عالمی کپ: خوشخبری! 20 سال قبل بھی ریزرو ڈے میں گیا تھا کھیل، ہندوستان کی ہوئی تھی فتح

1999 عالمی کپ میں ہندوستان-انگلینڈ کا میچ ریزرو ڈے میں گیا تھا اور ہندوستان نے اس میچ میں 63 رنوں سے فتح حاصل کی تھی۔ مین آف دی میچ کا ایوارڈ آل راؤنڈ کارکردگی کے لیے سورو گانگولی کو دیا گیا تھا۔

Getty Images
Getty Images
user

قومی آوازبیورو

کرکٹ عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان میچ ابھی بارش کی وجہ سے ادھورا ہے۔ 9 جولائی کو نیوزی لینڈ کی ٹیم 46.1 اوور ہی کھیل سکی تھی جب بارش شروع ہو گئی۔ اس کے بعد کل یعنی 9 جولائی کو میچ ایک بار بھی شروع نہیں ہو سکا۔ اب یہ میچ ریزرو ڈے یعنی آج 10 جولائی (بدھ) کو کھیلا جائے گا۔ یہاں قابل غور یہ ہے کہ عالمی کپ کی تاریخ میں پہلے بھی ہندوستانی ٹیم کا میچ خراب موسم کی وجہ سے ریزرو ڈے میں جا چکا ہے، اور ہندوستانی کرکٹ شیدائیوں کے لیے خوشخبری یہ ہے کہ اس میچ میں ہندوستان نے فتحیابی حاصل کی تھی، اس لیے وہ آج بھی ہندوستانی ٹیم سے اچھی کارکردگی کا بھروسہ کر سکتے ہیں۔

دراصل 1999 کے عالمی کپ میں ہندوستان اور انگلینڈ کے درمیان لیگ میچ کھیلا گیا تھا جس میں انگلینڈ نے ٹاس جیت کر پہلے گیندبازی کا فیصلہ کیا تھا۔ برمنگھم کے ایجبسٹن میں کھیلے گئے اس میچ میں ہندوستان نے 50 اوورس میں 8 وکٹ کے نقصان پر 232 رن بنائے تھے۔ ہندوستان کی طرف سے راہل دراوڑ نے 53 رن اور سورو گانگولی نے 40 رن بنائے تھے۔ اس کے بعد جب انگلینڈ کی ٹیم بلے بازی کرنے اتری تو 20.3 اوور میں 3 وکٹ کے نقصان پر 73 رن ہی بنا سکی تھی جب آندھی اور طوفان کی وجہ سے میچ کو وہیں پر روکنا پڑا۔


خراب موسم کی وجہ سے یہ میچ اگلے دن ریزرو ڈے میں آگے بڑھایا گیا۔ اس کے بعد انگلینڈ کی پوری ٹیم 45.2 اوور میں 169 رن بنا کر آؤٹ ہو گئی۔ ہندوستان کو 63 رنوں سے جیت ملی اور سورو گانگولی کو ان کی بہترین گیندبازی اور بلے بازی کے لیے مین آف دی میچ قرار دیا گیا۔ انھوں نے 8 اوور میں 27 رن دے کر 3 وکٹ لیے تھے۔

اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستانی شیدائیوں کے لیے یہ اچھی خبر ہے کہ عالمی کپ کی تاریخ میں ہندوستان نے ریزرو ڈے پر جو میچ کھیلا اس میں کامیابی حاصل ہوئی۔ نیوزی لینڈ کے خلاف میچ میں بھی ہندوستان سے بہتر کارکردگی کی امید کی جا رہی ہے۔ ویسے بھی ہندوستانی ٹیم کافی مضبوط ہے اور نیوزی لینڈ نے 46.1 اوور میں 5 وکٹ کے نقصان پر محض 211 رن بنائے ہیں۔ روہت شرما، وراٹ کوہلی، کے ایل راہل اور ہندوستان کے دیگر بلے بازوں کے فارم کو دیکھتے ہوئے اس طرح کا اسکور بنانا کوئی مشکل کام نہیں لگ رہا۔ لیکن سب سے بڑی بات یہ ہے کہ آج میچ صحیح طریقے سے آگے بڑھ سکے۔ چونکہ مانچسٹر میں موسم اب بھی خراب ہے اور بارش کے امکانات بھی کافی ہیں، اس لیے یہ خدشہ بھی ظاہر کیا جا رہا ہے کہ میچ مکمل کرنا بہت مشکل ہے۔


بہر حال، اگر میچ مکمل نہیں ہوتا ہے تو ہندوستان کے لیے کسی طرح کی پریشانی نہیں ہوگی کیونکہ وہ لیگ میچوں کے بعد پوائنٹس ٹیبل میں سب سے اوپر ہے اور وہ بہ آسانی فائنل میں پہنچ جائے گی۔ لیکن اوور کم کر کے ڈی ایل ایس نظام کے تحت ہندوستان کو کوئی ہدف دیا جاتا ہے تو یہ مشکل ہو سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ 20 اوورس کا میچ ہونے پر ہندوستان کو 148 رن کا ہدف ملے گا۔ حالانکہ ٹی-20 فارمیٹ کے حساب سے تیز کھیل کر ہندوستانی ٹیم یہ ہدف بھی حاصل کر سکتی ہے، لیکن 50 اوورس کے میچ میں اگر ہندوستان کو 250 رن تک بنانے کا ہدف ملے تو یہ زیادہ آسان ہوگا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔