کل انگلینڈ کے خلاف ’ٹی-20 سیریز‘ پر قبضہ کرنے کے ارادہ سے اترے گی ہندوستانی ٹیم
کپتان سوریہ کمار یادو 28 جنوری کے میچ میں جیت کے لیے اپنا پور زور لگائیں گے، لیکن ساتھ ہی وہ اپنا فارم واپس بھی حاصل کرنا چاہیں گے، کیونکہ کچھ میچوں سے وہ رن نہیں بنا پا رہے ہیں۔
ہندوستانی ٹیم، تصویر@BCCI
پہلے 2 میچ میں جیت سے پُرجوش ہندوستانی ٹیم انگلینڈ کے خلاف منگل کے روز ہونے والا تیسرا ٹی-20 میچ جیت کر 5 میچوں کی سیریز میں ناقابل تسخیر سبقت حاصل کرنے کا ارادہ رکھتی ہے۔ کپتان سوریہ کمار یادو اس جیت کے لیے اپنا پور زور لگائیں گے، لیکن ساتھ ہی وہ اپنا فارم واپس بھی حاصل کرنا چاہیں گے، کیونکہ کچھ میچوں سے وہ رن نہیں بنا پا رہے ہیں۔ حالانکہ گزشتہ سال سوریہ کمار نے جب ہندوستانی ٹیم کی کمان سنبھالی، تب سے ہندوستان نے لگاتار اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ کپتان کی بلے بازی کو دیکھیں تے تو انھوں نے اپنی کپتانی کے دران 17 اننگ میں اب تک 26.87 کی اوسط سے 429 رن بنائے ہیں۔
سوریہ کمار کے خراب فارم کے سبب یک روزہ فارمیٹ میں کھیلی جانے والی چمپئنز ٹرافی 2025 کے لیے منتخب اسکواڈ میں انھیں شامل نہیں کیا گیا۔ وہ انگلینڈ کے خلاف موجودہ ٹی-20 سیریز کے پہلے 2 میچ میں بھی نہیں چل پائے اور اب وقت آ گیا ہے جب انھیں خود کو ثابت کرنا ہوگا۔ سوریہ کمار کی خراب فارم اور سنجو سیمسن کی شارٹ پچ گیند کے سامنے کمزوری کے سبب ہندوستان چنئی میں کھیلے گئے دوسرے میچ میں مشکل حالت میں پھنس گیا تھا، لیکن تلک ورما نے ایک سرے پر اچھی بلے بازی کی جس سے ٹیم کو 2 وکٹ سے جیت حاصل ہو گئی۔
یہ بات پہلے ہی بتا دی گئی ہے کہ آج کے میچ میں رنکو سنگھ نہیں کھیل پائیں گے، کیونکہ وہ زخمی ہیں۔ نتیش کمار ریڈی تو پورے ٹورنامنٹ سے باہر ہو چکے ہیں۔ امید کی جا رہی ہے کہ آج شیوم دوبے اور رمدنیپ سنگھ میں سے کسی ایک کو ’پلیئنگ الیون‘ میں شامل کیا جائے گا۔ شیوم دوبے کو گزشتہ ٹی-20 عالمی کپ میں درمیان کے اوورس میں اسپنروں کے خلاف جارحانہ رویہ اختیار کرنے کی ذمہ داری سونپی گئی تھی اور انھیں موقع ملتا ہے تو وہ آج عادل رشید کی دھجیاں اڑا سکتے ہیں۔ دیکھنے والی بات تو یہ بھی ہوگی کہ تیسرے میچ میں محمد شامی کو کھیلنے کا موقع ملتا ہے یا نہیں، کیونکہ انھیں بین الاقوامی میچ میں گیندبازی کرتے ہوئے سبھی دیکھنا چاہتے ہیں، لیکن موجودہ حالات میں ٹیم میں ان کے لیے جگہ نہیں بن پا رہی ہے۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔