وشاکھاپٹنم ون ڈے میں ہندوستان کی 10 وکٹوں سے شکست، سیریز 1-1 سے برابر

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا جو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں اس کا سب سے کم اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے 118 رنز کا ہدف صرف 11 اوورز میں حاصل کر لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر آئی اے این ایس</p></div>

تصویر آئی اے این ایس

user

یو این آئی

وشاکھاپٹنم: آسٹریلیا نے بائیں ہاتھ کے تیز گیند باز مچل اسٹارک (53/5) کی جارحانہ گیند بازی کے بعد مچل مارش (66 ناٹ آؤٹ) اور ٹریوس ہیڈ (51 ناٹ آؤٹ) کی دھماکہ خیز نصف سنچریوں کی بدولت اتوار کو دوسرے ون ڈے میں ہندوستان کو 10 وکٹوں سے روند کر تین میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کر دی۔

ٹاس ہارنے کے بعد پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستان 117 رنز پر آل آؤٹ ہوگیا جو آسٹریلیا کے خلاف ون ڈے کرکٹ میں اس کا سب سے کم اسکور ہے۔ آسٹریلیا نے 118 رنز کا ہدف صرف 11 اوورز میں حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی جانب سے وراٹ کوہلی نے 35 گیندوں میں چار چوکوں کی مدد سے سب سے زیادہ 31 رنز بنائے، جبکہ اکشر پٹیل 29 گیندوں پر 29 رنز بنانے کے بعد ناٹ آؤٹ رہے۔ میزبان ٹیم کے سات بلے باز ڈبل فیگرز کو بھی نہ چھو سکے۔


آسٹریلوی اننگز کا آغاز کرتے ہوئے مارش اور ہیڈ نے 66 گیندوں پر 121 رنز کی ناٹ آؤٹ شراکت داری کرکے کینگروز کو فتح دلائی۔ بھارت کے خلاف آسٹریلیا کی یہ سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل کینگروز نے 2020 میں ممبئی میں بھارت کو 10 وکٹوں سے شکست دی تھی، حالانکہ اس وقت آسٹریلیا نے ہدف حاصل کرنے میں 37.4 اوورز کا وقت لیا تھا۔

آسٹریلیا کی تاریخی جیت میں مارش نے 36 گیندوں پر چھ چوکوں اور چھ چھکوں کی مدد سے شاندار 66 رنز بنائے جبکہ ہیڈ نے 30 گیندوں پر 10 چوکوں کی مدد سے 51 رنز بنائے۔ یہ ون ڈے کرکٹ میں آسٹریلیا کی تیسری سب سے بڑی جیت بھی ہے۔ سیریز کا تیسرا اور فیصلہ کن میچ 22 مارچ کو چنئی کے چدمبرم اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */