ہندوستان نے تیسرے وَنڈے میں بھی نیوزی لینڈ کو دی شکست، 90 رن سے جیت حاصل کر رینکنگ میں بنا ’ورلڈ نمبر 1‘

ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 386 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن پوری ٹیم 41.2 اوورس میں محض 295 رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔

<div class="paragraphs"><p>کپ کے ساتھ ہندوستانی ٹیم</p></div>

کپ کے ساتھ ہندوستانی ٹیم

user

قومی آوازبیورو

ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے نیوزی لینڈ کے خلاف اندور میں کھیلے گئے تیسرے اور آخری وَنڈے میچ میں 90 رنوں کے بڑے فرق سے جیت حاصل کر لی ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے تین میچوں کی وَنڈے سیریز پر 0-3 سے قبضہ کر لیا ہے۔ اتنا ہی نہیں، نیوزی لینڈ کا وَنڈے سیریز میں مکمل صفایہ کرنے کے ساتھ ہی ہندوستان نے آئی سی سی وَنڈے رینکنگ میں دنیا کی نمبر 1 ٹیم ہونے کا تمغہ بھی حاصل کر لیا۔

آج کھیلے گئے میچ میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کے سامنے جیت کے لیے 386 رنوں کا ہدف رکھا تھا، لیکن پوری ٹیم 41.2 اوورس میں محض 295 رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے ڈوین کانوے نے شاندار سنچری بنائی، لیکن وہ ٹیم کو جیت دلانے میں کامیاب نہیں ہو سکے۔ ڈوین کانوے نے 100 گیندوں میں 138 رنوں کی اننگ کھیلی، لیکن عمران ملک کی ایک تیز گیند پر وہ ہندوستانی کپتان روہت شرما کو کیچ دے بیٹھے۔ ڈوین کانوے نے بھلے ہی اچھی بلے بازی کی، لیکن باقی بلے بازوں کا انھیں ساتھ نہیں مل سکا۔ ہنری نکولس نے 40 گیندوں پر 42 رن اور مشیل سینٹنر نے 34 رن بنائے، جو کہ 386 رنوں کا ہدف حاصل کرنے کے لیے بہت کم تھے۔


ہندوستان کی طرف سے گیندبازی میں شاردل ٹھاکر اور کلدیپ یادو سب سے زیادہ کامیاب ثابت ہوئے جنھیں 3-3 وکٹ حاصل ہوئے۔ یجویندر چہل کو 2 وکٹ اور عمران ملک و ہاردک پانڈیا کو 1-1 وکٹ حاصل ہوئے۔ ہندوستان کی طرف سے صرف واشنگٹن سندر ایسے گیندباز رہے جنھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔

اس سے قبل ہندوستان کے لیے سلامی بلے باز روہت شرما اور شبمن گل نے تیز طرار سنچری لگاتے ہوئے ٹیم کو بہترین شروعات دی۔ روہت شرما نے 101 اور شبمن گل نے 112 رنوں کی اننگ کھیلی۔ پھر وراٹ کوہلی (36 رن)، ایشان کشن (17 رن)، شاردل ٹھاکر (25 رن) وغیرہ نے چھوٹی لیکن اہم پاریاں کھیلیں۔ ہاردک پانڈیا نے آخر میں تیزی کے ساتھ 38 گیندوں پر 54 رن کی اننگ کھیلی جس کی وجہ سے 385 رنوں کا پہاڑ کھڑا ہو گیا۔ نیوزی لینڈ کی طرف سے صرف لاکی فرگوسن (10 اوور میں 53 رن) اور مشیل سینٹنر (10 اوور میں 58 رن) ہی رنوں پر کچھ قابو رکھ سکے، لیکن انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔ 3-3 وکٹ جیکب ڈفی اور بلیئر ٹکنر کو حاصل ہوئے، لیکن انھوں نے اپنے 10-10 اوورس میں بالترتیب 100 اور 76 رن خرچ کر دیے۔ 1 وکٹ مائیکل بریسویل کو حاصل ہوا جنھوں نے 6 اوور میں 51 رن دیے۔ ڈیرل مشیل نے بھی 4 اوور میں 41 رن لٹا دیے اور انھیں کوئی وکٹ حاصل نہیں ہوا۔


آج کے میچ میں شاردل ٹھاکر کی بہترین گیندبازی اور 25 رن کے لیے انھیں مین آف دی میچ ایوارڈ سے نوازا گیا۔ مین آف دی سیریز کا ایوارڈ شبمن گل کو دیا گیا جنھوں نے 3 میچ میں مجموعی طور پر 360 رن بنائے۔ اب ہندوستان کو نیوزی لینڈ کے ساتھ 3 میچوں کی ٹی-20 سیریز کھیلنی ہے جو کہ 27 جنوری سے شروع ہونے والی ہے۔ بہرحال، سیریز پر 0-3 سے قبضہ کرنے کے ساتھ ہی ہندوستانی ٹیم آئی سی سی ونڈے رینکنگ میں ٹاپ پوزیشن پر پہنچ گئی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔