جنوبی افریقہ کے خلاف ہندوستان کی تاریخ ساز فتح میں روہت اور محمد شامی چمکے

ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو سیریز میں 0-3 سے شکست دے کر وہائٹ واش کر دیا ہے۔ تیسرے ٹسٹ میں ایک اننگ اور 202 رن سے جیت ہندوستان کی جنوبی افریقہ پر سب سے بڑی جیت ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف ٹسٹ سیریز پر 0-3 سے قبضہ کر کے ایک سنہری تاریخ رقم کر دی ہے۔ تین میچوں کی ’گاندھی-منڈیلا‘ ٹسٹ سیریز میں ہندوستان کے بلے بازوں اور گیندبازوں، دونوں نے ہی بہترین کارکردگی کا نمونہ پیش کیا اور یہی وجہ ہے کہ آخری ٹسٹ میں جنوبی افریقہ کو ایک اننگ اور 202 رن سے شکست فاش کا سامنا کرنا پڑا۔ ہندوستان کی طرف سے پوری سیریز میں بہترین بلے بازی کرنے والے روہت شرما کو مین آف دی سیریز اور مین آف دی میچ کا ایوارڈ ملا۔ محمد شامی کو ’اسٹار آف دی میچ‘ کے اعزاز سے نوازا گیا۔

اس سے قبل ہندوستان نے اپنی پہلی پاری 9 وکٹ کے نقصان پر 497 رنوں پر ڈکلیئر کر دی تھی۔ ہندوستان کی طرف سے دوسری اننگ میں سب سے زیادہ وکٹ لینے کی اگر بات کریں تو محمد شامی کو 3، امیش یادو کو 2، شہباز ندیم کو 2 اور اشون و جڈیجہ کو 1-1 وکٹ ملے۔


رانچی ٹسٹ جب شروع ہوا تھا تو تین میچوں کی سیریز میں ہندوستانی ٹیم 0-2 سے آگے تھی اور اس کا ارادہ رانچی ٹسٹ جیت کر وہائٹ واش کرنے کا تھا جس میں اسے کامیابی حاصل ہوئی۔ رانچی ٹسٹ میں ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کی تھی اور 9 وکٹ کے نقصان پر 497 رن بناتے ہوئے پاری ڈکلیئر کر دی تھی۔ 497 رن کا پیچھا کرتے ہوئے جنوبی افریقہ کی ٹیم تاش کے پتوں کی طرح بکھر گئی۔ ہندوستانی گیندبازوں نے پوری ٹیم کو محض 162 رن پر سمیٹ دیا اور فالو آن کھیلنے پر مجبور کر دیا۔ ہندوستان کو پہلی اننگ میں 335 رن کی سبقت حاصل ہو چکی تھی۔

دوسری اننگ کے لیے جب جنوبی افریقہ کے بلے باز میدان پر اترے تو حالت پہلی اننگ جیسی ہی دیکھنے کو ملی۔ حالت یہ رہی کہ چوتھے دن صرف 12 گیندوں کا کھیل ہو سکا اور پوری ٹیم 133 رن پر پویلین لوٹ گئی۔ چوتھے دن ہندوستان کو جیت کے لیے محض 2 وکٹ درکار تھے اور جب منگل کے روز کا دوسرا اوور پھینکا جا رہا تھا تو گیند شہباز ندیم کے ہاتھوں میں تھی۔ وہ آج پھینکے گئے اپنے پہلے اوور کی آخری دو گیندوں میں 2 وکٹ لینے میں کامیاب ہو گئے اور ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم جشن منانے میں مشغول ہو گئی۔


اس ٹسٹ سیریز میں بلے بازی میں جہاں روہت شرما اور مینک اگروال چھائے رہے وہیں گیندبازی میں محمد شامی کی کارکردگی انتہائی متاثر کن رہی۔ محمد شامی نے اس سیریز میں 13 وکٹ لیے۔ دوسری طرف امیش یادو، روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ نے بھی گیند سے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ شہباز ندیم نے بھی آخری ٹسٹ میں (جو کہ ان کا پہلا ٹسٹ میچ تھا) لوگوں کو کافی متاثر کیا۔ روہت شرما کے لیے یہ سیریز بطور سلامی بلے باز کافی یادگار ثابت ہوئی۔ انھوں نے اس سیریز میں کل 529 رن بنائے۔ تیسرے ٹسٹ میں روہت شرما نے ڈبل سنچری بھی بنائی۔ اس سیریز کے پہلے ٹسٹ کی دونوں پاریوں میں وہ سنچری بھی بنا چکے تھے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔