کرکٹ عالمی کپ: پہلے مقابلے میں انگلینڈ کو شکست دینا جنوبی افریقہ کے لیے نہیں آسان

جب سے ٹریور بیلس نے انگلینڈ ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، اس کی تو جیسے قسمت ہی بدل گئی ہے۔ گزشتہ سالوں کا انگلینڈ کا ریکارڈ دیکھ کر کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ وہی ٹیم ہے جو پچھلے عالمی کپ میں تھی۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرکٹ عالمی کپ کی افتتاحی تقریب 29 مئی کو منعقد ہوئی اور 30 مئی یعنی آج پہلا مقابلہ میزبان انگلینڈ اور جنوبی افریقہ کے درمیان کھیلا جانا ہے۔ آئی سی سی عالمی کپ 2019 کا یہ پہلا میچ لندن کے ’دی اوول‘ میدان میں کھیلا جانا ہے اور اس کی تیاریاں مکمل ہو گئی ہیں۔ یہ عالمی کپ ان دونوں ہی ٹیموں کے لیے انتہائی خاص ہے کیونکہ ایان مورگن اور فیف ڈوپلیسی کی ٹیموں کو اپنے پہلے خطاب کی تلاش ہے۔ انگلینڈ اس وقت آئی سی سی رینکنگ میں ونڈے کی نمبر وَن ٹیم ہے جب کہ جنوبی افریقہ تیسرے مقام پر ہے۔ اس سے ظاہر ہے کہ دونوں ہی ٹیموں کے درمیان فرق بہت زیادہ نہیں ہے اور عالمی کپ کا پہلا ہی مقابلہ انتہائی دلچسپ ثابت ہونے والا ہے۔

ویسے جنوبی افریقہ کے لیے انگلینڈ کی اِن فارم ٹیم کو شکست دینا اتنا آسان نہیں ہے۔ سچ تو یہ ہے کہ جب سے آسٹریلیا کے ٹریور بیلس نے انگلینڈ ٹیم کے کوچ کی ذمہ داری سنبھالی ہے، اس کی تو جیسے قسمت ہی بدل گئی ہے۔ گزشتہ سالوں کا انگلینڈ کا ریکارڈ دیکھ کر کوئی نہیں کہہ سکتا کہ یہ وہی ٹیم ہے جو پچھلے عالمی کپ میں تھی۔ ٹیم نے گزشتہ سالوں میں جس طرح کی بلے بازی اور گیندبازی کا مظاہرہ کیا ہے وہ قابل تعریف ہے۔ خصوصاً بلے بازی میں انگلینڈ نے پوری مضبوطی کے ساتھ خود کو ثابت کیا ہے۔ مثلاً 2016 میں ٹرینٹ برج میں پاکستان کے خلاف تین وکٹ پر 444 رن کا اسکور کیسے بھلایا جا سکتا ہے۔ پھر گزشتہ سال آسٹریلیا کے خلاف ناٹنگھم میں انگلینڈ نے جس طرح سے 6 وکٹ پر 481 رن کا اسکور کھڑا کیا، وہ ونڈے کرکٹ کا سب سے بڑا اسکور ہے۔


اس مرتبہ عالمی کپ میں انگلینڈ خطاب کی مضبوط دعویدار کی شکل میں میدان پر اتر رہی ہے۔ اس نے گزشتہ 22 ونڈے سیریز میں 17 میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دلچسپ بات یہ ہے کہ اس نے گھر پر کھیلے گئے 16 میچوں میں سے 15 میں فتح حاصل کی ہے۔ ایک شکست اسے ہندوستان کے ہاتھوں ٹرینٹ برج میں ملی تھی۔ اگر جنوبی افریقہ کی بات کریں تو اس نے گزشتہ 21 ونڈے میچز میں سے 16 میں کامیابی حاصل کی۔ یہ ٹیم انگلینڈ کو زبردست ٹکر دینے کی صلاحیت رکھتی ہے، اس میں کوئی شبہ نہیں۔

بہر حال، جہاں تک عالمی کپ میں دونوں ٹیموں کی کارکردگی دیکھی جائے تو کافی دلچسپ نظارہ دیکھنے کو ملتا ہے۔ یہ دونوں ٹیمیں آپس میں 6 بار ٹکرائی ہیں اور دونوں نے ہی تین تین میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ اس کا سیدھا مطلب ہے کہ آج کھیلے جانے والے میچ میں جو جیتے گا، وہ کامیابی کی اس دوڑ میں آگے ہو جائے گا۔ ویسے انگلینڈ نے ابھی تک سبھی عالمی کپ کھیلا ہے وہ تین بار رَنر اَپ رہی ہے جب کہ دو بار سیمی فائنل میں پہنچی۔ جنوبی افریقہ نے 1992 کے عالمی کپ میں ڈیبو کیا اور سیمی فائنل میں جگہ بنا کر سب کو حیران کر دیا۔ وہ اب تک پانچ بار سیمی فائنل میں پہنچی ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔