انڈر-19 ایشیا کپ میں ہندوستانی گیندباز راج لمبانی کا چلا جادو، 13 رن دے کر لیے 7 وکٹ

ہندوستانی تیز گیندباز راج لمبانی نے 9.1 اوورس میں محض 13 رن دے کر 7 وکٹ حاصل کیے، جس کا نتیجہ یہ ہوا کہ نیپال کی پوری ٹیم محض 52 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی، ہندوستان نے یہ میچ 10 وکٹ سے جیت لیا۔

<div class="paragraphs"><p>تصویر سوشل میڈیا</p></div>

تصویر سوشل میڈیا

user

تنویر

دبئی میں کھیلے جا رہے انڈر-19 ایشیا کپ میں آج ہندوستانی تیز گیندباز راج لمبانی نے نیپال کے بلے بازوں کو اپنی گیندبازی سے ایسا پریشان کیا کہ پوری ٹیم محض 52 رن بنا کر پویلین لوٹ گئی۔ راج نے 9.1 اوورس میں 3 میڈن کے ساتھ محض 13 رن دے کر 7 وکٹ حاصل کیے۔ اس جادوئی پرفارمنس کے لیے 18 سالہ راج کو پلیئر آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

آج نیپال کے خلاف ٹاس ہندوستانی کپتان اودے سہارن نے جیتا اور پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا۔ اس فیصلے کو راج لمبانی نے صحیح ثابت کرتے ہوئے نیپال کے 2 وکٹ محض 14 رن پر گرا دیے۔ پھر جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو رُکا ہی نہیں۔ 7 وکٹ راج کے حصے میں آئے اور 2 وکٹ آرادھیہ شکلا (9 اوورس میں 31 رن) و 1 وکٹ ارشن کلکرنی (2 اوورس میں 7 رن) کو ملے۔ نیپال کی پوری ٹیم 22.1 اوورس میں محض 52 رن بنا کر ہی آؤٹ ہو گئی۔


جب ہندوستان کی بلے بازی شروع ہوئی تو سلامی بلے باز ارشن کلکرنی نے طوفانی انداز اختیار کرتے ہوئے ایسا ظاہر کیا جیسے انھیں میچ ختم کرنے کی بہت جلدی ہے۔ ارشن نے 30 گیندوں پر 5 چھکوں اور 1 چوکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 43 رن بنا ڈالے۔ دوسری طرف کھڑے ان کے ساتھی آدرش سنگھ نے 13 گیندوں پر 2 چوکوں کی مدد سے ناٹ آؤٹ 13 رن بنائے۔ اس طرح ہندوستانی ٹیم یہ میچ 10 وکٹ سے جیت گئی۔ ہندوستان نے محض 7.1 اوورس میں ہی جیت کے لیے ضروری ہدف حاصل کر لیا۔ جب ٹیم کو جیت کے لیے محض 1 رن ضروری تھے تو ارشن نے چھکا لگا کر ٹیم کے سیمی فائنل کا راستہ ہموار کر دیا۔

واضح رہے کہ ہندوستان کی انڈر-19 ٹیم 3 میچ میں سے 2 جیت کر 4 پوائنٹ کے ساتھ سیمی فائنل میں داخل ہو گئی ہے۔ آج پاکستان اور افغانستان کے درمیان گروپ ’اے‘ کا آخری لیگ میچ کھیلا جا رہا ہے اور اگر پاکستانی ٹیم جیتتی ہے تو 6 پوائنٹس کے ساتھ وہ گروپ اے سے سیمی فائنل میں پہنچنے والی دوسری ٹیم بن جائے گی۔ افغانستان انڈر-19 ٹیم اگر یہ میچ جیتے گی تو پھر دونوں کے 4-4 پوائنٹس ہو جائیں گے اور بہتر رن ریٹ والی ٹیم سیمی فائنل میں جگہ بنائے گی۔ ہندوستان کا رَن ریٹ فی الحال دونوں ٹیموں سے بہتر ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔