پرتھ ون ڈے: بارش سے متاثرہ میچ میں ٹیم انڈیا نے 26 اوورز میں بنائے 136 رنز، آسٹریلیا کو 131 کا ہدف حاصل

پرتھ میں بارش سے متاثرہ پہلے ون ڈے میں ہندوستان نے پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 26 اوورز میں 9 وکٹ پر 136 رنز بنائے۔ ڈی ایل ایس فارمولے کے تحت آسٹریلیا کو 131 رنز کا ہدف دیا گیا

<div class="paragraphs"><p>Getty Images</p></div>
i
user

قومی آواز بیورو

پرتھ: ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین میچوں کی ون ڈے سیریز کے پہلے مقابلے میں بارش نے کھیل کو متاثر کر دیا۔ میچ کا آغاز 50 اوورز کے فارمیٹ میں ہوا تھا، مگر وقفے وقفے سے ہونے والی بارش کے باعث اوورز میں کمی کی گئی اور آخرکار یہ میچ 26-26 اوورز کا طے پایا۔

ٹاس آسٹریلیا نے جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا، جو بالکل درست ثابت ہوا۔ کنگارو گیندبازوں نے نئی گیند سے ہندوستانی بلے بازوں پر دباؤ بنا دیا۔ کپتان روہت شرما صرف 14 گیندوں پر 8 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ نئے ون ڈے کپتان اپنی پہلی اننگز میں 18 گیندوں پر محض 10 رنز ہی جوڑ سکے۔ وراٹ کوہلی بغیر کھاتہ کھولے مچل اسٹارک کی گیند پر پویلین لوٹ گئے۔ نائب کپتان شریئس ایئر بھی زیادہ دیر نہ ٹک سکے اور 11 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے۔ اس طرح 13.2 اوورز میں ہندوستان کے صرف 45 رنز پر چار اہم وکٹ گر چکے تھے۔

ابتدائی جھٹکوں کے بعد کے ایل راہل اور اکشر پٹیل نے اننگز کو سہارا دیا۔ دونوں نے ذمہ داری کے ساتھ اسکور کو آگے بڑھایا اور پانچویں وکٹ کے لیے قیمتی شراکت قائم کی۔ اکشر پٹیل نے 38 گیندوں پر تین چوکوں کی مدد سے 31 رنز بنائے، جبکہ راہل نے صرف 31 گیندوں پر 38 رنز کی جارحانہ اننگز کھیلی، جس میں دو چوکے اور دو چھکے شامل تھے۔

اس کے بعد واشنگٹن سندر نے ساتویں نمبر پر کھیلتے ہوئے 10 گیندوں میں ایک چوکے کی مدد سے 10 رنز بنائے۔ آخر میں نتیش ریڈی نے شاندار انداز میں اننگز کا اختتام کیا۔ انہوں نے صرف 11 گیندوں پر دو چھکوں کی مدد سے 19 ناقابلِ شکست رنز بنائے، جس کی بدولت ہندوستانی ٹیم 26 اوورز میں 9 وکٹ کے نقصان پر 136 رنز تک پہنچی۔


آسٹریلیا کی جانب سے گیندبازی میں بہترین کارکردگی دیکھنے کو ملی۔ میتھیو کُونیمن، مچل اووین اور جوش ہیزل وُڈ نے دو دو وکٹیں حاصل کیں، جبکہ مچل اسٹارک اور نیتھن ایلس کے حصے میں ایک ایک وکٹ آئی۔ آسٹریلیا کے مجموعی طور پر چھ بولرز نے استعمال کیے گئے اور سبھی نے ٹیم کو ابتدائی برتری دلانے میں اہم کردار ادا کیا۔

ڈی ایل ایس (ڈکورتھ کوئس سٹرن) فارمولے کے مطابق آسٹریلیا کو 131 رنز کا ہدف دیا گیا ہے۔ دوسری اننگ کے آغاز میں میزبان ٹیم کو ٹریوس ہیڈ کے طور پر جھٹکا ضرور لگا، جو 8 رن بنا کر عرشدیپ سنگھ کا شکار بنے، تاہم اس کے بعد مچل اسٹارک اور میٹ شارٹ نے انڈین گیندبازوں کو موقع نہیں دیا۔ آخری اطلاع موصول ہونے تک آسٹریلیا نے 6 اوورز میں ایک وکٹ کے نقصان پر 38 رنز بنا لیے گئے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔