ہندوستان نے بنگلہ دیش کو 227 رنوں سے دی شکست، ڈبل سنچری میکر ایشان کشن نے کئی ریکارڈس کیے اپنے نام

ایشان کشن نے اب تک یک روزہ میچ میں کوئی سنچری نہیں لگائی تھی، اور 210 رنوں کی اننگ کھیل کر انھوں نے ایک ساتھ کئی سارے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔

تصویر @BCCI
تصویر @BCCI
user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور بنگلہ دیش کے خلاف تین یک روزہ میچز کی سیریز ختم ہوتے ہوتے کئی ریکارڈس اپنے نام کر گئی ہے۔ سیریز کے دو شروعاتی میچ بنگلہ دیش نے جیت لیے تھے اس لیے آخری میچ کا اس سیریز پر کوئی فرق نہیں پڑنے والا تھا، لیکن ہندوستان نے 409 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر کے کئی ریکارڈ بنا ڈالے جس نے اس میچ کو یادگار بنا دیا۔ خصوصاً ڈبل سنچری بنانے والے ایشان کشن نے تو جیسے صرف میدان پر رنوں کی بارش نہیں کی بلکہ اپنے لیے ریکارڈ کی بھی بارش کر دی۔

جہاں تک آج کے میچ کا سوال ہے، ہندوستان نے بنگلہ دیش پر 227 رنوں کی تاریخی فتح حاصل کی۔ یہ ہندوستانی ٹیم کے لیے یک روزہ کرکٹ میں تیسری سب سے بڑی جیت ہے۔ اس سے قبل ہندوستان نے برموڈا کے خلاف 2007 میں 257 رنوں سے جیت حاصل کی تھی، اور پھر ہانگ کانگ کو 256 رنوں سے ہرایا تھا۔


بہرحال، ہندوستانی ٹیم کے ذریعہ دیے گئے 410 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری بنگلہ دیش کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ٹیم کا پہلا وکٹ انعام الحق کی شکل میں گرا جنھوں نے صرف 8 رن بنائے۔ کپتان لٹن داس 29 رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ شکیب الحسن نے بنگلہ دیش کی طرف سے سب سے زیادہ 43 رن بنائے۔ یاسر علی 25 رن، عفیف حسین 8 رن، مہدی حسن 3 رن، عبادت حسین صفر اور مستفیض الرحمن 13 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ تسکین احمد 17 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ بنگلہ دیش کی پوری ٹیم 34 اوورس میں 182 رنوں کے اسکور پر سمٹ گئی۔

جہاں تک ہندوستان کی گیندبازی کا سوال ہے، شاردل ٹھاکر نے 5 اوورس میں 30 رنز دے کر سب سے زیادہ 3 وکٹ لیے۔ اکشر پٹیل اور عمران ملک نے 2-2 وکٹ حاصل کیے۔ محمد سراج، کلدیپ یادو اور واشنگٹن سندر کو 1-1 وکٹ ملے۔ یعنی بنگلہ دیشی ٹیم کو سمیٹنے میں ہندوستان کی طرف سے سبھی گیندبازوں نے اپنا تعاون پیش کیا۔


اس سے قبل ہندوستان نے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 409 رن بنائے تھے۔ اس دوران ایشان کشن نے 210 رنوں کی تاریخی اننگ کھیلی۔ انھوں نے 131 گیندوں کا سامنا کرتے ہوئے 24 چوکے اور 10 چکےلگائے۔ وراٹ کوہلی نے 91 گیندوں پر 113 رن اسکور کیا اور وہ اب بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے زیادہ سنچری لگانے کے معاملے سچن تندولکر کے بعد دوسرے نمبر پر آ گئے ہیں۔ انھوں نے اب تک 73 بین الاقوامی سنچری بنا لی ہے اور 72 بین الاقوامی سنچری بنانے والے رکی پونٹنگ کو پیچھے چھوڑا ہے۔ ہندوستانی ٹیم کے لیے واشنگٹن سندر (37 رنز) اور اکشر پٹیل (20 رنز) نے بھی آخر میں کچھ اہم رن بنائے۔

قابل ذکر یہ ہے کہ ایشان کشن نے اب تک یک روزہ میچ میں کوئی سنچری نہیں لگائی تھی، اور 210 رنوں کی اننگ کھیل کر انھوں نے ایک ساتھ کئی سارے ریکارڈ اپنے نام کر لیے ہیں۔ سب سے اہم ریکارڈ تو یہ ہے کہ وہ یک روزہ بین الاقوامی کرکٹ میں سب سے تیز 150 رن اور 200 رن بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ انھوں نے 126 گیندوں پر ڈبل سنچری بنا کر ویسٹ انڈیز کے طوفانی بلے باز کرس گیل کو پیچھے چھوڑا جنھوں نے 138 گیندوں میں ڈبل سنچری بنائی تھی۔


اس کے ساتھ ہی ایشان کشن یک روزہ کرکٹ میں چھٹا سب سے بڑا اسکور بنانے والے کھلاڑی بن گئے ہیں۔ ان سے زیادہ صرف روہت شرما (264 رنز)، مارٹن گپٹل (237 رنز ناٹ آؤٹ)، ویریندر سہواگ (219 رنز)، کرس گیل (215 رنز) اور فخر زماں (210 رنز ناٹ آؤٹ) نے بنائے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، ایشان کشن اب بنگلہ دیش کے خلاف یک روزہ میچ میں سب سے زیادہ رن بنانے والے ہندوستانی بلے باز بھی بن گئے ہیں۔ ان سے قبل یہ ریکارڈ ویریندر سہواگ کے نام تھا جنھوں نے 175 رن بنائے تھے۔ 210 رنوں کی اپنی اننگ کے دوران ایشان کشن نے 10 چھکے لگائے، اور یہ بنگلہ دیش کے خلاف یک روزہ میچ میں کسی بھی ہندوستانی بلے باز کے ذریعہ لگایا گیا ایک اننگ میں سب سے زیادہ چھکا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 10 Dec 2022, 8:45 PM