آئی سی سی نے خاتون عالمی کپ کرکٹ کا شیڈول جاری کیا، 5 اکتوبر کو ہندوستان اور پاکستان کا ہوگا مقابلہ
ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے سبھی میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ 5 اکتوبر کو ہندوستانی ٹیم کولمبو کے پریمداسا اسٹیڈیم میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔

انٹرنیشنل کرکٹ کونسل (آئی سی سی) نے خاتون یک روزہ کرکٹ عالمی کپ 2025 کے لیے آج شیڈول کا اعلان کر دیا۔ اس ٹورنامنٹ کا انعقاد ہندوستان اور سری لنکا کی میزبانی میں ہوگا۔ 30 ستمبر کو عالمی کپ کی شروعات بنگلورو میں ہندوستان اور سری لنکا کے درمیان میچ کے ساتھ ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 5 اکتوبر کو ہندوستان کا مقابلہ پاکستان سے کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ ہندوستان میں 2013 کے بعد پہلی مرتبہ خاتون عالمی کپ کا انعقاد ہونے جا رہا ہے، جس میں 8 ٹیمیں حصہ لے رہی ہیں۔ اسٹورنامنٹ کا فائنل مقابلہ 2 نومبر کو کھیلا جائے گا۔ خاص بات یہ ہے کہ پاکستان کے سبھی میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔
دراصل ہندوستان اور پاکستان کے درمیان کشیدگی کو دیکھتے ہوئے پاکستان کے سبھی میچ سری لنکا میں کھیلے جائیں گے۔ 5 اکتوبر کو ہندوستانی ٹیم کولمبو کے آر پریمداسا اسٹیڈیم میں پاکستان کا سامنا کرے گی۔ بی سی سی آئی اور پی سی بی کے درمیان ہائبرڈ ماڈل پر سمجھوتہ کے مطابق عالمی کپ کے دوران پاکستان اپنے سبھی میچ کولمبو میں کھیلے گا۔ اس سال کی شروعات میں ہندوستان نے چمپئن ٹرافی کے سبھی میچ پاکستان میں نہ کھیل کر دبئی میں کھیلا تھا۔ اس کے جواب میں پی سی بی نے کہا تھا کہ پاکستان مستقبل قریب میں کوئی بھی میچ ہندوستان میں نہیں کھیلے گا۔
بہرحال، موجودہ چمپئن آسٹریلیائی ٹیم اپنی مہم کی شروعات یکم اکتوبر کو کرے گی۔ وہ اپنا پہلا میچ اندور کے ہولکر اسٹیڈیم میں نیوزی لینڈ کے ساتھ کھیلے گی۔ اس کا اگلا مقابلہ 8 اکتوبر کو کولمبو میں پاکستان سے ہوگا۔ آسٹریلیا اور انگلینڈ کے درمیان اہم مقابلہ 22 اکتوبر کو اندور میں ہوگا۔ اس ٹورنامنٹ میں 28 لیگ میچ کھیلے جائیں گے، اس کے بعد 3 ناک آؤٹ مقابلے ہوں گے۔
عالمی کپ میں ہندوستانی ٹیم کے میچ ہندوستان کے بنگلورو، اندور، گواہاٹی، وشاکھاپٹنم اور سری لنکا کے کولمبو میں کھیلے جائیں گے۔ پہلا سیمی فائنل مقابلہ 29 اکتوبر کو گواہاٹی یا کولمبو میں ہوگا، جبکہ دوسرا سیمی فائنل 30 اکتوبر کو بنگلورو میں کھیلا جائے گا۔ فائنل 2 نومبر کو بنگلورو یا کولمبو میں کھیلا جائے گا۔ اگر پاکستان کی خاتون ٹیم سیمی فائنل اور فائنل میں پہنچتی ہے تو ان میچوں کا انعقاد کولمبو میں کیا جائے گا۔
Follow us: Facebook, Twitter, Google News
قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔