انگلینڈ کو ’ورلڈ چمپئن‘ بنانے والے جوفرا آرچر کے بھائی کا قتل، ماری گئیں 8 گولیاں

انگلینڈ کو فاتح بنانے والے جوفرا آرچر کے بھائی کا کچھ بدمعاشوں نے گولی مار کر قتل کر دیا۔ بارباڈوس میں جوفرا کے بھائی بلیک مین کے ساتھ یہ حادثہ اس وقت ہوا جب جوفرا عالمی کپ میں پہلا میچ کھیل رہے تھے۔

تصویر سوشل میڈیا
تصویر سوشل میڈیا
user

قومی آوازبیورو

انگلینڈ کو کرکٹ عالمی کپ میں چمپئن بنانے والے جوفرا آرچر کے بھائی بلیک مین کا گزشتہ دنوں بارباڈوس میں گولی مار کر قتل کر دیا گیا اور اب یہ خبر جوفرا کے چاہنے والوں کو صدمہ پہنچا رہی ہے۔ دراصل جوفرا کے بھائی ایشنٹیو بلیک مین محض 24 سال کے تھے اور جس دن انگلینڈ نے عالمی کپ میں اپنا پہلا میچ کھیلا تھا، اسی دن انھیں گھر کے باہر کچھ بدمعاشوں نے گولی مار دی۔

ذرائع کے مطابق اس واقعہ کی خبر ملنے کے بعد جوفرا آرچر صدمے میں چلے گئے تھے۔ اس بات کی تصدیق ان کے والد نے بھی کی ہے۔ آرچر کے والد فرینک نے میڈیا سے بات چیت میں کہا کہ ’’آرچر کا بھائی ان کا ہم عمر تھا، وہ کافی قریب تھے۔ اس کی موت کی خبر سننے کے بعد جوفرا صدمے میں چلے گئے تھے لیکن انھوں نے کھیلنا جاری رکھا۔‘‘


خبروں کے مطابق جوفرا کے بھائی بلیک مین کا قتل 31 مئی کو ان کے گھر کے باہر ہی کر دیا گیا تھا۔ اس وقت جوفرا آرچر عالمی کپ میں اپنا پہلا مقابلہ کھیل رہے تھے۔ بدمعاشوں نے اس واقعہ کو اس وقت انجام دیا تھا جب وہ اپنے گھر سے باہر بیٹھے ہوئے تھے۔ حملہ آوروں نے ان کی کار پر گولی باری کی جس میں ان کی موت ہو گئی۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق بلیک مین پر 8 گولیاں داغی گئیں۔ جس وقت یہ واقعہ پیش آیا اس وقت بلیک مین کی گرل فرینڈ اور اس کا چار سال کا بچہ گھر کے اندر تھے۔

غور طلب ہے کہ جوفرا نے اپنی ٹیم کی طرف سے ٹورنامنٹ میں سب سے بہترین گیندبازی بھی کی ہے۔ انھوں نے عالمی کپ کے 11 میچوں میں کل 20 وکٹ لیے ہیں۔ اتنا ہی نہیں، جوفرا عالمی کپ کے ایک سیزن میں انگلینڈ کی جانب سے سب سے زیادہ وکٹ لینے والے گیندباز بھی بنے۔ انگلینڈ کے چمپئن بننے میں جوفرا کا کردار انتہائی اہمیت کا حامل رہا۔

Follow us: Facebook, Twitter, Google News

قومی آواز اب ٹیلی گرام پر بھی دستیاب ہے۔ ہمارے چینل (qaumiawaz@) کو جوائن کرنے کے لئے یہاں کلک کریں اور تازہ ترین خبروں سے اپ ڈیٹ رہیں۔


Published: 17 Jul 2019, 1:10 PM
/* */