ہندوستان کو میلبورن میں 37 سال سے جیت کا انتظار

ہندستان نے ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں تاریخی جیت حاصل کی تھی لیکن پرتھ میں ٹیم انڈیا نے اپنی غلطیوں سے سیریز میں برتری مضبوط کرنے کا موقع گنوا دیا، اب باری میلبورن میدان ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

میلبورن: ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان چار ٹیسٹ میچوں کی سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہو چکی ہے اور 26 دسمبر سے باکسنگ ڈے پر شروع ہونے والے تیسرے ٹیسٹ میں ہندستان کو فتح حاصل کرنے کے لئے سخت محنت کرنی ہوگی کیونکہ میلبورن میدان پر ٹیم انڈیا کو 37 سال سے جیت کا انتظار ہے۔

ہندستان نے ایڈیلیڈ میں پہلے ٹیسٹ میں تاریخی جیت حاصل کی تھی لیکن پرتھ میں ٹیم انڈیا نے اپنی غلطیوں سے سیریز میں برتری مضبوط کرنے کا موقع گنوا دیا۔ اب باری میلبورن میدان کی ہے جہاں ہندستان نے آخری بار جیت 1981 میں حاصل کی تھی۔ ہندستان کا اس میدان پر 2014 میں کھیلا گیا پچھلا میچ ڈرا رہا تھا اور اس میں ہندستانی ٹیم نے بڑی مشکل سے اپنی ہار کو بچایا تھا۔
میلبورن پر ہندستان اور آسٹریلیا کے درمیان 1948 سے اب تک کل 12 میچ کھیلے گئے ہیں جن میں سے آسٹریلیا آٹھ جیتا ہے، ہندستان نے دو میچ جیتے ہیں جبکہ دو میچ ڈرا رہے ہیں۔ ہندستان نے اپنی آزادی کے بعد جنوری 1948 کے بعد اس میدان پر جو میچ کھیلا اسے آسٹریلیا نے 233 رنز سے جیتا۔ اس کے بعد فروری 1948 میں کھیلا گیا میچ بھی آسٹریلیا نے اننگز اور 177 رنز سے جیتا۔
ہندستان نے اس سیریز کے 19 سال بعد 1967 میں میلبورن میں میچ کھیلا اور اسے اننگز اور چار رن سے گنوایا۔ ہندوستان کو میلبورن میں پہلی جیت دسمبر 1977 میں حاصل ہوئی۔ لیفٹ آرم اسپنر بشن سنگھ بیدی کی قیادت میں ہندستان نے اس میچ کو 222 رنز سے جیت لیا۔

اس کے بعد فروری 1981 میں سنیل گواسکر کی قیادت میں ہندستان نے 59 رنز سے کامیابی حاصل کی۔ آسٹریلیا کے سامنے محض 143 رن کا ہدف تھا اور کپل دیو کی خطرناک گیند بازی کے سامنے آسٹریلوی ٹیم 83 رن پر لڑھک گئی۔ کپل نے بخار ہونے کے باوجود شاندار گیند بازی کی اور 16.4 اوور میں 28 رن دے کر پانچ وکٹ لئے۔

اس جیت کے بعد ہندستان پھر میلبورن میں کوئی میچ نہیں جیت پایا۔ دسمبر 1985 میں کھیلا گیا مقابلہ ڈرا رہا جبکہ دسمبر 1991 میں آسٹریلیا آٹھ وکٹ سے، دسمبر 1999 میں 180 رنز سے، دسمبر 2003 میں نو وکٹ سے، دسمبر 2007 میں 337 رنز سے اور دسمبر 2011 میں 122 رنز سے جیتا۔

سال 2014 میں مہندر سنگھ دھونی کی کپتانی میں کھیلے گئے گزشتہ میچ میں آسٹریلیا نے 530 رن بنائے جبکہ ہندستان نے وراٹ كوهلي 169 اور اجنکیا رہانے کے 147 رنز کی بدولت 465 رنز بنائے۔ آسٹریلیا نے اپنی دوسری اننگز نو وکٹ پر 318 رن پر اعلان کی اور ہندستان کو فتح کے لیے 384 رنز کا ہدف دیا۔

ہندستان نے وراٹ کے 54، رہانے کی 48، چتیشور پجارا 21 اور دھونی کے ناٹ آؤٹ 24 رنز سے میچ ڈرا کرا لیا۔ اب ہندستان کو اسی میدان پر آسٹریلیا سے لوہا لینا ہے جس نے پرتھ ٹیسٹ جیت کر اپنا حوصلہ واپس حاصل کر لیا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


/* */