تیسرا ٹی-20: ہندوستان نے افریقہ کو 7 وکٹ سے دی شکست، سیریز میں 2-1 کی برتری حاصل
دھرم شالہ میں کھیلے گئے تیسرے ٹی-20 میں ہندوستان نے جنوبی افریقہ کو 7 وکٹ سے شکست دی۔ عرشدیپ سنگھ پلیئر آف دی میچ رہے، جبکہ ہندوستان نے 5 میچوں کی سیریز میں 2-1 کی سبقت حاصل کر لی
دھرم شالہ: ہندوستانی ٹیم نے جنوبی افریقہ کے خلاف 5 میچوں کی ٹی-20 سیریز کے تیسرے مقابلے میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے 7 وکٹ سے کامیابی حاصل کر لی۔ اس فتح کے ساتھ ہی ہندوستان نے سیریز میں 2-1 کی برتری قائم کر لی۔ یہ مقابلہ ہماچل پردیش کرکٹ ایسوسی ایشن اسٹیڈیم، دھرم شالہ میں کھیلا گیا۔
ٹاس ہار کر پہلے بلے بازی کرتے ہوئے جنوبی افریقی ٹیم صرف 117 رن پر ڈھیر ہو گئی۔ آغاز میں ہی ٹیم مشکلات کا شکار ہو گئی تھی اور محض 44 رن پر اس کے 5 کھلاڑی پویلین لوٹ چکے تھے۔ ایسے نازک موقع پر کپتان ایڈن مارکرم نے ذمہ داری سنبھالی اور 2 چھکوں اور 6 چوکوں کی مدد سے 61 رن کی اہم اننگز کھیلی۔ ان کے علاوہ ڈونوون فریرا نے 20 اور اینرک نورکیا نے 12 رن بنائے، جبکہ دیگر بلے باز دہرے ہندسے تک بھی نہ پہنچ سکے۔
ہندوستان کی جانب سے گیند بازی میں زبردست نظم و ضبط دیکھنے کو ملا۔ عرشدیپ سنگھ، ہرشت رانا، ورون چکرورتی اور کلدیپ یادو نے دو دو وکٹ حاصل کیں، جبکہ ہاردک پانڈیا اور شیوم دوبے نے ایک ایک وکٹ اپنے نام کی۔ عرشدیپ سنگھ نے 4 اوور میں صرف 13 رن دے کر دو وکٹ حاصل کیں اور میچ کا رخ مکمل طور پر ہندوستان کے حق میں موڑ دیا۔
ہدف کے تعاقب میں ہندوستانی ٹیم نے پراعتماد انداز اپنایا اور 15.5 اوور میں ہی کامیابی حاصل کر لی۔ اوپنرز ابھیشیک شرما اور شبھمن گل نے 5.2 اوور میں 60 رن کی شراکت قائم کر کے مضبوط بنیاد فراہم کی۔ ابھیشیک شرما نے 18 گیندوں پر 35 رن بنائے، جبکہ گل 28 رن بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد تلک ورما نے 25 رن اور شیوم دوبے نے 10 رن کی ناقابلِ شکست اننگز کھیل کر ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔
میچ کے بعد عرشدیپ سنگھ کو پلیئر آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انہوں نے کہا کہ انہوں نے بنیادی باتوں پر توجہ دی، گیند کو درست جگہ پر پچ کیا اور موسم و پچ کی مدد سے فائدہ اٹھایا۔ انہوں نے یہ اعزاز اپنی 10 ماہ کی بھتیجی کے نام کرنے کا اعلان بھی کیا۔
واضح رہے کہ سیریز کا پہلا میچ ہندوستان نے کٹک میں 101 رن سے جیتا تھا، جبکہ دوسرا مقابلہ چنڈی گڑھ میں جنوبی افریقہ کے نام رہا۔ اب سیریز کے بقیہ 2 میچ 17 دسمبر کو لکھنؤ اور 19 دسمبر کو احمد آباد میں کھیلے جائیں گے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔