کرکٹ عالمی کپ: ہندوستان اور نیوزی لینڈ کے کن کھلاڑیوں کو آج مل سکتا ہے موقع!

ایک طرف جہاں ہندوستانی ٹیم اپنے تین تیز گیندبازوں کے ساتھ میدان میں اتر سکتی ہے وہیں نیوزی لینڈ ٹیم اسپن گیندباز مشیل سینٹنر کے ساتھ ایش سوڈھی کو بھی موقع دینے پر غور کر رہی ہے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

کرکٹ عالمی کپ کے پہلے سیمی فائنل میں ہندوستان اور نیوزی لینڈ ایک دوسرے سے مقابلہ کے لیے بالکل تیار ہیں، لیکن دونوں ہی ٹیموں کے ان گیارہ کھلاڑیوں کا اعلان ٹاس کے پہلے ہوگا جو میدان پر نظر آئیں گے۔ اس بات کو لے کر لوگوں میں بہت تجسّس ہے کہ آخر ہندوستان اپنے کن گیارہ کھلاڑیوں کے ساتھ میدان میں اترے گا کیونکہ جن کھلاڑیوں کو بھی گزشتہ میچوں میں موقع دیا گیا، انھوں نے اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے۔ نیوزی لینڈ کو بھی گیارہ کھلاڑیوں کے انتخاب میں کافی غور و خوض کرنا پڑ رہا ہوگا کیونکہ فرگوسن فٹ ہو چکے ہیں اور اب وہ یا تو لیگ اسپنر ایش سوڈھی کو میچ میں کھلانا پسند کرے گا یا پھر ہنری کو جگہ دے گا۔

جہاں تک ہندوستانی ٹیم کا سوال ہے تو وارم اَپ میچ میں رویندر جڈیجہ نے نیوزی لینڈ کے سامنے اس وقت بہترین بلے بازی کی تھی جب دیگر بلے باز پریشان ہو رہے تھے۔ سری لنکا کے خلاف آخری لیگ میچ میں بھی جب جڈیجہ کو موقع دیا گیا تو انھوں نے بہترین کھیل کا مظاہرہ کیا تھا۔ اس لیے پورا امکان ہے کہ انھیں ٹیم میں شامل کیا جائے گا۔ اگر ایسا ہوا تو کلدیپ یادو کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ ایسا اس لیے کیونکہ ہندوستان اپنے تینوں فاسٹ گیندبازوں بمراہ، بھونیشور اور شامی کے ساتھ اتر سکتا ہے۔ اسپن میں چہل کا ساتھ جڈیجہ تو دیں گے ہی، اس لیے کلدیپ کے باہر بیٹھنے کا امکان زیادہ ہے۔


ہندوستان کی بلے بازی مضبوط ضرور ہے لیکن وجے شنکر کے باہر ہونے کے بعد دنیش کارتک نے موقع کا فائدہ نہیں اٹھایا۔ اس لیے ممکن ہے کہ مینک اگروال کو ٹیم میں شامل کیا جائے۔ لیکن چونکہ دنیش کارتک ہندوستان کے لیے کئی بار بہترین پاریاں کھیل چکے ہیں تو زیادہ امید یہی ہے کہ انھیں نیوزی لینڈ کے خلاف موقع دیا جائے گا۔ اس طرح دیکھا جائے تو ہندوستانی ٹیم کچھ اس طرح رہے گی...

وراٹ کوہلی (کپتان)، روہت شرما، لوکیش راہل،مہندر سنگھ دھونی، دنیش کارتک، ہاردک پانڈیا، رویندر جڈیجہ، یجویندر چہل، جسپریت بمراہ، محمد شامی اور بھونیشور کمار ۔


نیوزی لینڈ کی ٹیم کو دیکھا جائے تو ان کے پاس مضبوط گیندبازی لائن اَپ ہے۔ ٹرینٹ بولٹ اور ٹم ساؤتھی نے کئی بار ہندوستان کے خلاف اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کیا ہے اور اب تو زخمی لاکی فرگوسن بھی فٹ ہو چکے ہیں۔ فرگوسن نے عالمی کپ کے اب تک کے میچوں میں اپنی گیندبازی سے کافی متاثر بھی کیا ہے۔ اس تکڑی کا سامنا کرنا ہندوستانی بلے بازوں کے لیے بہت آسان نہیں ہوگا۔ اسپنر کے شعبے میں نیوزی لینڈ ٹیم کچھ کمزور نظر آ رہی ہے اس لیے ایش سوڈھی کو ہندوستان کے خلاف اتارے جانے کی امید ہے۔ میڈیا میں بھی یہ خبریں آ رہی ہیں کہ نیوزی لینڈ کی ٹیم دو اسپنروں کے ساتھ اتر سکتی ہے۔ گویا کہ سینٹنر اور ایش سوڈھی دونوں ٹیم کا حصہ ہو سکتے ہیں اور ایسی صورت میں ہنری کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ ایک نام نیوزی لینڈ کی ٹیم میں جیمس نیشم کا ہے جو اچھا کھیل رہے ہیں۔ جیمس نیشم اگر کھیلتے ہیں تو ٹم ساؤتھی کو باہر بیٹھنا پڑ سکتا ہے۔ ہندوستان کے خلاف میدان میں اترنے والے ممکنہ گیارہ کھلاڑی اس طرح ہیں...

کین ولیمسن (کپتان)، مارٹن گپٹل، کولن منرو، راس ٹیلر، کولن ڈی گرینڈہوم، ٹام لیتھم، ٹرینٹ بولٹ، جیمس نیشم، لوکی فرگوسن، مشیل سینٹنر اور ایش سوڈھی۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔