جنوبی افریقہ نے ہندستان کا عالمی ریکارڈبنانے کاخواب پورا نہیں ہونے دیا، سات وکٹوں سے دی شکست

اگر ہندوستان یہ میچ جیت جاتا تو مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر نیا عالمی ریکارڈ بناتا لیکن جنوبی افریقہ نے اس کی امیدوں کو پورا نہیں ہونے دیا۔

فائل تصویر آئی اے این ایس
فائل تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

جنوبی افریقہ نے رئیسی وان ڈیر ڈوسن (75) اور ڈیوڈ ملر (64) کی دھماکہ خیز اننگز کی بدولت پہلے ٹی ٹوئنٹی میں ہندوستان کو پ سات وکٹوں سے شکست دے کر اس کا عالمی ریکارڈ بنانے کا خواب چکنا چور کردیا۔

دہلی کے ارون جیٹلی اسٹیڈیم میں 212 رن کے ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے جنوبی افریقہ نے 19.1 اوور میں تین وکٹ پر 212 رن بنا کر ہندوستان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا۔ ہندوستان اس وقت مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچ جیتنے کے معاملے میں افغانستان اور رومانیہ کے ساتھ برابری پر ہے۔ تینوں ٹیموں نے لگاتار بارہ بارہ میچ جیتے ہیں۔ اگر ہندوستان یہ میچ جیت جاتا تو مسلسل ٹی ٹوئنٹی میچ جیت کر نیا عالمی ریکارڈ بناتا لیکن جنوبی افریقہ نے اس کی امیدوں کو پورا نہیں ہونے دیا۔


ہندوستان کے 211رن کے جواب میں جنوبی افریقہ نے میچ کے تیسرے اوور میں کپتان ٹیمبا باوما کو کھو دیا۔ بھونیشور کمار نے باوما کو صرف (8) 10رن پر وکٹ کیپر رشبھ پنت کے ہاتھوں کیچ کرا دیا۔ تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے ڈوین پریٹوریئس نے 29 (13) رن کا دھماکہ خیز کیمیو کھیلا۔ پریٹوریئس نے اپنی اننگز میں چار چھکے اور ایک چوکا لگایا جب افریقہ نے 4.3 اوور میں 50 رن مکمل کر لیے۔ جنوبی افریقہ کے پانچ اووروں میں 60 رن بنانے کے بعد ہندوستان دباؤ میں تھا لیکن ہرشل پٹیل نے چھٹے اوور میں صرف ایک رن دے کر پریٹوریئس کی اہم وکٹ حاصل کی اور پاور پلے میں افریقہ کو 61 رن پر روک دیا۔

آٹھویں اوور میں جب افریقہ 81/2 پر تھا، کوئنٹن ڈی کاک (22) بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد افریقہ کی اننگز رک گئی اور اسے 100 رن تک پہنچنے میں 11.5 اوور لگے۔ افریقہ کو نو اوور میں جیت کے لیے 120 رن درکار تھے، جب ڈیوڈ ملر نے اننگز کا گیئر بدل دیا اور ان کی ٹیم نے اگلے چار اوور میں 56 رن جوڑے۔ یہاں سے ملر ڈوسن نے پیچھے مڑ کر نہیں دیکھا اور آخری اوور کی پہلی گیند پر میچ جیت لیا۔


میچ کے 16ویں اوور میں، شریس آئیر نے آویش خان کی گیند پر رسی وین ڈیر ڈوسن کے ہاتھوں کیچ ڈراپ کیا، جو بالآخر ہندوستان کے لیے مہنگا ثابت ہوا۔ ڈوسن نے 46 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 75 رن کی اپنی میچ جیتنے والی اننگز میں سات چوکے اور پانچ چھکے لگائے، جبکہ ملر نے 31 گیندوں پر چار چوکوں اور پانچ چھکوں کی مدد سے ناٹ آوٹ 64 رن بنائے۔

میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندستان نے ایشان کشن (76)، شریس ایر (36) اور ہاردک پانڈیا (31) کی طوفانی اننگز کی بدولت چار وکٹ پر 211 رن بناکر جنوبی افریقہ کو 212 رن کا ہدف دیا لیکن افریقہ نے آخر میں اس بڑے اسکور کو بھی چھوٹا ثابت کردیا ۔


ہندوستان کو ایک اچھی شروعات دلاتے ہوئے روتوراج گائیکواڈ اور ایشان کشن نے پاور پلے میں 51 رن جوڑے۔ وین پارنیل نے افریقہ کو میچ میں واپسی دلاتے ہوئے ساتویں اوور میں رتوراج گائیکواڈ کو ٹیمبا باوما کے ہاتھوں کیچ آوٹ کرا دیا۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کے لیے آنے والے شریس ایر نے بائیں ہاتھ کے چائنا مین تبریز شمسی کو نشانہ بناتے ہوئے اننگز کی رفتار بڑھائی کیونکہ ہندوستان نے 9.4 اوور میں 100 رن کا ہندسہ چھو لیا۔ ائیر کو بھی اننگز میں لائف لائن ملی جب انہوں نے کیشو مہاراج پر شاٹ لینے کی کوشش کی اور کوئنٹن ڈی کاک انہیں اسٹمپ کرنے سے چوک گئے۔ اس وقت ائیر 25 رن پر کھیل رہے تھے تاہم وہ اس کا فائدہ نہیں اٹھا سکے اور اس کے بعد وہ 14 گیندوں پر صرف 11 رن ہی بنا سکے۔ ائیر نے اپنی 36 (27) کی اننگز میں ایک چوکا اور تین چھکے لگائے۔


دوسری جانب ایشان کشن نے اپنی نصف سنچری مکمل کرنے کے بعد ہاتھ کھولے اور مہاراج کے تیسرے اور میچ کے 13ویں اوور میں دو چھکے اور دو چوکے لگائے تاہم وہ اسی اوور کی آخری گیند پر ٹرسٹان اسٹبس کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوگئے۔ ایشان نے 48 گیندوں میں 11 چوکوں اور تین چھکوں کی مدد سے 76 رن بنائے۔

اننگز کے آخری چار اووروں میں ہندوستان نے ہاردک پانڈیا اور رشبھ پنت (29) کی بدولت 56 رن جوڑے۔ پنت نے اپنی 16 گیندوں کی اننگز میں 29 رن بنائے، جن میں دو چھکے اور دو چوکے شامل تھے، جب کہ پانڈیا نے 12 گیندیں کھیل کر 31 رن کا اضافہ کیا، جن میں دو چوکے اور تین چھکے شامل تھے۔جنوبی افریقہ کے لیے پارنیل نے کفایتی گیندبازی کرتے ہوئے اپنے چار اوور میں 32 رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔ افریقہ کے دونوں اسپن گیندباز مہنگے ثابت ہوئے۔ مہاراج نے تین اوور میں ایشان کشن کی وکٹ کے لیے 43 رن دیے جب کہ تبریز شمسی دو اوور میں 27 رن دے کر کوئی وکٹ نہ لے سکے۔


اس کے علاوہ کاگیسو ربادا نے 4 اوور میں 35 رن، اونریک نورکھیا نے 4 اوور میں 36 رن اور ڈیوین پریٹوریئس نے 3 اوور میں 35 رن دیے۔ نورکھیا-پریٹوریس کی بھی ایک ایک وکٹ ملا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔