ورون کا پانچ وکٹ لینا بھی کام نہ آیا، انگلینڈ نے ہندوستانی ٹیم کو شکست دی
ہندوستانی ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا تیسرا میچ راجکوٹ کے نرنجن شاہ کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ منگل کو ہونے والے اس میچ میں انگلینڈ کی ٹیم نے کامیابی حاصل کی۔
تصویر بشکریہ آئی اے این ایس
جوس بٹلر کی کپتانی میں انگلینڈ کی ٹیم نے ہندوستان کے خلاف ٹی ٹوئنٹی سیریز میں فتح حاصل کی ۔ اسے یہ کامیابی راجکوٹ میچ میں ملی۔ سیریز کا یہ تیسرا میچ 28 جنوری کو کھیلا گیا، جس میں انگلینڈ نے 26 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ حالانکہ پہلے دو میچ جیت کر ہندوستانی ٹیم اس سیریز میں اب بھی 2-1 سے آگے ہے۔
راجکوٹ میں اسٹار اسپنر ورون چکرورتی کے پانچ وکٹ بھی ہندوستانی ٹیم کے کام نہ آئے۔ واضح رہےکہ ورون نے میچ میں 5 وکٹ لیے ، اس کے باوجود ٹیم انڈیا کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔ دراصل، ہندوستانی ٹیم اور انگلینڈ کے درمیان 5 میچوں کی T20 سیریز کا تیسرا میچ کل منگل کو راجکوٹ میں ہوا۔ اس میچ میں انگلینڈ نے ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 172 رنز کا ہدف دیا۔ جواب میں ہندوستانی ٹیم 9 وکٹوں پر صرف 146 رنز بنا سکی اور میچ ہار گئی۔
میچ میں ہندوستانی ٹیم کی جانب سے ہاردک پانڈیا نے 35 گیندوں میں سب سے زیادہ 40 رنز بنائے۔ جبکہ ابھیشیک شرما صرف 24 رنز بنا سکے۔ ان کے علاوہ کوئی اور بلے باز 20 کا ہندسہ نہیں چھو سکا۔ انگلینڈ کی جانب سے فاسٹ بولر جیمی اوورٹن نے سب سے زیادہ 3 وکٹیں حاصل کیں۔ جب کہ جوفرا آرچر اور برائیڈن کارس نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔
میچ میں ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرنے آئی انگلینڈ کی ٹیم کا آغاز خراب رہا۔ انہوں نے پہلی وکٹ 7 رنز پر گنوائی۔ ہاردک پانڈیا نے فل سالٹ کو کیچ آؤٹ کیا۔ لیکن انگلش کپتان جوس بٹلر اور بین ڈکٹ نے صرف 45 گیندوں پر 76 رنز کی شراکت داری سے اننگز کو آگے بڑھایا۔
اس کے بعد ہندوستانی اسپنرز بالخصوص ورون چکرورتی نے اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کیا۔ انگلینڈ کو دوسرا جھٹکا 83 رنز پر لگا۔ ورون نے بٹلر کو اپنا شکار بنایا۔ یہاں سے انگلینڈ کی ٹیم بالکل سنبھل نہ سکی اور 9 وکٹوں کے نقصان پر 171 رنز ہی بنا سکی۔
بین ڈکٹ نے 28 گیندوں پر 51 رنز بنائے۔ جبکہ لیام لیونگسٹون نے 24 گیندوں پر 43 رنز بنائے۔ کپتان بٹلر صرف 24 رنز بنا سکے۔ ہندوستانی ٹیم کی جانب سے ورون چکرورتی نے 24 رنز کے عوض 5 وکٹیں حاصل کیں۔ ہاردک پانڈیا نے 2 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ روی بشنوئی اور اکشر پٹیل کو ایک ایک کامیابی ملی۔
ورون چکرورتی نے یہ 5 وکٹیں لے کر تاریخ رقم کی ہے۔ وہ ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان دو طرفہ T20 سیریز میں 10 یا اس سے زیادہ وکٹیں لینے والے پہلے بولر بن گئے ہیں۔ اس سے پہلے یجویندر چہل ایک سیریز میں زیادہ سے زیادہ 8 وکٹیں لینے میں کامیاب رہے تھے۔ انگلینڈ کی جانب سے ایک سیریز میں سب سے زیادہ وکٹیں لینے کا ریکارڈ کرس جارڈن کے پاس ہے، انہوں نے 8 وکٹیں حاصل کیں۔
ہندوستانی ٹیم کو انگلینڈ کے خلاف ٹی 20 انٹرنیشنل میں برتری حاصل رہی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان اب تک 27 ٹی ٹوئنٹی میچز کھیلے جا چکے ہیں۔ اس میں ہندوستانی ٹیم نے 15 میچ جیتے جبکہ انگلینڈ کو 12 میں کامیابی ملی۔ اس طرح جب بھی دونوں ٹیمیں آمنے سامنے آئیں، ہندوستانی ٹیم ہمیشہ برتری رکھتی نظر آئی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔