پہلے وَنڈے میں راہل اور جڈیجہ نے آسٹریلیا کے منھ سے چھین لی جیت، ہندوستان 5 وکٹ سے فتحیاب

ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور یہ فیصلہ درست ثابت ہوا جب آسٹریلیا کی پوری ٹیم محض 188 رنوں پر سمٹ گئی۔

<div class="paragraphs"><p>کے ایل راہل</p></div>

کے ایل راہل

user

قومی آوازبیورو

ہندوستان اور آسٹریلیا کے درمیان تین وَنڈے میچوں کی سیریز کا پہلا میچ آج ممبئی کے وانکھیڑے اسٹیڈیم میں کھیلا گیا۔ نشیب و فراز سے بھرے اس میچ میں ہندوستان نے آسٹریلیا کو 5 وکٹ سے شکست دے کر سیریز میں 0-1 کی سبقت بنا لی ہے۔ اس جیت میں جہاں محمد شامی اور محمد سراج نے تین تین وکٹ لے کر آسٹریلیا کو بیک فٹ پر دھکیل دیا، وہیں جب ہندوستان کی بلے بازی لڑکھڑائی تو کے ایل راہل اور رویندر جڈیجہ نے بہترین بلے بازی کر آسٹریلیا کے منھ سے جیت چھین لی۔

ہندوستانی کپتان ہاردک پانڈیا نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کرنے کا فیصلہ کیا تھا اور آسٹریلیا کی پوری ٹیم کو محض 188 رنوں پر سمیٹ دیا۔ جب ہندوستانی ٹیم 189 رنوں کے ہدف کا پیچھا کرنے اتری تو ایک وقت 16 رن کے اسکور پر تین اہم وکٹ (ایشان کشن: 3 رن، وراٹ کوہلی: 4 رن، سوریہ کمار یادو: صفر) گر چکے تھے۔ اس کے بعد کے ایل راہل نے ایک سرا سنبھالا، لیکن جب ٹیم کا اسکور 39 رن تھا تو شبھمن گل (20 رن) بھی آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم مشکل میں نظر آ رہی تھی۔ ایسے میں راہل کا ساتھ دینے کے لیے میدان پر کپتان ہاردک پانڈیا آئے، جنھوں نے 31 گیندوں پر 25 رن کا بہترین تعاون کیا، لیکن اسٹوئنس کی ایک شارٹ پچ گیند پر باؤنڈری کے پاس کیچ آؤٹ ہو گئے۔ اس وقت ہندوستانی ٹیم کا اسکور 83 رن تھا۔ پھر جب رویندر جڈیجہ میدان پر آئے تو وہ راہل کے ساتھ ٹیم کو جیت دلانے کے بعد ہی پویلین لوٹے۔ راہل نے جہاں 91 گیندوں پر 75 رن بنائے، وہیں جڈیجہ نے 69 گیندوں میں 45 رنوں کا تعاون کیا۔ آسٹریلیا کی طرف سے مشیل اسٹارک کو تین وکٹ اور مارکس اسٹوئنس کو دو وکٹ حاصل ہوئے۔ ہندوستان نے محض 39.5 اوور میں ہی 5 وکٹ کے نقصان پر 191 رن بنا لیے۔


اس سے قبل آسٹریلیا جب بلے بازی کر رہی تھی تو اس کی شروعات بھلے ہی خراب رہی اور ٹریوس ہیڈ محض 5 رن بنا کر آؤٹ ہو گئے، لیکن پھر مشیل مارش اور اسٹیو اسمتھ کے درمیان اچھی شراکت داری ہوئی۔ اسمتھ جب 22 رن بنا کر آؤٹ ہوئے تو ٹیم کا اسکور 77 رن پہنچ چکا تھا۔ پھر زبردست بلے بازی کر رہے مشیل مارش آؤٹ ہوئے، اور یہی موقع تھا جب آسٹریلیا کی ٹیم لڑکھڑا گئی۔ مارش نے محض 65 گیندوں پر 81 رن بنائے، اور جب وہ آؤٹ ہوئے تو آسٹریلیا کا اسکور 129 رن تھا۔ اس کے بعد جو وکٹ گرنے کا سلسلہ شروع ہوا تو پوری ٹیم 188 رن پر سمٹ گئی۔ محمد شامی اور محمد سراج نے نچلے بلے بازوں کو سنبھلنے کا موقع نہیں دیا اور آسٹریلیائی ٹیم محض 35.4 اوور ہی کھیل سکی۔ رویندر جڈیجہ نے بھی دو وکٹ لیے اور ایک ایک وکٹ ہاردک پانڈیا اور کلدیپ یادو کے حصے میں آئے۔ رویندر جڈیجہ کو ان کی آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے مین آف دی میچ کا ایوارڈ دیا گیا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔