چیمپئنز ٹرافی: ہندوستان نے پاکستان کو 241 رنز پر محدود کر دیا

ہندوستان نے چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں پاکستان کو 241 رنز پر محدود کر دیا۔ کلدیپ یادو نے 3 اور ہاردک پانڈیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ ہندوستانی گیند بازوں اور فیلڈرز نے شاندار کارکردگی دکھائی

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>

Getty Images

user

قومی آواز بیورو

دبئی: ہندوستانی گیند بازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت چیمپئنز ٹرافی کے پانچویں میچ میں پاکستان کی ٹیم 241 رنز پر ہی سمٹ گئی۔ کلدیپ یادو نے تین، جبکہ ہاردک پانڈیا نے دو وکٹیں حاصل کیں۔

پاکستانی کپتان محمد رضوان نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کا فیصلہ کیا۔ اننگز کا آغاز محتاط انداز میں ہوا، امام الحق اور بابر اعظم نے 47 رنز کی ابتدائی شراکت قائم کی۔ تاہم نویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے بابر اعظم (23) کو کے ایل راہل کے ہاتھوں کیچ کرا کر ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ محض 6 رنز کے اضافے کے بعد اکشر پٹیل نے امام الحق (10) کو رن آؤٹ کر دیا۔

اس کے بعد سعود شکیل اور محمد رضوان نے اننگز کو سنبھالا اور تیسری وکٹ کے لیے 104 رنز کی شراکت قائم کی۔ 33ویں اوور میں اکشر پٹیل نے محمد رضوان (46) کو آؤٹ کر کے اس اہم شراکت کو توڑا۔ 36ویں اوور میں ہاردک پانڈیا نے سعود شکیل کو پویلین بھیج کر پاکستان کو بڑا دھچکا دیا۔ سعود نے 76 گیندوں پر 62 رنز کی اننگز کھیلی جس میں پانچ چوکے شامل تھے۔

پاکستان کی مڈل آرڈر بیٹنگ ہندوستانی گیند بازوں کے آگے بے بس نظر آئی۔ طیب طاہر (4) کو رویندر جڈیجہ نے بولڈ کر دیا جبکہ 43ویں اوور میں کلدیپ یادو نے آغا سلمان (19) کو آؤٹ کیا۔ اسی اوور میں کلدیپ نے شاہین شاہ آفریدی کو کھاتہ کھولے بغیر ہی پویلین بھیج دیا۔


47ویں اوور میں کلدیپ نے نسیم شاہ (14) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو آٹھویں کامیابی دلائی، جبکہ حارث رؤف (8) بھی زیادہ دیر وکٹ پر نہ ٹھہر سکے۔ 49ویں اوور کی چوتھی گیند پر ہرشت رانا نے خوشدل شاہ کو وراٹ کوہلی کے ہاتھوں کیچ کرایا اور پاکستان کی اننگز 241 رنز پر ختم ہو گئی۔ خوشدل نے 39 گیندوں میں دو چھکوں کی مدد سے 38 رنز بنائے۔

ہندوستانی گیند بازوں کی کارکردگی شاندار رہی۔ کلدیپ یادو نے 3، ہاردک پانڈیا نے 2، جبکہ اکشر پٹیل، ہرشت رانا اور رویندر جڈیجہ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔ فیلڈنگ میں بھی ہندوستانی کھلاڑیوں نے عمدہ مظاہرہ کیا اور دو بلے بازوں کو رن آؤٹ کر کے پاکستان کو بڑا اسکور بنانے سے روکا۔

اب ہندوستانی بلے بازوں پر ذمہ داری ہے کہ وہ 242 رنز کا ہدف حاصل کر کے چیمپئنز ٹرافی میں اپنی جیت کا سلسلہ برقرار رکھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔