ہندوستان مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ کے فائنل میں

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے ہندوستان کا مقابلہ اب آسٹریلیا سے ہوگا جو پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

قومی آوازبیورو

تاریخ رقم کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم نے مسلسل دوسری مرتبہ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں جگہ بنائی ہے۔ اس وقت ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان سیریز کا آخری ٹیسٹ میچ احمد آباد میں کھیلا جا رہا ہے، اسی دوران یہ خوشخبری نیوزی لینڈ کے ایک میچ سے سامنے آئی ہے۔ سری لنکا اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹیسٹ میچ ختم ہو گیا ہے، جس میں نیوزی لینڈ نے 2 وکٹوں سے جیت حاصل کی ہے اور اس کے ساتھ ہی ٹیم انڈیا نے ورلڈ ٹیسٹ چیمپین شپ 2023 کے فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے لیے ہندوستان کا مقابلہ اب آسٹریلیا سے ہوگا جو پہلے ہی فائنل کے لیے کوالیفائی کر چکی ہے۔ یہ میچ 7 سے 11 جون تک لندن کے اوول گراؤنڈ میں کھیلا جائے گا، 12 جون کو ہونے والے اس میچ کے لیے ریزرو دن بھی رکھا گیا ہے۔ ٹیم انڈیا مسلسل دوسری بار ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچی ہے۔ اس سے قبل اسے فائنل میں نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔


اندور ٹیسٹ میں ہندوستان کی شکست نے ورلڈ ٹسٹ چمپئن شپ کے فائنل کی مساوات کو دلچسپ بنا دیا تھا اور ٹیم انڈیا کو فائنل کے ٹکٹ کے لیے کچھ وقت انتظار کرنا پڑا تھا۔ اندور ٹیسٹ جیت کر آسٹریلیا کی جگہ یقینی ہو گئی تھی لیکن بھارت کا انحصار سری لنکا-نیوزی لینڈ ٹیسٹ میچ پر رہا۔ سری لنکا اس وقت نیوزی لینڈ میں دو ٹیسٹ میچوں کی سیریز کھیل رہا ہے، اسے فائنل میں پہنچنے کے لیے سیریز 2-0 سے جیتنا تھی جو وہ جیت نہ سکا۔

کرائسٹ چرچ میں کھیلے گئے اس ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں سری لنکا نے 355 رنز کا بڑا اسکور بنایا جس کے جواب میں نیوزی لینڈ نے پہلی اننگز میں 373 رنز بنائے۔ یہاں ڈیرل مچل نے شاندار سنچری اسکور کی۔ لیکن جواب میں سری لنکا نے دوسری اننگز میں جوابی حملہ کیا اور 302 رنز بنائے، جس میں اینجلو میتھیوز کی سنچری بھی شامل تھی۔ ایسے میں سری لنکا نے نیوزی لینڈ کو جیت کے لیے 285 رنز کا ہدف دیا، آخری روز یہ ہدف حاصل کرنا مشکل نہ تھا۔ تاہم نیوزی لینڈ نے آخری اوور میں میچ کو اپنے نام کر لیا اور آخر میں فتح حاصل کی۔


حیرت انگیز بات یہ ہے کہ ہندوستان پہلے عالمی ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں بھی پہنچا تھا جہاں اسے نیوزی لینڈ کے ہاتھوں شکست ہوئی تھی۔ اب ہندوستان دوسری ٹیسٹ چیمپئن شپ کے فائنل میں پہنچ گیا ہے اور اس بار یہ صرف نیوزی لینڈ کی وجہ سے ممکن ہوا ہے۔ اگر نیوزی لینڈ یہ میچ ہار جاتا تو ٹیم انڈیا کے لیے فائنل میں پہنچنا مشکل تھا۔ ہندوستان نے اس چیمپئن شپ میں کل 18 میچ کھیلے جن میں سے 10 جیتے اور 5 ہارے جبکہ 3 ٹیسٹ ڈرا ہوئے۔ ٹیم انڈیا پوائنٹ ٹیبل میں نمبر 2 پر برقرار ہے جبکہ آسٹریلیا 19 میچوں میں 11 جیت کے ساتھ نمبر 1 پر برقرار ہے۔ ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ میں ہر ٹیم کو 6-6 سیریز کھیلنی تھیں جن میں 3 ملکی اور 3 بیرون ملک تھیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔