تیسرے دن کا کھیل ختم ہونے پر ہندوستان کی اننگز 387 پر سمٹی، انگلینڈ نے 2 رنز بنائے
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان تیسرا میچ لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ ہندوستان کی پہلی اننگز 387 کے اسکور پر ختم ہوئی۔ انگلینڈ نے کھیل کے اختتام تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 2 رنز بنائے۔
تصویر بشکریہ آئی اےاین ایس
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان اینڈرسن تندولکر ٹرافی 2025 کا تیسرا میچ لندن کے تاریخی لارڈز کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا جا رہا ہے۔ اس میچ کے تیسرے دن اختمام پر ٹیم ہندوستان کی پہلی اننگز 387 کے اسکور پر ختم ہوئی۔ ہندوستانی ٹیم برتری حاصل کرنے سے چوک گئی۔ انگلینڈ نے بھی پہلی اننگز میں 387 رنز بنائے تھے۔ ہندوستان کی جانب سے رشبھ پنت نے 74 رنز، کے ایل راہل نے سنچری اور جڈیجہ نے 72 رنز بنائے۔ جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے دن کا کھیل ختم ہونے تک بغیر کوئی وکٹ گنوائے 2 رنز بنا لیے تھے۔
ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان پانچ میچوں کی ٹیسٹ سیریز فی الحال 1-1 سے برابر ہے۔ ٹیسٹ سیریز کا پہلا میچ لیڈز کے ہیڈنگلے کرکٹ گراؤنڈ میں کھیلا گیا جس میں انگلینڈ نے 5 وکٹوں سے کامیابی حاصل کی۔ اس کے بعد برمنگھم کے ایجبسٹن گراؤنڈ میں کھیلے گئے میچ میں ہندوستانی ٹیم نے 336 رنز سے شاندار فتح حاصل کی۔ اب یہ میچ دونوں ٹیموں کے لیے بہت اہم ہے۔
ہندوستانی ٹیم کی پہلی اننگز میں اوپنر یشسوی جیسوال (13 رن) کچھ خاص نہ کر سکے اور دوسرے ہی اوور میں جوفرا آرچر کا شکار بن گئے۔ کرونا نائر بھی سیٹ ہونے کے بعد اپنی وکٹ گنوا بیٹھے۔ کرونانے 62 گیندوں میں 40 رنز بنائے جس میں چار چوکے شامل تھے۔ اسی دوران کپتان شبھمن گل 16 رنز بنانے کے بعد کرس ووکس کے ہاتھوں آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل اور پنت کے درمیان سنچری کی شراکت ہوئی۔ لیکن پنت تیسرے دن کھانے کے وقفے سے ٹھیک پہلے رن آؤٹ ہو گئے۔ اس کے بعد کے ایل راہل نے سنچری بنائی لیکن وہ 100 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوگئے۔ اس کے بعد جڈیجہ نے 72 رنز کی اننگز کھیلی اور ہندوستانی ٹیم 387 کے اسکور پر سمٹ گئی۔انگلینڈ کی دوسری اننگز کا آغاز کرولی اور بین ڈکٹ نے کیا۔ لیکن صرف ایک اوور کھیلا گیا۔ انگلینڈ نے بغیر کوئی وکٹ گنوائے 2 رنز بنائے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔