احمد آباد ونڈے میں انگلینڈ کو شکست دے کر ہندوستان نے کیا کلین سوئپ، شبھمن گل پلیئر آف دی سیریز قرار
تیسرے اور آخری یک روزہ میچ میں پہلے بلے بازی کرتے ہوئے ہندوستان نے 356 رن بنائے تھے، اس بڑے ہدف کا پیچھا کرنے اتری انگلش ٹیم کی شروعات ٹھیک ٹھاک رہی لیکن لگاتار وکٹ گرنے سے محض 214 رن ہی بنا سکی۔

ہندوستانی کرکٹ ٹیم نے امید کے مطابق انگلینڈ کو احمد آباد ونڈے میں بھی شکست دے دی۔ اس جیت کے ساتھ ہی 14 سالوں بعد ہندوستان نے انگلینڈ کا وَنڈے سیریز میں کلین سوئپ کیا ہے۔ ہندوستانی ٹیم نے پہلے بلے بازی کرتے ہوئے 50 اوورس میں 356 رنوں کا پہاڑ کھڑا کر دیا تھا، جس کے جواب میں انگلش ٹیم پوری طرح بکھر گئی۔ انگلش ٹیم کو شروعات ٹھیک ٹھاک ملی تھی، لیکن ایک بار جب وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پوری ٹیم محض 214 رنوں پر سمٹ گئی۔ اس طرح ہندوستان کو 142 رنوں کی بڑی فتح حاصل ہوئی۔
ہندوستانی ٹیم کی جیت کے ہیرو شبھمن گل رہے جنھوں نے اپنے ونڈے کیریئر کی ساتویں سنچری لگائی۔ گل نے 112 رن بنائے اور انھوں نے اپنی اس پاری کے دوران 14 چوکوں کے ساتھ ساتھ 3 چھکے بھی لگائے۔ گل کے علاوہ شریئس ایر نے 78 رنوں کی اننگ کھیلی، جبکہ وراٹ کوہلی 52 رن بنانے میں کامیاب ہوئے۔ کوہلی نے 451 دنوں کے بعد یک روزہ کرکٹ میں نصف سنچری اسکور کی ہے۔ وراٹ کوہلی کے فارم میں واپس آنے سے ہندوستانی ٹیم کے ساتھ ساتھ کوہلی کے شیدائی بھی بہت خوش ہیں۔ چمپئنز ٹرافی میں اب ان سے بڑی اننگ کی امید کی جا رہی ہے۔
بہرحال، آج کے میچ میں ہندوستانی ٹیم کے لیے سبھی گیندبازوں کی کارکردگی بہترین رہی۔ عرشدیپ سنگھ، ہرشت رانا، ہاردک پانڈیا اور اکشر پٹیل کو 2-2 وکٹ ملے۔ واشنگٹن سندر اور کلدیپ یادو ایک ایک وکٹ حاصل کرنے میں کامیاب ہوئے۔ ان گیندبازوں کے سامنے انگلش بلے باز انتہائی پریشان نظر آئے۔ فل سالٹ، بین ڈکیٹ، ٹام بینٹن، ہیری بروک سبھی کو اچھی شروعات ملی، لیکن کوئی بھی بڑی اننگ نہیں کھیل سکا۔ ٹاپ آرڈر کے 5 بلے بازوں میں سب سے زیادہ 38 رن بینٹن نے بنائے۔ ڈکیٹ نے 34، سالٹ نے 23، روٹ نے 24 اور ہیری بروک نے 19 رنوں کی اننگ کھیلی۔ کپتان بٹلر صرف 6 رن بنا سکے، جبکہ لیونگسٹن نے 23 گیندوں میں محض 9 رن بنائے۔
اس جیت کے ساتھ ہندوستانی کپتان روہت شرما چمپئنز ٹرافی میں مثبت سوچ لے کر میدان میں اتریں گے۔ انگلینڈ کے خلاف سیریز میں کلین سوئپ روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستان کی چوتھی کلین سوئپ (بائی لیٹرل سیریز میں) ہے۔ اس معاملے میں روہت شرما نے دھونی اور وراٹ کو پیچھے چھوڑ دیا ہے جنھوں نے 3 مرتبہ یہ کارنامہ انجام دیا تھا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔