عالمی کپ: ایک ایسا ریکارڈ جو ہندوستان کے مقابلے نیوزی لینڈ کو ثابت کر رہا ہے مضبوط

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان عالمی کپ میں اب تک 7 میچ کھیلے جا چکے ہیں جن میں 4 میچ نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں۔ قابل ذکر بات یہ ہے کہ ان 4 میں سے 3 میچ نیوزی لینڈ نے انگلینڈ کی زمین پر ہی جیتے ہیں۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

پہلے سیمی فائنل میچ میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان کچھ ہی دیر میں مقابلہ شروع ہونے والا ہے اور بیشتر کرکٹ شیدائی ہندوستان کی جیت کی پیشین گوئی کرتے ہوئے نظر آ رہے ہیں۔ یہ پیشین گوئی یونہی نہیں کی جا رہی ہے بلکہ ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط بھی ہے اور گزشتہ چار سالوں میں نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستان کی کامیابی کا فیصد بھی تقریباً 70 ہے۔ لیکن ایک ریکارڈ ایسا ہے جہاں نیوزی لینڈ کو ہندوستان پر برتری حاصل ہے اور اس کے کھلاڑی اس ریکارڈ کو خراب نہیں کرنا چاہیں گے۔

دراصل ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان اب تک عالمی کپ میں 7 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں چار مقابلے نیوزی لینڈ نے جیتے ہیں۔ ہندوستان کو تین میچوں میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ عالمی کپ کے ریکارڈس کو دیکھا جائے تو نیوزی لینڈ ایسی ٹیم ہے جس کے خلاف ہندوستانی ٹیم کئی بار لڑکھڑاتی ہوئی نظر آئی ہے۔ یہاں غور کرنے والی بات یہ ہے کہ جن چار میچوں میں نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو شکست دی ہے، ان میں سے تین میچ تو انگلینڈ میں ہی کھیلے گئے تھے۔ یعنی کہ ایک بار پھر نیوزی لینڈ کے لیے موقع ہے کہ وہ انگلینڈ کی زمین پر ہندوستان کو ہرائے۔


جہاں تک ہندوستان کا سوال ہے، عالمی کپ میں اس نے انگلینڈ کی زمین پر نیوزی لینڈ کو کوئی میچ نہیں ہرایا۔ ہندوستانی ٹیم نے دو میچ ہندوستان میں جیتے اور ایک جنوبی افریقہ میں۔ یہاں قابل غور ہے کہ ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے ساتھ عالمی کپ میں آخری میچ 16 سال پہلے یعنی 2003 میں جنوبی افریقہ میں کھیلا تھا اور اس میچ میں سورو گانگولی کی قیادت میں بہترین کامیابی حاصل کی تھی۔

ہندوستان کے لیے اچھی بات یہ ہے کہ اب تک دونوں ٹیموں کے درمیان کھیلے گئے کل 106 یک روزہ میچوں میں 55 مقابلے ہندوستان نے جیتے جب کہ نیوزی لینڈ کو 45 میچوں میں کامیابی ملی۔ 5 میچ بے نتیجہ رہے اور ایک ٹائی رہا۔ گزشتہ دہائیوں میں ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط ہوئی ہے اور یہ بھی ہندوستان کے حق میں جاتا ہے۔


بہر حال، ہندوستانی ٹیم کو اور اس کے شیدائیوں کو یہ نہیں بھولنا چاہیے کہ 2019 عالمی کپ شروع ہونے سے قبل وارم اَپ میچ کے دوران نیوزی لینڈ نے ہندوستان کو بری طرح سے شکست دی تھی۔ اس میچ میں پوری ہندوستانی ٹیم 180 رن پر سمٹ گئی تھی اور اس کے لیے 39.2 اوور کھیل سکی تھی۔ نیوزی لینڈ نے 181 رن کا ہدف بہ آسانی حاصل کر لیا تھا۔ اس لیے ہندوستانی کپتان وراٹ کوہلی کو کسی بھی طرح کا جوکھم نہیں لینا چاہیے اور نیوزی لینڈ کے خلاف ایک بہترین ٹیم کا انتخاب کر کے میدان میں اترنا چاہیے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */