ہندوستان-انگلینڈ ٹیسٹ سیریز: زخمی پیر کے ساتھ بلے بازی کرنے اترے رشبھ پنت، حوصلہ کے سامنے درد کی ہوئی شکست
ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے دن جب 37 رنوں کے انفرادی اسکور پر تھے تو کرس ووکس کی ایک گیند پر زخمی ہو گئے تھے۔

تصویر@StarSportsIndia
ملک کے لیے کھیلنا کسی بھی کھلاڑی کے لیے باوقار لمحہ ہوتا ہے، اور اس وقار کو برقرار رکھنا ہر کسی کے لیے آسان نہیں ہوتا۔ جو مضبوط کھلاڑی ہوتے ہیں وہ مشکل وقت میں بھی ملک کی نمائندگی کرنے سے پیچھے نہیں ہٹتے۔ کچھ ایسا ہی نظارہ انگلینڈ کے مانچسٹر واقع اولڈ ٹریفرڈ کرکٹ گراؤنڈ پر دیکھنے کو ملا جب رشبھ پنت زخمی پیر کے باوجود بلے بازی کرنے میدان میں اترے۔
قابل ذکر ہے کہ ہندوستانی کرکٹ ٹیم کے وکٹ کیپر بلے باز رشبھ پنت مانچسٹر ٹیسٹ کے پہلے دن جب 37 رنوں کے انفرادی اسکور پر تھے تو کرس ووکس کی ایک گیند پر زخمی ہو گئے تھے۔ ایک گیند ان کے داہنے پیر کی چھوٹی انگلی پر لگی تھی اور وہ شدید درد کے سبب میدان سے باہر چلے گئے تھے۔ آج یہ خبر ملی کہ انگلی میں فریکچر ہے اور پنت کو 6 ہفتوں تک آرام کرنا پڑ سکتا ہے۔ بعد میں بی سی سی آئی نے جانکاری دی کہ ہندوستانی ٹیم کو ضرورت پڑی اور رشبھ پنت بہتر نظر آئے تو وہ کھیلنے کے لیے میدان پر اتر سکتے ہیں۔ امید کی جا رہی تھی کہ وہ ہندوستان کی دوسری اننگ میں بلے بازی کریں گے، لیکن آج جب ہندوستانی بلے باز شاردُل ٹھاکر آؤٹ ہوئے تو سبھی رشبھ پَنت کو میدان میں اترتا دیکھ کر حیران رہ گئے۔
ہندوستان کا اسکور 314 رن پر 6 وکٹ تھا جب رشبھ پنت اپنے زخمی پیر کے ساتھ میدان میں اترے۔ اسٹیڈیم میں موجود لوگوں نے تالیوں کے ساتھ رشبھ پنت کے حوصلے کو سلام پیش کیا۔ جب رشبھ پَنت بلے بازی کر رہے تھے تو صاف دکھائی دے رہا تھا کہ وہ درد میں ہیں۔ لیکن ان کے حوصلہ نے درد کو شکست دے دی۔ وہ میدان پر رن کے لیے تیزی کے ساتھ دوڑ نہیں پا رہے تھے، لیکن انگلش گیندبازوں کا انتہائی بہادری کے ساتھ سامنا کر رہے تھے۔ وہ 39 رن کے انفرادی اسکور پر تھے جب بارش ہونے لگی اور پھر امپائروں نے لنچ بریک کا اعلان کر دیا۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 6 وکٹ کے نقصان پر 321 رن تھا۔ رشبھ پَنت کے ساتھ واشنگٹن سندر 20 رن کے انفرادی اسکور پر ناٹ آؤٹ ہیں۔ وہ رشبھ کے زخمی پیر کا خیال کرتے ہوئے 2 رنوں کی جگہ ایک رَن بھاگ رہے ہیں، اور ہندوستانی کرکٹ شائقین امید کر رہے ہیں کہ یہ جوڑی طویل بلے بازی کر انگلش گیندبازوں کو نہ صرف تھکائے، بلکہ کچھ زیادہ رن بھی بورڈ پر نظر آئیں۔ بہرحال، کئی مایاناز سابق کرکٹرس اور مشہور شخصیات رشبھ پنت کے حوصلے کی تعریف کر رہے ہیں۔ کچھ شخصیات کے ذریعہ سوشل میڈیا پر پنت کی تعریف میں کی گئی پوسٹس ذیل میں دی جا رہی ہیں۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔