ایڈیلیڈ میں شکست کے ساتھ ہندوستان نے گنوائی سیریز، دوسرے ون ڈے میں آسٹریلیا کی 2 وکٹوں سے جیت
ہندوستان کے خلاف آسٹریلیا کی جیت میں میتھیو شارٹ و کوپر کونولی کی شاندار نصف سنچریوں اور مین آف دی میچ اسپین گیند باز ایڈم جمپا کا اہم کردار رہا۔

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان کھیلی جا رہی 3 میچوں کی ون ڈے سیریز کے دوسرے مقابلہ میں ٹیم انڈیا کو 2 وکٹوں سے شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ آسٹریلیا کی جیت میں میتھیو شارٹ اور کوپر کونولی کی شاندار نصف سنچریوں اور مین آف دی میچ اسپین گیند باز ایڈم جمپا کا اہم کردار رہا۔ میتھیو شارٹ نے 4 چوکے اور 2 چھکے کی مدد سے 74 رن بنائے اور کوپر کونولی نے 5 چوکے اور 1 چھکے کی مدد سے دباؤ میں شاندار 61 رن کی اننگ کھیلی۔ ایڈم جمپا نے 10 اوورس کی گیند بازی میں 60 رن دے کر شریئس ایر، اکشر پٹیل، کے ایل راہل اور نتیش ریڈی کو اپنا شکار بنایا۔
شبھمن گل کی قیادت والی انڈین ٹیم پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 9 وکٹوں کے نقصان پر 264 رن ہی بنا سکی۔ اس ہدف کو میزبان آسٹریلیا نے 46.2 اوورس میں 8 وکٹوں کے نقصان پر حاصل کر لیا۔ پہلے بلے بازی کرنے اتری انڈین ٹیم کی شروعات انتہائی خراب رہی کپتان شبھمن گل 9 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد بلے بازی کرنے آئے ٹیم انڈیا کے مایہ ناز بلے باز وراٹ کوہلی نے ایک بار پھر اپنے شائقین کو مایوس کیا اور سیریز کے دوسرے مقابلہ میں بھی صفر پر آؤٹ ہو گئے۔ کے ایل راہل بھی 11 رن کے اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ انڈیا کی جانب سے سابق کپتان روہت شرما (73)، شریئس ایر (61) اور اکشر پٹیل (44) نے مزاحمتی اننگ کھیلی۔ آسٹریلیا کی جانب سے مین آف دی میچ ایڈم جمپا نے 4، بار لیٹ نے 3 اور اسٹارک نے 2 وکٹ حاصل کیا۔
واضح رہے کہ 17 سال بعد ایڈیلیڈ میں ہندوستانی ٹیم کو ون ڈے میں شکست کا سامنا کرنا پڑا۔ اپنی ٹیسٹ کپتانی میں پہلے انگلینڈ دورے اور اس کے بعد گھر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے شبھمن گل کا جادو ون ڈے میں نہیں چل پایا۔ موجودہ ون ڈے سیریز کے دونوں میچ میں شبھمن گل نے بلے بازی سے کافی مایوس کیا پہلے میچ میں 10 اور دوسرے ون ڈے میں 9 رن ہی بنا پائے۔ ٹیم انڈیا کے لیے مثبت پہلو یہ ہے کہ روہت شرما پہلے ون ڈے کے مقابلے دوسرے ون ڈے میں بہترین بلے بازی کا مظاہرہ کیا ہے۔ حالانکہ وراٹ کوہلی کا فارم اب بھی ٹیم کے لیے باعث تشویش ہے۔