ہندوستان کو لگ سکتا ہے زوردار جھٹکا، بمراہ کا چوتھے ٹیسٹ میں کھیلنا مشکل!

بمراہ تیسرے ہندوستانی گیند باز ہیں جو سیریز کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ محمد سمیع ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں اور امیش یادو میلبورن میں دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔

جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
جسپریت بمراہ، تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سڈنی: زخمی کھلاڑیوں کے حوالے سے ہندوستان کی مشکلیں بڑھتی جا رہی ہیں اور اب اس کے اہم تیز گیند باز جسپریت بمراہ پیٹ میں کھینچاؤ کے سبب آسٹرلیا کے خلاف 15 جنوری سے برس بین میں ہونے والے چوتھے اور آخری ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔

ہندوستانی کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) نے پیر کی رات بیان جاری کرکے بتایا تھا کہ آل راؤنڈر رویندر جڈیجہ اپنے بائیں ہاتھ کے انگوٹھے کی ہڈی ٹوٹنے کے سبب چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو گئے ہیں۔ اسی کے اگلے دن اب یہ خبر آ رہی ہے کہ بمراہ بھی چوتھے ٹیسٹ سے باہر ہو سکتے ہیں۔ سمجھا جاتا ہے کہ ہندوستانی ٹیم مینیجمنٹ بمراہ کے حوالے سے کوئی جوکھم نہیں اٹھانا چاہتی ہے جن کے پیٹ کی عضلات میں کھینچاؤ ہے۔ بمراہ اس کھینچاؤ کے سبب سڈنی میں تیسرے ٹیسٹ کی دوسری پاری میں پریشان بھی نظر آئے تھے۔


بمراہ کے علاوہ ہندوستان بلے باز مینک اگروال کی فٹنیس کے حوالے سے بھی فکرمند ہے جنھیں میلبورن میں نیٹس میں چوٹ لگ گئی تھی۔ علاوہ ازیں آف اسپنر آر اشون اور بلے باز ہنوما وہاری کی فٹنیس کے حوالے سے بھی تشویش قائم ہے۔ اشون کی پیٹھ میں کھینچاؤ ہے اور انھیں سڈنی ٹیسٹ میں پسلیوں میں شارٹ پچ گیند بھی لگ گئی تھی جبکہ ہنوماوہاری کو ہَیمسٹرنگ چوٹ ہے جو انھیں سڈنی میں دوسری پاری میں سنگل لیتے وقت لگی تھی۔

اشون اور ہنوما نے چوٹ کے باوجود سڈنی میں معاون بلے بازی کی تھی اور 42.4 اوور تک بلے بازی کرکے میچ ڈرا کروایا تھا۔ بمراہ تیسرے ہندوستانی گیند باز ہیں جو سیریز کے دوران زخمی ہوئے ہیں۔ محمد سمیع ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں اور امیش یادو میلبورن میں دوسرے ٹیسٹ میں زخمی ہو کر سیریز سے باہر ہو گئے تھے۔ علاوہ ازیں بلے باز کے ایل راہل نیٹ پریکٹس میں کلائی میں چوٹ لگنے کے سبب سیریز سے باہر ہو گئے اور انھیں وطن واپس لوٹنا پڑا۔ زخمی کھلاڑیوں کی لسٹ میں اب بمراہ کا نام آ گیا ہے۔


ہندوستان کے پاس تیز گیند بازوں میں اب محمد سراج اور نودیپ سینی کے علاوہ شاردل ٹھاکر اور ٹی نٹراجن رہ گئے ہیں۔ سراج کے پاس دو ٹیسٹ اور سینی کے پاس ایک ٹیسٹ کا تجربہ ہے۔ ٹھاکر نے اپنا واحد ٹیسٹ 2018 میں کھیلا تھا جبکہ بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز نٹراجن کو اپنا ٹیسٹ ڈیبیو کرنا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */