برسبین ٹیسٹ میں ہندوستان نے فالوآن بچایا، راہل اور جڈیجہ کی نصف سنچری
جسپریت بمرہ اور آکاش دیپ کے 10ویں وکٹ کے لیے ناقابل تسخیر 39 رن جوڑنے سے ٹیم کو فالوآن بچانے میں مدد ملی۔ چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک 9 وکٹ پر 252 رن بنائے۔

تصویر سوشل میڈیا
ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان بارڈر گواسکر ٹرافی 2025 کے تحت پانچ ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا تیسرا ٹیسٹ برسبین کے گابا میدان میں کھیلا جا رہا ہے۔ چوتھے دن بلے بازوں کی زبردست مزاحمت کی بدولت ہندوستان فالوآن سے بچ گیا ہے۔ بمرہ اور آکاش دیپ نے 10ویں وکٹ کے لیے شاندار بلے بازی کرتے ہوئے ٹیم کو فالوآن سے بچایا۔
اس سے پہلے کے ایل راہل اور رویندر جڈیجہ نے بھی شاندار بلے بازی کی جس سے ہندوستان کو 250 رنوں تک پہنچنے میں مدد ملی۔ خراب روشنی کی وجہ سے چوتھے دن کا کھیل ختم ہونے تک ہندوستان نے 9 وکٹ کے نقصان پر 252 رن بنا لیے تھے۔ اس وقت کریز پر بمرہ 10 رن بناکر اور آکاش دیپ 27 رن بنا کر کھیل رہے ہیں۔ دونوں کے درمیان 39 رنوں کی بے حد اہم ساجھیداری ہوئی ہے۔ ویسے ابھی بھی ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا سے 193 رنوں سے پیچھے ہے۔
اس سے قبل 4 وکٹ کے نقصان پر 51 رنوں سے ٹیم انڈیا نے آگے کھیلنا شروع کیا۔ ٹیم کو روہت کی شکل میں 5 واں جھٹکا فوراً لگ گیا، انہیں کمنس نے 10 رن کے اسکور پر پویلین کا راستہ دکھا دیا۔ اس کے بعد راہل اور جڈیجہ کی جوڑی نے آسٹریلیائی گیند بازوں سے مل رہے سخت چیلنج کا بہادری سے مقابلہ کیا۔ راہل نے 139 گیندوں میں 84 رن بنائے جبکہ رویندر جڈیجہ نے بھی شاندار 77 رن بنائے۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 67 رن جوڑے۔ اس کے بعد دیگر بلے بازوں کے ساتھ جڈیجہ نے بیش قیمت رنوں کا اضافہ کیا اور ٹیم کا اسکور 200 سے پار کر دیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے پیٹ کمنس نے سب سے زیادہ 4 وکٹ جبکہ مشیل اسٹارک نے 3 وکٹ لیے ہیں۔ برسبین ٹیسٹ کی بات کی جائے تو اب کھیل کا صرف ایک دن ہی باقی ہے اور میچ کا نتیجہ آنا اب مشکل نظر آ رہا ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔