ہندوستان نے ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میچ میں شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی

ہندوستان نے بارش سے متاثرہ میچ میں 36 اووروں میں 225 رن بنائے تھے جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت ویسٹ انڈیز کو 35 اووروں میں 257 رنوں کا ہدف دیا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز 137 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

پورٹ آف اسپین: ہندوستان نے شبمن گل (ناٹ آؤٹ 98) اور یوزویندر چہل (17 رن پر 4 وکٹ) کی بدولت ویسٹ انڈیز کو تیسرے ون ڈے میچ میں 119 رنوں سے شکست دے کر سیریز 0-3 سے جیت لی۔ یہ کیریبین میں رنوں کے لحاظ سے ویسٹ انڈیز پر ہندوستان کی سب سے بڑی فتح ہے۔ ہندوستان نے بدھ کو کھیلے گئے بارش سے متاثرہ میچ میں 36 اووروں میں 225 رن بنائے تھے جس کے بعد ڈک ورتھ لوئس اصول کے تحت ویسٹ انڈیز کو 35 اووروں میں 257 رنوں کا ہدف دیا گیا تھا۔ جواب میں ویسٹ انڈیز 137 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔

ہندوستان نے ٹاس جیت کر پہلے بلے بازی کا فیصلہ کیا۔ کپتان شکھر دھون اور شبھمن گل نے سیریز میں دوسری بار سنچری شراکت داری کی۔ 113 رنوں کی شراکت داری کے بعد دھون 58 (74) رن بنا کر پویلین لوٹ گئے۔ انہوں نے اپنی اننگز میں سات چوکے لگائے۔ اس کے بعد کریز پر آئے شریس ایر نے گل کے ساتھ اننگز کا آغاز کیا لیکن میچ کے 25ویں اوور میں بارش ہو گئی۔ میچ دوبارہ شروع ہوا تو انڈین بلے بازوں نے بھی رنوں کی رفتار بڑھا دی۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان 89 رنوإں کی ساجھیداری ہوئی جس کے بعد ایر 34 گیندوں پر چار چوکے اور ایک چھکا کی بدولت 44 رنوں پر آؤٹ ہوگئے۔


علاوہ ازیں سوریہ کمار یادو نے آٹھ رن اور سنجو سیمسن نے ناٹ آؤٹ چھ رن بنائے۔ بارش کی وجہ سے ہندوستانی اننگز کو 36 اووروں میں 225 رنوں پر ڈکلیئر کر دیا گیا جہاں گل اپنی پہلی بین الاقوامی سنچری کے انتظار میں 98 رن بنا کر ناٹ آؤٹ رہے۔ ادھر 35 اووروں میں 257 رنوں کا تعاقب کرنے اتری ٹیم ونڈیز کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ دیپک ہڈا کا پہلا اوور میڈن گیا اس کے بعد دوسرے اوور میں محمد سراج نے دو وکٹ لے لیے۔ سراج نے کائل میئرز اور شمار بروکس کو صفر پر آؤٹ کر دیا۔ ایک رن پر دو وکٹیں گرنے کے بعد وکٹ کیپر شائی ہوپ اور برینڈن کنگ نے اننگز سنبھالتے ہوئے 46 رنوں کی پارٹنرشپ کے ذریعے ونڈیز کو میچ میں برقرار رکھا۔ ہوپ (22) کے آؤٹ ہونے کے بعد ویسٹ انڈیز نے وقفے وقفے سے وکٹیں گنوانے کا سلسلہ جاری رکھا۔ کیریبیائی ٹیم کی جانب سے کپتان نکولس پورن نے سب سے زیادہ 42 (32) رن بنائے۔ اس کے علاوہ کنگ نے بھی 37 گیندوں میں 42 رن بنائے جب کہ دیگر کوئی اور کیریبین بلے باز 10 رن کا ہندسہ عبور نہ کر سکا۔

گیند باز چہل ہندوستان کے ہیرو رہے۔ انہوں نے چار اووروں میں 17 رن دے کر چار وکٹیں حاصل کیں جس میں گزشتہ میچ میں سنچری لگانے والے ہوپ کی وکٹ بھی شامل تھی۔ اس کے علاوہ سراج اور شاردل ٹھاکر نے دو دو وکٹیں حاصل کیں۔ اکشر پٹیل اور پرسیدھ کرشنا کو ایک ایک وکٹ ملا۔ ون ڈے سیریز کو کلین سوئپ کرنے کے بعد ہندوستان اب ٹی۔ ٹوئنٹی سیریز کی جانب رخ کرے گا۔ پانچ میچوں کی سیریز کا پہلا میچ 29 جولائی کو ٹرینیڈاڈ کے برائن لارا اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */