ہندوستان-جنوبی افریقہ ٹیسٹ: سراج کے سامنے ایلگر بریگیڈ نے ٹیکے گھٹنے، پوری ٹیم 55 رن پر پویلین لوٹی

پہلے ہی سیشن میں جنوبی افریقہ کی ٹیم 55 رن پر آل آؤٹ ہو گئی، محمد سراج نے 6 وکٹ لیے جبکہ جسپریت بمراہ اور مکیش کمار نے 2-2 وکٹ لیے۔

<div class="paragraphs"><p>محمد سراج، تصویر&nbsp;<a href="https://twitter.com/BCCI">@BCCI</a></p></div>

محمد سراج، تصویر@BCCI

user

تنویر

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان کیپ ٹاؤن واقع نیولینڈس کے میدان میں کھیلے جا رہے ٹیسٹ کے پہلے ہی دن ہندوستان نے زبردست کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے میزبان ٹیم کو پوری طرح سے بیک فُٹ پر ڈال دیا ہے۔ سنچورین میں شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم نے کیپ ٹاؤن میں زبردست واپسی کی ہے۔ پہلے دن پہلا سیشن ختم ہونے سے پہلے ہی پوری جنوبی افریقی ٹیم 23.2 اوورس میں محض 55 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی، اور اس کے لیے ذمہ دار رہے ہندوستانی تیز گیندباز محمد سراج۔ انھوں نے جنوبی افریقہ کے 6 کھلاڑیوں کو آؤٹ کر ہندوستان کو زوردار شروعات دی۔

آج ٹاس جنوبی افریقہ کے کپتان ڈین ایلگر نے جیتا تھا جو کہ اپنا آخری ٹیسٹ میچ کھیل رہے ہیں۔ انھوں نے پہلے بلے بازی کرنے کا فیصلہ کیا، لیکن یہ پوری طرح سے غلط ثابت ہوا۔ محمد سراج نے اپنے دوسرے ہی اوور میں ایڈن مارکرم (2 رن) کو سلپ میں یشسوی جیسوال کے ہاتھوں کیچ کرا دیا، اور پھر اپنے تیسرے اوور میں کپتان ڈین ایلگر (4 رن) کو پلے ڈاؤن کر کے ہندوستان کو سب سے بڑی کامیابی دلا دی۔ قابل ذکر ہے کہ سنچورین ٹیسٹ میں ڈین ایلگر نے 185 رن بنائے تھے جس نے ہندوستان کو جیت سے بہت دور کر دیا تھا۔


بہرحال، آج محمد سراج اپنے پورے رَنگ میں دکھائی دیے۔ انھوں نے کسی بھی بلے باز کو جم کر کھیلنے کا موقع نہیں دیا۔ سراج نے ٹونی ڈی زورزی (2 رن)، ڈیوڈ بیڈنگھم (12 رن)، کائل ویرینے (15 رن) اور مارکو جانسن (صفر) کو پویلین بھیجا اور ٹیسٹ کیریر میں اپنی بہترین کارکردگی درج کی۔ انھوں نے ایک ہی اسپیل 9 اوورس کا ڈالا جس میں 3 میڈن اوورس کے ساتھ 15 رن دے کر 6 وکٹ لیے۔

ہندوستان کے دیگر گیندبازوں کی بات کریں تو جسپریت بمراہ نے 8 اوورس میں 25 رن دے کر 2 وکٹ (ٹرسٹن اسٹبس 3 رن، نیندرے برگر 4 رن) لیے اور مکیس کمار نے محض 2.2 اوورس میں 2 میڈن اوورس کے ساتھ بغیر کوئی رن دیے 2 وکٹ (کیشو مہاراج 3 رن، کگیسو رباڈا 5 رن) حاصل کر لیے۔ پرسدھ کرشنا واحد ہندوستانی گیندباز رہے جنھوں نے 4 اوورس میں 10 رن دیے اور کوئی وکٹ حاصل نہیں کیا۔ اسپن گیندباز رویندر جڈیجہ کو تو گیندبازی کا ہی موقع نہیں ملا۔


قابل ذکر ہے کہ جنوبی افریقہ نے آج ہندوستان کے خلاف ٹیسٹ میچ کی ایک اننگ میں سب سے کم اسکور بنایا ہے۔ اس سے قبل جنوبی افریقہ نے نومبر 2015 میں 79 رن بنائے تھے۔ ویسے جنوبی افریقہ کا سب سے کم اسکور 30 رن ہے جو کہ انگلینڈ کے خلاف بنایا گیا تھا اور یہ فروری 1896 کی بات ہے۔ یہ ہندوستان کے خلاف کسی بھی ٹیم کا ٹیسٹ کی ایک اننگ میں سب سے کم اسکور بھی ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے دسمبر 2021 میں نیوزی لینڈ کو محض 62 رنوں پر آل آؤٹ کر دیا تھا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔