جنوبی افریقہ کے ہاتھوں شکست کے بعد ورلڈ ٹیسٹ چیمپئن شپ پوائنٹس ٹیبل میں بھی ہندوستان کو ہوا نقصان
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ملی شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 27-2025 پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔

ہندوستان اور جنوبی افریقہ کے درمیان 2 میچوں کی ٹیسٹ سیریز کا شروعاتی مقابلہ کولکاتہ کے تاریخی میدان ایڈن گارڈنز میں کھیلا گیا۔ اس مقابلہ میں ٹیمبا باؤما کی قیادت والی جنوبی افریقی ٹیم نے ہندوستان کو 30 رنوں سے شکست دے کر تاریخی فتح حاصل کر لی۔ جنوبی افریقہ کی ٹیم نے ہندوستان کو جیت کے لیے صرف 124 رنوں کا ہدف دیا تھا، لیکن پوری ٹیم 93 رنوں پر آل آؤٹ ہو گئی۔ واضح رہے کہ جنوبی افریقی ٹیم 15 سال بعد ہندوستانی سرزمین پر ٹیسٹ میچ میں کامیابی حاصل کر پائی ہے۔
جنوبی افریقہ کے ہاتھوں ملی شرمناک شکست کے بعد ہندوستانی ٹیم ورلڈ ٹیسٹ چمپئن شپ (ڈبلیو ٹی سی) 27-2025 پوائنٹس ٹیبل میں چوتھے نمبر پر چلی گئی ہے۔ ہندوستان کے 8 میچوں میں 4 جیت کے ساتھ 54.17 فیصد پوائنٹس ہیں۔ ہندوستان اس مقابلے سے قبل تیسرے نمبر پر تھا۔ ہندوستان اب تک موجودہ ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں 3 ٹیسٹ ہار چکا ہے، 2 انگلینڈ میں اور اب 1 کولکاتہ میں۔ دوسری جانب اس جیت کے ساتھ جنوبی افریقہ پوائنٹس ٹیبل میں دوسرے مقام پر آ چکا ہے۔ جنوبی افریقہ کے 66.67 فیصد پوائنٹس ہیں، اس ٹیسٹ سے قبل وہ تیسرے مقام پر تھا۔
آسٹریلیا اور سری لنکا اب تک اس نئے ڈبلیو ٹی سی سائیکل میں ناقابل شکست ہیں اور دونوں پہلے اور تیسرے نمبر پر برقرار ہیں۔ آسٹریلیا اپنے تینوں ٹیسٹ مقابلے جیت کر 100 فیصد پوائٹنس حاصل کر چکا ہے، جبکہ سری لنکا 2 مقابلوں میں سے ایک میں جیت اور دوسرے میں ڈرا کے ساتھ تیسرے نمبر پر ہے۔ ان کے علاوہ پاکستان پانچویں، انگلینڈ چھٹے، بنگلہ دیش ساتویں، ویسٹ انڈیز آٹھویں اور نیوزی لینڈ نویں نمبر پر ہے۔
واضح رہے کہ کوچ گوتم گمبھیر کی مدت کار میں یہ دوسرا موقع ہے جب ہندوستانی ٹیم گھریلو میدان میں 150 سے کم رن کا تعاقب نہ کر سکی ہو۔ اس سے قبل گزشتہ سال نیوزی لینڈ کے خلاف ہندوستانی ٹیم 147 رنوں کا تعاقب کرنے میں ناکام رہی تھی، 21ویں صدی میں کسی ٹیم کے ساتھ ایسا پہلی بار ہوا ہے۔ کم اسکور والے اس کولکاتہ ٹیسٹ میں ٹیمبا باؤما دونوں ٹیم کی جانب سے واحد بلے باز ہیں جنہوں نے نصف سنچری اسکور کی ہے۔ ان کے علاوہ کوئی بلے باز 40 کا اسکور بھی پار نہ کر سکا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔