رائے پور ٹی ٹوئنٹی میں ٹیم انڈیا نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دی

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ رائے پور اسٹیڈیم میں کھیلا گیاجس میں ہندوستان نے نیوزی لینڈ کو سات وکٹوں سے شکست دے دی۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹی ٹوئنٹی سیریز کا دوسرا میچ جمعہ 23 جنوری کو رائے پور کے شہید ویر نارائن سنگھ انٹرنیشنل کرکٹ ا سٹیڈیم میں کھیلا گیا جسے ہندوستانی ٹیم سات وکٹوں سے جیت گئی۔ ہندوستان کو جیت کے لیے 209 رنز کا ہدف دیا گیا تھا جو اس نے صرف 15.2 اوورز میں حاصل کر لیا۔ ہندوستان کی جانب سے ایشان کشن اور کپتان سوریہ کمار یادیو نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ ایشان نے 76 اور سوریہ کمار نے ناباد 82 رنز بنائے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹوئنٹی سیریز کا پہلا میچ 21 جنوری کو ناگپور میں کھیلا گیا تھا جس میں ہندوستان نے 48 رنز سے کامیابی حاصل کی تھی۔ اس جیت کے ساتھ ہی ہندوستان کو سیریز میں 2-0 کی برتری حاصل ہے۔ سیریز کا تیسرا میچ 25 جنوری کو گوہاٹی میں کھیلا جائے گا۔


ہندوستانی ٹیم کی شروعات خراب رہی۔ سنجو سیمسن کو میٹ ہنری نے چھہ  رنز پر آؤٹ کیا۔ ابھیشیک شرما کو اپنی پہلی ہی گیند پر جیکب ڈفی نے آؤٹ کیا۔ 6 رنز پر دو وکٹیں گنوانے کے بعد سوریہ کمار یادو اور ایشان کشن نے تیسری وکٹ کے لیے 122 رنز کی شاندار شراکت قائم کی۔ اس شراکت داری کے دوران ایشان نے 21 گیندوں میں 9 چوکوں اور 2 چھکوں کی مدد سے اپنی ففٹی مکمل کی۔ کپتان سوریا بھی اپنے جارحانہ شاٹس سے باز نہیں آئے۔ ایشان کشن 76 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ انہوں نے 32 گیندوں کا سامنا کیا اور اپنی اننگز میں 11 چوکے اور 4 چھکے لگائے۔

ایشان کے آؤٹ ہونے کے بعد سوریا اور شیوم نے ٹیم کو فتح تک پہنچایا۔ سوریہ کمار نے 37 گیندوں کا سامنا کیا اور 82 رنز بنائے جس میں 9 چوکے اور 4 چھکے شامل تھے۔ شیوم نے بھی 18 گیندوں پر 3 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناقابل شکست 36 رنز بنائے۔


ٹاس ہار کر پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے نیوزی لینڈ نے 6 وکٹوں پر 208 رنز بنائے۔ کیویز کا آغاز طوفانی رہا۔ ٹم سیفرٹ اور ڈیون کونوے نے پہلی وکٹ کے لیے 43 رنز جوڑے۔ ہرشیت رانا نے کونوے (19) کو آؤٹ کر کے ہندوستان کو پہلی کامیابی دلائی۔ اس کے بعد سیفرٹ کو اسپنر ورون چکرورتی نے پھنسایا۔ سیفرٹ نے 13 گیندوں پر پانچ چوکوں کی مدد سے 24 رنز بنائے۔

ان کے بعد گلین فلپس اور راچن رویندرا نے تیسری وکٹ کے لیے 55 رنز کی شراکت داری کی۔ کلدیپ یادیو نے فلپس کو 19 رنز پر آؤٹ کرتے ہوئے شراکت توڑ دی۔ ڈیرل مچل زیادہ کچھ کرنے میں ناکام رہے، 18 کے اسکور پر شیوم دوبے کا شکار ہوئے۔ کلدیپ نے پھر دھماکہ خیز  کھیل رہےراچن رویندرا کو آؤٹ کیا۔ رویندرا نے 26 گیندوں پر 44 رنز بنائے جس میں دو چوکے اور چار چھکے شامل تھے۔


نیوزی لینڈ کی چھٹی وکٹ مارک چیپ مین (10 رنز) کی صورت میں گری جو ہاردک پانڈیا کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔ وہاں سے کپتان مچل سینٹنر اور زچری فولکس نے صرف 19 گیندوں میں 47 رنز جوڑ کر نیوزی لینڈ کو بڑے اسکور تک پہنچا دیا۔ سینٹنر نے 27 گیندوں پر ناقابل شکست 47 رنز بنائے جس میں چھ چوکے اور ایک چھکا شامل تھا۔ بھارت کی جانب سے کلدیپ یادیو نے سب سے زیادہ دو وکٹیں حاصل کیں۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔