بی سی سی آئی کی درخواست مسترد، دھونی کو اتارنا ہوگا ’بلیدان بیج‘

بی سی سی آئی کی لچیلاپن دکھانے کی درخواست کو آئی سی سی نے مسترد کر دیا ہے لہٰذا اب دھونی کو دستانوں پر ’بلیدان بیج‘ (قربانی بیج) کو ڈھک کر کھیلنا ہوگا۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

یو این آئی

ممبئی، لندن: مہیندر سنگھ دھونی کے دستانوں پر ہندوستانی فوج کے ’قربانی بیج‘ کے سلسلے میں اٹھنے والے غیر ضروری تنازعہ میں بھارتیہ کرکٹ کنٹرول بورڈ (بی سی سی آئی) کی لچیلاپن دکھانے کی درخواست کو آئی سی سی نے مسترد کر دیا ہے لہٰذا اب دھونی کو دستانوں پر ’بلیدان بیج‘ (قربانی بیج) کو ڈھک کر کھیلنا ہوگا۔

بی سی سی آئی نے اپنے وکٹ کیپر اور بلے باز دھونی کی حمایت کی تھی لیکن ساتھ ہی میں یہ بھی کہا کہ وہ اس معاملے میں آئی سی سی کے ضابطوں پر عمل درآمد کرے گا۔ بی سی سی آئی نے دستانوں پر ہندوستانی فوج کے ’قربانی بیج‘ کے سلسلے میں آئی سی سی سے لچیلاپن دکھانے کی درخواست کی تھی لیکن آئی سی سی نے بی سی سی آئی کی درخواست کو سرے سے خارج کرتے ہوئے مسترد کر دیا۔آئی سی سی نے بی سی سی آئی کو ایل میل کے ذریعے کہا ہے کہ دھونی اس علامت کے ساتھ دستانوں کو نہیں پہن سکتے۔


قبل ازیں، بی سی سی آئی کے منتظمین کی کمیٹی (سی او اے) کے صدر ونود رائے نے کہا، ’’ہم کھیل کو آئی سی سی کے ضابطے اور جذبے کے مطابق کھیلیں گے۔ اگر خصوصی ضابطوں پر عمل درآمد کی بات ہے تو ہمیں یہ کرنا ہوگا۔ اگر ضابطےمیں کوئی لچیلاپن موجود ہے تو ہم آئی سی سی سے اجازت طلب کریں گے کہ وہ دھونی کو اپنے انہی دستانوں کے ساتھ کھیلنے کی اجازت دے۔‘‘

آئی سی سی کے اعتراض کے بعد یہ معاملہ اتنا طول پکڑ گیا کہ کھیل کے مرکزی وزیر کرن رجیجو کو بھی اس معاملے میں دخل دینا پڑ گیا اور انہوں نے بورڈ سے اس معاملے میں مناسب اقدام کرنے کی اپیل کی۔ دھونی کے ’بلیدان بیج‘ والے دستانے پر عالمی اداروں نے اعتراض کیا تھا جس کے بعد یہ تنازعہ پیدا ہوا۔


قابل ذکر ہے کہ عالمی کپ میں ہندوستان کے پہلے مقابلے میں دھونی جنوبی افریقہ کے خلاف دستانوں پر انڈین پیرا اسپیشل فورس کی علامت کے ساتھ کھیل رہے تھے۔ دھونی کے دستانوں پر قربانی برگیڈ کا نشان ہے۔محض پیرا ملیٹری کمانڈو کو ہی یہ علامت استعمال کرنے کا حق حاصل ہے۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔