آسٹریلیا کو 100 ویں ٹیسٹ میچ میں شکست دے کر ہندستان نے کی برابری

ٹیم انڈیا کے باقاعدہ کپتان ویراٹ کوہلی کے وطن واپس آنے کے بعد کپتان کا عہدہ سنبھالنے والے رہانے نے چار دن تک کھیل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور اپنی کپتانی میں مسلسل تیسرا ٹیسٹ جیت لیا۔

تصویر یو این آئی
تصویر یو این آئی
user

یو این آئی

میلبورن: ہندوستان نے اپنے گیند بازوں کی مضبوط کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسرے باکسنگ ڈے ٹیسٹ کے چوتھے روز آسٹریلیا کو آٹھ وکٹوں سے شکست دے کر چار میچوں کی سیریز 1-1 سے برابر کرلی۔ ہندوستان نے آسٹریلیا کو دوسری اننگز میں 200 رنوں پر سمیٹ دیا اور فتح کے لئے ملا 70 رنوں کا ہدف دو وکٹیں گنوا کر پورا کرلیا۔ دونوں ممالک کے مابین یہ 100 واں ٹیسٹ تھا جس میں ہندوستان نے کامیابی حاصل کی ہے۔

اس طرح ہندوستان نے اجنکیہ رہانے کی کپتانی میں یادگار فتح حاصل کی۔ ایڈیلیڈ میں دوسرے دن۔ رات کے ٹیسٹ میچ کی دوسری پاری میں اپنے کم ترین اسکور 36 پر آؤٹ ہونے اور آٹھ وکٹوں سے شکست کے بعد ہندوستان نے شاندار واپسی کرتے ہوئے فتح حاصل کرلی۔ گزشتہ سال 19۔2018 میں ہندوستان نے اپنے آسٹریلیائی دورے میں بھی میلبورن میں باکسنگ ڈے ٹیسٹ میچ 137 رنوں سے جیتا تھا اور اس بار بھی اس نے باکسنگ ڈے ٹیسٹ میں فتح کا پرچم لہراتے ہوئے میلبورن کو بیرونی سرزمین پر اپنا سب سے کامیاب میدان بنا دیا۔


ٹیم انڈیا کے باقاعدہ کپتان ویراٹ کوہلی کے وطن واپس آنے کے بعد کپتان کا عہدہ سنبھالنے والے رہانے چار دن تک کھیل پر اپنا کنٹرول برقرار رکھا اور اپنی کپتانی میں مسلسل تیسرا ٹیسٹ جیت لیا۔ اس سے پہلے 17۔2016 میں رہانے نے آسٹریلیا کو دھرم شالہ میں آٹھ وکٹوں سے اور افغانستان کو بنگلور میں ایک اننگز اور 262 رنوں سے ہرایا تھا۔ رہانے کو پہلی اننگز میں ان کی شاندار سنچری کے لئے مین آف دی میچ قرار دیا گیا ہے۔

ہندوستان نے گیندبازوں کی شاندار کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی دوسری اننگز کو 200 رنوں پر ہی سمیٹ دیا۔ آسٹریلیا کو 69 رنوں کی برتری حاصل ہوئی اور ہندوستان کو جیت کے لئے 70 رنوں کا ہدف دیا۔ ہدف کا تعاقب کرتے ہوئے ہندستان کے مینک اگروال اور چیتشور پجارا محض 19 رنوں پر ہی آؤٹ ہوگئے لیکن نوجوان اوپنر شبھمن گل نے ناٹ آؤٹ 35 رن اور کپتان رہانے نے ناٹ آؤٹ 27 رن بنا کر ہندوستان کو فتح سے ہمکنار کردیا۔


مینک پانچ اور پجارا تین رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ مشیل اسٹارک نے مینک کو اور پیٹ کمنس نے پجارا کو آؤٹ کیا۔ لیکن چونکہ ہدف چھوٹا تھا اور ہندوستان کو اسے حاصل کرنے میں کوئی دشواری نہیں ہوئی۔ گل نے 36 گیندوں میں سات چوکے لگائے جبکہ رہانے نے 40 گیندوں میں تین چوکے لگائے۔

اس طرح ہندستان نے میلبورن میں اپنی چوتھی جیت حاصل کی اور غیر ملکی سرزمین پر میلبورن ہندوستان کے لئے سب سے کامیاب میدان بن گیا۔ ہندستان کی میلبورن میں 14 ٹیسٹ میچوںمیں یہ چوتھی جیت ہے۔ ہندستان نے پورٹ آف اسپین میں 13 ٹیسٹ میچوں میں تین ، کنگسٹن میں 13 ٹیسٹ میچوں میں تین اور کولمبو میں نو ٹیسٹ میچوںمیں تین ٹیسٹ جیتے ہیں۔

ہندوستان کو فتح کی خوشی تو تب ہی مل گئی تھی جب اس نے تیسرے دن کے کھیل میں 131 رنوں کی برتری حاصل کرنے کے بعد آسٹریلیا کی دوسری باری میں 133 رنوں پر چھ وکٹیں گرادیئے تھے۔ چوتھے دن آسٹریلیا نے یہاں سے آگے کھیلنا شروع کیا لیکن انڈیا نے اپنے گیندبازوں کی مضبوط کارکردگی کی بدولت آسٹریلیا کی اننگ پہلے ہی سیشن میں 103.1 اووروں میں 200 رنوں پر سمیٹ دی۔

ہندوستان کے لئے اس میچ سے آغاز کرنے والے تیز گیندباز محمد سراج نے 21.3 اووروں میں 37 رن دے کر تین وکٹیں حاصل کیں، بائیں ہاتھ کے اسپنر رویندر جڈیجہ نے 14 اووروں میں 28 رن دے کر دو وکٹیں، جسپریت بمراہ نے 27 اووروں میں 54 رن دے کر دو وکٹیں ، آف اسپنر رویچندرن اشون نے 37.1 اووروں میں 71 رن پر دو وکٹیں اور امیش یادو نے 3.3 اوور میں پانچ رن دے کر ایک وکٹ حاصل کیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 29 Dec 2020, 12:11 PM