ایجبسٹن میں تاریخ رقم، ہندوستان نے انگلینڈ کو 336 رنز سے شکست دے کر سیریز برابر کی

ایجبسٹن میں ہندوستان نے پہلی بار ٹیسٹ جیتا، آکاش دیپ نے میچ میں 10 وکٹیں حاصل کیں، انگلینڈ 271 پر ڈھیر ہو گیا اور ہندوستان نے 336 رنز سے جیت کر سیریز 1-1 سے برابر کر لی

<div class="paragraphs"><p>ٹیم انڈیا / Getty Images</p></div>

ٹیم انڈیا / Getty Images

user

قومی آواز بیورو

انڈین کرکٹ ٹیم نے ایجبسٹن، برمنگھم کے میدان پر اپنی تاریخ کی پہلی ٹیسٹ جیت درج کی ہے۔ اینڈرسن-تندولکر ٹرافی 2025 کے دوسرے ٹیسٹ میچ میں ہندوستان نے انگلینڈ کو 336 رنز سے شکست دی اور پانچ میچوں کی سیریز میں 1-1 سے برابری حاصل کر لی۔ انگلینڈ کو جیت کے لیے 608 رنز کا ہدف ملا تھا، مگر پانچویں دن کے دوسرے سیشن میں پوری ٹیم 271 رنز پر ڈھیر ہو گئی۔

ہندوستان کی جانب سے تیز گیندباز آکاش دیپ نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دوسری اننگز میں 6 اور مجموعی طور پر 10 وکٹیں حاصل کیں۔ ایجبسٹن میں ہندوستان کی یہ پہلی کامیابی ہے۔ اس سے قبل یہاں کھیلے گئے 8 میچز میں سے 7 میں اسے شکست اور ایک میں برابری ملی تھی۔ 1967 سے جاری 58 سالہ ناکامی کا سلسلہ بالآخر ختم ہوا۔


ہندوستان نے پہلی اننگز میں 587 رنز بنائے، جس میں کپتان شبھمن گل کی شاندار 161 رنز کی اننگز شامل تھی۔ کے ایل راہل (55)، رشبھ پنت (65) اور رویندر جڈیجا (69*) نے بھی اہم کردار ادا کیا۔ ہندوستان نے دوسری اننگز 427/6 پر ڈکلیئر کی، جس کے بعد انگلینڈ کو بڑا ہدف ملا۔ انگلینڈ نے اپنی پہلی اننگز میں 407 رنز بنائے، جس میں جیمی اسمتھ نے ناقابلِ شکست 184 اور ہیری بروک نے 158 رنز بنائے۔ دونوں نے چھٹے وکٹ کے لیے 303 رنز کی شراکت داری کی۔ تاہم، محمد سراج نے 6 اور آکاش دیپ نے 4 وکٹیں حاصل کر کے انگلش اننگز کو سمیٹ دیا۔

دوسری اننگز میں انگلینڈ کی شروعات مایوس کن رہی۔ محض 50 کے مجموعے پر تین وکٹیں گر گئیں۔ جیک کراؤلی کو سراج، جبکہ بین ڈکیٹ اور جو روٹ کو آکاش دیپ نے آؤٹ کیا۔ چوتھے دن اولی پوپ اور ہیری بروک نے مزاحمت کی، مگر پانچویں دن بارش کے بعد کھیل دوبارہ شروع ہوا تو آکاش دیپ نے پوپ (24) اور بروک (23) کو پویلین بھیج دیا۔

کپتان بین اسٹوکس اور جیمی اسمتھ نے چھٹی وکٹ کے لیے 70 رنز کی شراکت داری کی لیکن لنچ سے قبل واشنگٹن سندر نے اسٹوکس (33) کو آؤٹ کر کے اس شراکت کو توڑا۔ پھر پرسدھ کرشنا نے کرس ووکس کو آؤٹ کیا اور آکاش دیپ نے اسمتھ (88) کو چلتا کر کے پانچ وکٹیں مکمل کیں۔ جڈیجا اور آکاش نے باقی دو وکٹیں سمیٹ کر ہندوستان کو تاریخی جیت دلوائی۔

اب سیریز کا تیسرا میچ 10 جولائی سے لارڈز کے میدان پر کھیلا جائے گا۔ اگر ہندوستان کی یہی کارکردگی برقرار رہی، تو سیریز کا پانسہ اس کے حق میں پلٹ سکتا ہے۔