ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 106 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کی، سوریہ کمار کی سنچری، کلدیپ کا پنجہ

کپتان سوریہ کمار کی سنچری کے بعد کلدیپ یادو کی زبردست بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے تیسرے ٹی-20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 106 رن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے میں کامیابی حاصل کی

<div class="paragraphs"><p>سوریہ کمار یادو / آئی اے این ایس</p></div>

سوریہ کمار یادو / آئی اے این ایس

user

یو این آئی

جوہانسبرگ: کپتان سوریہ کمار یادو (100) کی سنچری کے بعد کلدیپ یادو (17 رن پر 5 وکٹ) کی زبردست بولنگ کی مدد سے ہندوستان نے جمعرات کو تیسرے ٹی-20 میچ میں جنوبی افریقہ کو 106 رن سے شکست دے کر 3 میچوں کی سیریز کو 1-1 سے برابر کرنے میں کامیابی حاصل کی۔

وانڈررز اسٹیڈیم میں پہلے کھیلتے ہوئے ہندوستان نے 20 اوورز میں سات وکٹوں کے نقصان پر 201 رنز بنائے جس کے جواب میں جنوبی افریقہ کی پوری ٹیم 13.5 اوورز میں 95 رنز بنا کر پویلین لوٹ گئی۔

سوریہ کمار یادو اور یشسوی جیسوال (60) کے درمیان 112 رنز کی شراکت کے بعد کلدیپ یادو کی مہلک گیند بازی نے ہندوستان کی جیت میں اہم کردار ادا کیا۔ اپنی 29ویں سالگرہ کے موقع پر کلدیپ نے وانڈررز کی پچ پر جنوبی افریقی بلے بازوں پر تہلکہ مچا دیا اور ایک کے بعد ایک وکٹ حاصل کی۔ اپنی اننگز کے تیسرے اور 14ویں اور آخری اوور میں انہوں نے ڈیوڈ ملر (35)، لیزرڈ ولیمز (0) اور نینڈرے برجر (1) کو آؤٹ کرکے میزبان ٹیم کا پلڑا بھاری کردیا۔ یہ اپنے ٹی 20 کیریئر میں تیسرا موقع ہے جب کلدیپ پانچ وکٹ لینے میں کامیاب رہے ہیں۔


ملر کے علاوہ صرف کپتان ڈیوڈ مارکرم (25) ہی ہندوستانی گیند بازوں کے سامنے کچھ ہمت دکھا سکے۔ جنوبی افریقہ کے سات بلے باز اپنے اسکور کو دوہرے ہندسے تک لے جانے میں ناکام رہے۔ کلدیپ کے علاوہ رویندرا جڈیجہ نے دو جبکہ محمد سراج اور ارشدیپ سنگھ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی۔

اس سے قبل کھیلتے ہوئے ہندوستان نے تیز شروعات کی لیکن کیشو مہاراج نے اننگز کے تیسرے اوور میں اوپنر شبھمن گل (8) اور تلک ورما (0) کو چلتا کر مہمان ٹیم کو بیک فٹ پر دھکیلنے کی کامیاب کوشش کی۔ تاہم، نئے بلے باز کے طور پر سوریہ کمار نے کریز سنبھالی اور پہلے سے موجود یشسوی جیسوال کے ساتھ بغیر کسی خوف کے اسکور بورڈ کو تیزی سے چلانا جاری رکھا۔ دونوں بلے بازوں نے میدان کے چاروں طرف رنز کی بارش کی۔

جنوبی افریقہ اننگز کے 14ویں اوور میں ہندوستان کی خطرناک شراکت کو توڑنے میں اس وقت کامیاب ہوا جب تبریز شمسی کی فل لینتھ گیند کو اڑانے کی کوشش میں یشسوی جیسوال لانگ آف پر کیچ آؤٹ ہوگئے۔ یشسوی کے آؤٹ ہونے کا اثر رن ریٹ پر پڑا کیونکہ نئے بلے باز رنکو سنگھ (14) آج توقع کے مطابق کارکردگی دکھانے میں ناکام رہے جبکہ دوسرے سرے پر سنچری مکمل کرنے والے سوریہ نے بھی لیزرڈ ولیمز کی گیند پر رن ​​ریٹ بڑھانے کی کوشش میں اپنی وکٹ گنوائی۔


سوریہ نے اپنے ٹی ٹوئنٹی کیریئر کی تیسری سنچری اننگز میں 56 گیندیں کھیلیں اور سات چوکے اور آٹھ چھکے لگائے۔ جیتیش شرما اپنے دوسرے میچ میں بھی ناکام ثابت ہوئے اور چار رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے جبکہ رویندرا جڈیجہ بھی چار رنز پر رن ​​آؤٹ ہونے کے بعد واپس لوٹ گئے۔ نتیجتاً ہندوستانی ٹیم جو ایک وقت میں 220 کے قریب اسکور پر نظر آ رہی تھی، صرف 201 رنز بنانے میں کامیاب رہی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔