گیندیں باقی رہتے 4 وکٹوں سے شکست دے دی۔ آج کے میچ میں ہندوستان کے لیے بری خبر یہ رہی کہ کپتان روہت شرما کی خراب کارکردگی کا سلسلہ ختم ہونے کا نام نہیں لے رہا ہے۔ آج انھوں نے 7 گیندوں پر محض 2 رن بنائے۔

ناگپور میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے جیت کے ہیرو شبھمن گل اور شریئس ایئر کے ساتھ ساتھ بہترین بلے بازی کرنے والے اکشر پٹیل بھی رہے۔ تینوں ہی کھلاڑیوں نے اپنی اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ گیندبازی کے شعبہ میں ہرشت رانا اور رویندر جڈیجہ نے 3-3 وکٹ لے کر انگلش بلے بازوں کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دیا۔ حالانکہ ہرشت رانا بہت مہنگے ثابت ہوئے اور انھوں نے اپنے ایک اوور میں تو 26 رن لٹا دیے تھے۔


آج کے میچ میں انگلش کپتان جوس بٹلر نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا۔ شروعات انھیں بہت تیز کی تھی، لیکن ایک بار جب وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو سنبھالنا مشکل ہو گیا۔ محمد شامی کی تعریف کرنی ہوگی جنھوں نے ایسے وقت میں بلے بازوں کو زیادہ رن نہیں دیے جب ہرشت رانا کی خوب پٹائی ہو رہی تھی۔ محمد شامی کی گیندیں لہراتی ہوئی دکھائی دیں، جس سے پتہ چلتا ہے کہ وہ اپنی فٹ نس حاصل کر چکے ہیں۔ انھوں نے 7 اوورس میں 39 رن دے کر ایک کھلاڑی کو آؤٹ کیا۔ انگلینڈ کی طرف سے سلامی بلے باز فل سالٹ نے 26 گیندوں پر 43 رن بنائے اور بدقسمتی سے رن آؤٹ ہو گئے۔ دوسرے سلامی بلے باز بین ڈکیٹ نے 29 گیندوں پر 32 رنوں کی اننگ کھیلی۔ اس کے بعد کپتان جوس بٹلر اور جیکب بیتھل ہی اچھی بلے بازی کر سکے جس کی وجہ سے ٹیم کسی طرح 248 رن بنانے میں کامیاب ہوئی۔ بٹلر نے 52 رن اور بیتھل نے 51 رن کی اننگ کھیلی۔ جوفرا آرچر نے آخر میں کچھ اچھے شاٹ لگائے اور 18 گیندوں پر 21 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں ایک-ایک وکٹ اکشر پٹیل اور کلدیپ یادو کو بھی ملے۔ انگلینڈ کی پوری ٹیم 47.4 اوورس میں 248 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔

ہندوستان کی بلے بازی جب شروع ہوئی تو جوفرا آرچر شروع میں بہت خطرناک نظر آئے۔ انھوں نے یک روزہ کرکٹ میں ڈیبیو کرنے والے یشسوی جیسوال (22 گیندوں پر 15 رن) کو پویلین بھیج کر امید ضرور جگائی، اور پھر روہت شرما جب ثاقب محمود کی گیند پر آؤٹ ہوئے تو ایسا لگا جیسے انگلینڈ مقابلہ دینے کے لیے تیار ہے۔ لیکن شبھمن گل اور شریئس ایئر کی شراکت داری نے میچ کو انگلینڈ سے دور کر دیا۔ ان دونوں کے درمیان 94 رنوں کی شراکت داری ہوئی۔ اس کے بعد گل اور اکشر کے درمیان ہوئی 108 رنوں کی شراکت داری نے تو جیسے انگلینڈ سے میچ ہی چھین لیا۔ شریئس نے 59 رن، اکشر نے 52 رن اور شبھمن گل نے 87 رنوں کی اننگ کھیلی۔ بہترین اننگ کے لیے گل کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ بھی دیا گیا۔


جب گل آؤٹ ہوئے تو ٹیم کو جیت کے لیے محض 14 رنوں کی ضرورت تھی۔ گل سے پہلے کے ایل راہل 2 رن بنا کر آؤٹ ہو چکے تھے۔ گل کے بعد مزید کوئی وکٹ نہیں گرا اور ہاردک پانڈیا 9 رن بنا کر ناٹ آؤٹ پویلین لوٹے۔ ان کے ساتھ رویندر جڈیجہ بھی 12 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ انگلینڈ کی طرف سے ثاقب محمود اور عادل رشید نے 2-2 وکٹ لیے۔ جوفرا آرچر اور جیکب بیتھیل کے حصے میں 1-1 وکٹ آئے۔ برائیڈن کارس انتہائی مہنگے ثابت ہوئے جنھیں کوئی وکٹ بھی نہیں ملا اور 5 اوورس میں 52 رن بھی خرچ کر دیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔