وراٹ کی کپتانی میں آخری میچ ہندوستان نے جیتا

ہندوستان نے نامیبیا کو 20 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 132 رن پر روک کر 15.2 اوور میں ایک وکٹ پر 136 رن بنا کر نو وکٹوں سے بڑی جیت درج کی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

ہندوستان نے اپنے دونوں اہم اسپنروں روی چندرن اشون اور رویندر جڈیجہ کی تین تین، وکٹوں اور سلامی بلے بازوں روہت شرما(56) اور لوکیش راہل (ناٹ آؤٹ 54) کی شاندار نصف سنچریوں کی بدولت نامیبیا کو پیر کے روز نو وکٹوں سے شکست دے کر آئی سی سی ٹی ٹوئنٹی عالمی کپ سے فاتح وداعی لی۔

ہندوستان نے نامیبیا کو 20 اووروں میں آٹھ وکٹ پر 132 رن پر روک کر 15.2 اوور میں ایک وکٹ پر 136 رن بنا کر نو وکٹوں سے بڑی جیت درج کی۔ صرف 16 رن پر تین وکٹیں حاصل کرنے والے لیفٹ آرم اسپنر رویندر جڈیجہ کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔


وراٹ کوہلی نے جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کو خیرباد کہا

کپتان وراٹ کوہلی نے جیت کے ساتھ ٹی ٹوئنٹی کی کپتانی کو خیرباد کہہ دیا۔ وراٹ کے ساتھ ہیڈ کوچ روی شاستری کا عہدہ بھی اس جیت کے ساتھ خام ہوا۔ ہندوستان نے اس عالمی کپ میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کے خلاف اپنے پہلے دو میچ گنوائے لیکن واپسی کرتے ہوئے افغانستان ، اسکاٹ لینڈ اور نامیبیا کے خلاف شاندار جیت حاصل کی لیکن یہ جیت اسے سیمی فائنل میں لے جانے کے لئے کافی نہیں تھی۔

ہندوستان کے سلامی بلے باز روہت شرما نے 37 گیندوں پر 56 رنز میں سات چوکے اور دو چھکے لگائے۔ روہت نے اپنی اننگز کے دوران اپنے 18ویں رن کے ساتھ اس فارمیٹ میں 3000 رن مکمل کئے۔ یہ ان کی 24ویں نصف سنچری تھی۔ راہل نے 36 گیندوں پر ناٹ آوٹ 54 رن میں چار چوکے اور دو چھکے لگائے۔ سوریہ کمار یادو 19 گیندوں پر چار چوکوں کی مدد سے 25 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔


اس سے قبل، نامیبیا نے آٹھ وکٹوں پر 132 رن کا چیلنجنگ اسکور بنایا ۔ ہندوستان نے ٹاس جیت کرگیندبازی کا فیصلہ کیا۔ ہندوستان کے اسپنرز نے بہت اچھی گیند بازی کی۔ آف اسپنر روی چندرن اشون نے چار اوورز میں 20 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں جبکہ لیفٹ آرم رویندر جڈیجہ نے چار اوور میں 16 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں ۔ تیز گیند باز جسپریت بمراہ نے چار اوورز میں 19 رن دے کر دو وکٹیں حاصل کیں۔

افغانستان کی جانب سے ڈیوڈ ویسے نے 25 گیندوں میں دو چوکوں کی مدد سے 26 رن بنائے۔ سلامی بلے باز اسٹیفن بارڈ نے 21 گیندوں پر 21 رن میں ایک چوکا اور ایک چھکا لگایا۔ نامیبیا نے 94 رن میں ر اپنی سات وکٹیں گنوا دیں لیکن جان فری لنک نے 15 گیندوں پر ناٹ آوٹ 15 اور روبین ٹرمپمین نے چھ گیندوں پر ایک چوکے اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آوٹ 13 رن بنا کر نامیبیا کو 132 تک پہنچا دیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔