آئی سی سی عالمی کپ فائنل: ٹیم انڈیا 240 رن پر سمٹی، اب گیندبازوں کرنا ہوگا شاندار کارکردگی کا مظاہرہ

ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے ہندوستانی ٹیم آسٹریلیا کے خلاف 240 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ ٹیم انڈیا پہلی بار ٹورنامنٹ میں آل آؤٹ ہوئی تھی

<div class="paragraphs"><p>تصویر بشکریہ ایکس</p></div>

تصویر بشکریہ ایکس

user

قومی آوازبیورو

احمدآباد: روہت شرما کی کپتانی میں ہندوستانی ٹیم ورلڈ کپ 2023 کے فائنل میں پہلے بیٹنگ کرتے ہوئے 240 رنز پر آل آؤٹ ہو گئی۔ آسٹریلیائی گیند باز اننگز کے آغاز سے ہی ہندوستانی بلے بازوں پر حاوی نظر آئے۔ ہندوستان کے لیے کے ایل راہل نے 66 رنز کی سب سے بڑی اننگز کھیلی۔ اس کے علاوہ وراٹ کوہلی نے 54 رنز بنائے۔ اب اس کم ٹوٹل کا دفاع کرنے کے لیے ہندوستان کو وہی کارنامہ انجام دینا ہوگا جو کپل دیو کی ٹیم نے 1983 کے ورلڈ کپ فائنل میں 183 رنز کے ٹوٹل کا دفاع کرتے ہوئے کیا تھا۔

احمد آباد کے نریندر مودی اسٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ میں آسٹریلیا نے ٹاس جیت کر بولنگ کا فیصلہ کیا۔ پہلے بلے بازی کے لیے اترنے والی ہندوستانی ٹیم شروع سے ہی لڑکھڑاتی نظر آئی۔ تاہم، کپتان روہت شرما نے 151.61 کے اسٹرائیک ریٹ سے بیٹنگ کرتے ہوئے ٹیم کو 47 رنز کی اننگز کھیل کر آغاز فراہم کیا۔ ہندوستان نے 10 اوورز میں 2 وکٹوں کے نقصان پر 80 رنز بنائے تھے لیکن اس کے بعد ٹیم پر دھیرے دھیرے دباؤ آتا گیا، جس سے وہ باہر نہ آ سکی۔


فائنل میں پہلے بلے بازی کرنے آئی ٹیم انڈیا کی شروعات اچھی نہیں رہی۔ ہندوستان نے پہلا وکٹ 5ویں اوور میں ہی شبمن گل (4) کی صورت میں کھو دیا۔ اس کے بعد روہت شرما اور وراٹ کوہلی کے درمیان شراکت صرف 46 رنز (32 گیندوں) تک پہنچی تھی جب 10ویں اوور میں گلین میکسویل نے کپتان روہت شرما کو پویلین کی راہ دکھائی۔ طوفانی انداز میں کھیل رہے ہٹ مین 31 گیندوں میں 4 چوکوں اور 3 چھکوں کی مدد سے 47 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔

ہندوستانی ٹیم روہت شرما کی وکٹ سے سنبھل نہ سکی تھی کہ 11ویں اوور میں شریئس آئر 4 رنز کے ذاتی اسکور پر پویلین لوٹ گئے۔ ایئر کو پیٹ کمنز نے آؤٹ کیا۔ پھر وراٹ کوہلی اور کے ایل راہل نے چوتھی وکٹ کے لیے 67 رنز (109 گیندوں) کی شراکت داری کی۔ اس پھلتی پھولتی شراکت کو پیٹ کمنز نے 29 ویں میں وراٹ کوہلی کو بولڈ کرکے توڑا۔ کوہلی 4 چوکوں کی مدد سے 54 رنز بنانے کے بعد آؤٹ ہوئے۔ اس کے بعد چھٹے نمبر پر آنے والے رویندر جڈیجہ 36ویں اوور میں 9 رنز کے ذاتی اسکور پر ہیزل ووڈ کا شکار بن گئے۔


اس کے بعد اچھی اننگز کی جانب گامزن کے ایل راہل 42ویں اوور میں ایک چوکے کی مدد سے 66 رنز بنانے کے بعد پویلین لوٹ گئے۔ راہل کو مچل اسٹارک نے آؤٹ کیا۔ اس کے بعد 44ویں اوور میں محمد سمیع کو مچل اسٹارک نے 6 رنز پر آؤٹ کیا، 45ویں اوور میں ایڈم زیمپا نے بمراہ کو ایک رن پر آؤٹ کیا، 48ویں اوور میں ہیزل ووڈ نے 18 رنز پر سوریہ کمار کو جبکہ 50ویں اوور میں کلدیپ یادو 10 رنز بنا کر رن آؤٹ ہوئے۔

آسٹریلیا کی جانب سے بہت عمدہ باؤلنگ دیکھنے کو ملی۔ مچل اسٹارک نے 3 وکٹیں حاصل کیں اور 10 اوورز میں 55 رنز دیے۔ اس کے علاوہ کپتان پیٹ کمنز اور جوش ہیزل ووڈ نے 2-2 وکٹیں حاصل کیں۔ جبکہ گلین میکسویل اور ایڈم زیمپا کو 1-1 کامیابی حاصل ہوئی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔