سری لنکا نے پاکستان کو پانچ وکٹوں سے دی شکست

اس میچ میں جیت سری لنکا کے لیے بے معنی ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہیں جو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔

تصویر آئی اے این ایس
تصویر آئی اے این ایس
user

یو این آئی

سری لنکا نے وینندو ہسرنگا کے تین وکٹ لینے کے بعد پاتھم نسانکا (55 ناٹ آؤٹ) کی نصف سنچری کی بدولت ایشیا کپ 2022 کے سپر 4 میچ میں جمعہ کو پاکستان کو پانچ وکٹوں سے شکست دے دی۔
داسن شناکا کی ٹیم نے پہلے پاکستان کو 121 رن پر آل آؤٹ کیا اور پھر 122 رن کا ہدف 17 اووروں میں حاصل کر لیا۔

ہسرانگا نے پاکستانی بلے بازوں کو اپنی اسپن میں پھنسایا، چار اووروں میں محض 21 رن دیے اور کپتان بابر اعظم سمیت تین بلے بازوں کو آؤٹ کیا۔ اس کے بعد پاتھم نسنکا نے 48 گیندوں پر پانچ چوکوں اور ایک چھکے کی مدد سے ناٹ آؤٹ 55 رن بنا کر اپنی ٹیم کو ہدف تک پہنچا دیا۔


تاہم اس میچ میں جیت سری لنکا کے لیے بے معنی ہے کیونکہ دونوں ٹیمیں ایشیا کپ کے فائنل میں پہنچ چکی ہیں جو اتوار کو دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ریلنکا نے ٹاس جیت کر پاکستان کو بیٹنگ کے لیے بلایا اور محمد رضوان (14) کو جو شاندار فارم میں تھے،جلد ہی پویلین لوٹا دیا ۔

تیسرے نمبر پر بیٹنگ کرتے ہوئے فخر زمان نے اپنی جدوجہد سے بھرپور اننگز میں 18 گیندوں پر 13 رنز بنائے اور رن ریٹ بڑھانے کی کوشش میں آؤٹ ہوگئے۔ بابر نے پاکستان کے لیے سب سے زیادہ 30 رنز بنائے، حالانکہ انھوں نے اس کے لیے 29 گیندیں کھیلی تھیں۔


11ویں اوور میں بابر کے آؤٹ ہونے کے بعد پاکستان کو وکٹوں کی جھڑی گئی اور اس نے اگلے نو اووروں میں سات وکٹ گنوا دیئے۔ اس دوران پاکستان نے صرف 53 رنوں کا اضافہ کیا جس میں محمد نواز نے 26 رن کا تعاون ادا کیا۔ نواز نے 18 گیندوں پر ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 26 رن بنا کر اپنی ٹیم کو 121 رن کے باعزت اسکور تک پہنچا دیا۔

ہسرنگا علاوہ مہیش ترکشنا نے چار اووروں میں 21 رن کے عوض دو وکٹ حاصل کئے جبکہ دھننجے ڈی سلوا اور چمیکا کو کرونارتنے کو ایک ایک وکٹ حاصل ہوا۔ ٹی 20 انٹرنیشنل ڈیبیو کرنے والے پرمود مدوشنکا نے محمد رضوان سمیت دو بلے بازوں کو آؤٹ کیا، حالانکہ وہ 2.1 اووروں میں 21 رن دے کر قدرے مہنگے ثابت ہوئے۔ پاکستان پورے 20 اوورز بھی نہ کھیل سکا اور 19.1 اوورز میں آل آؤٹ ہو گیا۔


122 رنز کے کم ہدف کا دفاع کرتے ہوئے پاکستان نے دوسری اننگز کا شاندار آغاز کیا اور پہلے دو اوورز میں دو وکٹ حاصل کئے۔ محمد حسنین نے کشال مینڈس کو جبکہ حارث رؤف نے دانشکا گن تلک کو صفر پر پویلین لوٹا دیا۔

دھننجے ڈی سلوا (09) کے گرنے کے بعد کریز پر آنے والے بھانوکا راجا پکسے نے دو چھکوں سمیت 19 گیندوں پر 24 رنز بنائے اور اوپنر پاتھم نسانکا کے ساتھ 51 رنز کی شراکت داری کرکے میچ سری لنکا کی گود میں ڈال دیا۔


اس کے علاوہ کپتان داسن شناکا نے 16 گیندوں میں ایک چوکے اور دو چھکوں کی مدد سے 21 رنز بنائے۔ ہسرنگا نے تین گیندوں میں 10 رنز بنائے اور ایک چوکا لگا کر اپنی ٹیم کو فتح دلائی۔ دبئی انٹرنیشنل اسٹیڈیم میں ہونے والے فائنل کے لیے پاکستان اور سری لنکا کی ٹیمیں اتوار کو ایک بار پھر آمنے سامنے ہوں گی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔