ہندوستان-آسٹریلیا وَنڈے: آج کا اتوار کرکٹ شیدائیوں کے لیے ہوگا شاندار، 7 ماہ بعد روہت-وراٹ دکھائیں گے اپنا دَم

ٹیم انڈیا پرتھ کے میدان پر پہلی بار ونڈے میچ کھیلنے اترے گی، جبکہ آسٹریلیا اس میدان پر اب تک 3 مقابلے کھیل چکا ہے۔ ان تمام میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو کہ ٹیم انڈیا کے لیے اچھی خبر ہے۔

<div class="paragraphs"><p>روہت شرما اور وراٹ کوہلی/ تصویر: آئی اے این ایس</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان آج سے 3 میچوں کی ونڈے سیریز شروع ہونے جا رہی ہے۔ سیریز کا پہلا مقابلہ پرتھ کے آپٹس اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہ مقابلہ ہندوستانی کرکٹ شائقین کے لیے کافی خاص لمحہ رہنے والا ہے۔ دراصل شبھمن گل بطور ونڈے کپتان پہلی بار ٹیم کی قیادت سنبھالیں گے، جبکہ روہت شرما اور وراٹ کوہلی تقریباً 7 ماہ بعد ٹیم انڈیا کے لیے کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ یعنی آج کا اتوار کرکٹ شیدائیوں کے لیے شاندار ثابت ہونے والا ہے۔

کچھ میڈیا رپورٹس میں بتایا جا رہا ہے کہ ہندوستان-آسٹریلیا کے درمیان کھیلے جانے والے پہلے مقابلہ پر بارش کا خطرہ منڈلا رہا ہے، لیکن کرکٹ شیدائی ایک بہترین میچ دیکھنے کے لیے بے قرار ہیں۔ ’ایکو ویدر‘ کی رپورٹ کے مطابق پرتھ میں اتوار کو بارش کا امکان 63 فیصد ہے۔ مقامی وقت کے مطابق میچ کا آغاز 11.30 بجے ہوگا، یعنی ہندوستانی وقت کے مطابق میچ کا آغاز صبح 9 بجے ہوگا۔ لیکن میچ کے آغاز میں 60-50 فیصد بارش کا امکان ہے۔ ایسے میں خدشہ ہے کہ بارش کے سبب میچ متاثر ہو سکتا ہے اور اگر میچ بارش کی نظر ہوتی ہے تو کرکٹ کے شائقین کو روہت-وراٹ کی واپسی کے لیے مزید انتظار بھی کرنا پڑ سکتا ہے۔


واضح رہے کہ روہت شرما تقریباً 4 سال بعد ٹیم انڈیا کے لیے بطور کھلاڑی کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ انہیں 2021 میں وراٹ کوہلی کی جگہ ون ڈے کا کپتان بنایا گیا تھا۔ اس سے قبل وراٹ کوہلی نے طویل عرصہ تک اس ذمہ داری کو بخوبی نبھایا تھا۔ 9 سال بعد پہلا موقع ہوگا جب روہت شرما اور وراٹ کوہلی ایک ساتھ بطور کھلاڑی کسی کی کپتانی میں کھیلتے ہوئے نظر آئیں گے۔ اس سے قبل ایسا 2016 میں ہوا تھا، جب مہندر سنگھ دھونی ٹیم انڈیا کے کپتان تھے۔

دوسری جانب ہندوستانی ٹیم پرتھ کے میدان پر پہلی بار ون ڈے میچ کھیلنے اترے گی۔ جبکہ آسٹریلیا اس میدان پر اب تک 3 مقابلے کھیل چکا ہے اور ان تمام میچوں میں اسے شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے، جو کہ ٹیم انڈیا کے لیے اچھی خبر ہے۔ لیکن آسٹریلیا کے خلاف آسٹریلیا میں ہندوستان کا ریکارڈ بے حد خراب ہے۔ ہندوستانی ٹیم 54 میچوں میں سے صرف 14 میچوں میں ہی جیت حاصل کر پائی ہے اور 38 میچوں میں شکست کا سامنا کرنا پڑا ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔